Saturday, 17 May 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Bharti Camedia

Bharti Camedia

بھارتی کامیڈیا

جنگ کے ماحول میں سوشل میڈیا دیکھنا ایک دلچسپ تجربہ ہے۔ سب کے لیے نہیں، صرف ان لوگوں کے لیے جو غیر جذباتی ہوکر معاملات کو دیکھنے کے قابل ہیں۔ مجھے ایک ایڈوانٹیج یہ ہے کہ ملک سے دور ہونے کی وجہ سے رو میں بہکنے کا امکان کم ہے۔

خیر، میں پاکستان میں اور میڈیا کا حصہ ہوتے ہوئے بھی دماغ کو قابو میں رکھتا تھا۔ صحافی اگر جذباتی ہوجائے تو وہی لطیفے بنتے ہیں جیسے انڈین میڈیا پر بن رہے ہیں۔ عثمان جامعی نے کیا خوب لفظ ایجاد کیا ہے، بھارتی کامیڈیا۔

سرحد کے دونوں طرف جذبات کا طوفان ہے۔ پینسٹھ اور اکہتر کی جنگیں ہمارے پیدا ہونے سے پہلے ہوچکی تھیں۔ کارگل کی جنگ یاد ہے، میں تب روزنامہ ایکسپریس میں تھا۔ ان دنوں کرکٹ ورلڈکپ بھی چل رہا تھا۔ لیکن سوشل میڈیا نہیں تھا۔ بلکہ پاکستان میں پرائیویٹ نیوز چینل بھی شروع نہیں ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا نے ہمیں ایک دوسرے کے ذہن پڑھنے کا موقع دیا ہے۔ کچھ لوگ ہیں جو سنجیدہ پوسٹس پر خفا ہورہے ہیں۔ کچھ لوگ ہیں جو غیر سنجیدہ پوسٹس پر ناراض ہوجاتے ہیں۔ قوم کو دکھی ہونے اور طنز کرنے کا بہانہ چاہیے۔ جیسے آپ ولی اللہ ہیں اور وحی کے بغیر کچھ نہیں کررہے۔ دوسروں کو اسپیس دینا چاہیے۔ یوتھ مت والوں کو بھی کرنے دیں۔ کسی کے اچھلنے کودنے یا الٹے لٹکنے سے جنگ میں ہار جیت نہیں ہوتی۔ بھڑاس نکل جائے تو دماغ ٹھکانے پر واپس آجاتا ہے۔

جذباتی دوست کہہ رہے ہیں کہ یہ وقت متحد ہونے کا ہے۔ فوج کا ساتھ دیں۔ قوم کا حوصلہ بڑھائیں۔ یہ سب باتیں اس وقت تک کی جاتی ہیں جب تک سچی جھوٹی خبروں میں اپنا بابا اوپر رہتا ہے۔ ذرا سا نقصان ہوا نہیں کہ یہی لوگ الٹے پیر پھر کے اپنی فوج کا گھنٹا بجادیں گے۔

کرکٹ میچ دیکھتے ہوئے یہی ہوتا ہے۔ پاکستان جیت رہا ہو تو قصیدے چل رہے ہوتے ہیں۔ چار بیٹسمین آوٹ ہوجائیں تو لتر پولا شروع کردیا جاتا ہے۔

آپ کہیں گے جنگ اور کرکٹ میچ میں فرق ہوتا ہے۔ میدان میں پرفارم کرنے والوں کے لیے ہوتا ہے۔ گھر بیٹھ کر ٹی وی دیکھنے والوں کے لیے نہیں۔ پرستار اور شائقین جذباتی ہی رہتے ہیں۔ اکہتر کی جنگ میں ناکامی ہوئی تھی۔ آج تک جنرل نیازی کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ خدانخواستہ اپنے ایک دو جہاز گر گئے یا کسی چوکی سے پیچھے ہٹنا پڑگیا تو یہی باولے کچا چبا جائیں گے۔

سرحد کے دونوں جانب جوش کم کرنے کی ضرورت ہے۔ جذباتی حمایتی فرینکنسٹائن ہوتے ہیں۔

Check Also

Al Ayyala, Raqs e Fatah o Fakhar Aur Ghalat Fehmi Ka Shikar Saqafti Mazhar

By Toqeer Bhumla