Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mazhar Khokhar
  4. Aik Aur Bohran

Aik Aur Bohran

ایک اور بحران

اگر کئی روز گزرنے کے بعد حکومت کی بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں کوئی نیا بحران جنم نہ لے تو ایک لمحے کو ایسا لگتا ہے کہ کہیں ملک میں حکومت تبدیل تو نہیں ہوگئی یوں تو آئے روز کوئی نیا بحران ہماری روایت اور سیاسی کلچر کا حصہ بن چکا ہے ہر دور اور ہر حکومت میں نت نئے بحرانوں کا پیدا ہونا ایک عام سی بات ہے کبھی ایک بحران کبھی ایک بحران کے خاتمے کے لیے دوسرا بحران مگر موجودہ دور حکومت میں پے در پے بحران دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے حکومت خود کوئی بحران ہے یا بحرانوں کی ماں ہے جو ہر چند روز بعد ایک نئے بحران کو جنم دیتی ہے ۔

موجودہ حکومت کی تین سالوں کی سب سے بڑی کارکردگی یہ ہے کہ کہ اس نے بحرانوں میں سابقہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے کبھی بجلی کا بحران، کبھی گیس کا بحران، کبھی پیٹرول کا بحران، کبھی آٹے کا بحران، کبھی گندم کا بحران، کبھی چینی کا بحران، کبھی سیاسی بحران، کبھی قانونی بحران، کبھی مذہبی بحران، کبھی سماجی بحران، کبھی اخلاقی بحران، کبھی تقرریوں کا بحران، کبھی تبادلوں کا بحران اور آج کل ہے کھاد کا بحران جو خاص طور پر پنجاب اور سرائیکی وسیب میں کاشتکاروں کے لیے شدید تکلیف اور تذلیل کا باعث بنا ہوا ہے۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے بلکہ زراعت وطن عزیز کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ملک کی 80 فیصد آبادی بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر زراعت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ملک کے لیے زراعت کی اہمیت اور کسانوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے رہتے ہیں اس کے لیے انھوں نے کسان پورٹل کا اجراء بھی کیا ، جبکہ چند ماہ قبل ملتان میں کسان کارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ملک کا کسان مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا اور جب کسانوں کی فصلیں خراب ہوتی ہیں تو کسانوں کے حالات خراب ہوتے ہیں اور جب کسانوں کے حالات خراب ہوتے ہیں تو پورے ملک کے حالات خراب ہو جاتے ہیں کسان کارڈ کے زریعے ہم کسانوں کو قرضے دیں گے انھوں نے مزید کہا کہ زراعت کے شعبے کی میں خود نگرانی کروں گا تاکہ کاشتکاروں کا کوئی استحصال نہ کر سکے۔

نہیں معلوم وزیر اعظم شعبہ زراعت کی نگرانی کر رہے ہیں یا ان کا یہ بیان اور اعلان بھی محض انتخابی مہم کے وعدوں اور اعلانات کی طرح تھا مگر صورتحال انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے ایسا لگتا ہے زراعت کا کوئی ولی وارث نہیں کھاد بیج سے لیکر زرعی ادویات تک مڈل مین شوگر مافیا تک اور آڑتھیوں سے محکمہ فوڈ تک ہر جگہ کاشتکاروں کا استحصال اور لوٹ مار ہوتی ہے اور آج کاشتکار کھاد مافیا کے رحم و کرم پر ہے جو دونوں ہاتھوں سے کاشتکاروں کو لوٹ بھی رہا ہے اور اس کی تذلیل بھی کر رہا ہے کیونکہ حکومت نے یوریا کھاد کی قیمتیں تو کم کیں مگر اس کو مارکیٹ میں لانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے یہی وجہ کسان بلیک میں کھاد خریدنے پر مجبور ہیں مگر یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ آج کھاد کا بحران کل گندم کے بحران کا سبب بھی بن سکتا ہے کیونکہ جب پورے ملک کا انحصار گندم کی فصل پر ہو تو ایسے میں تصور کیجئے کہ اس کے بحران کے کیا نتائج نکل سکتے ہیں یہ ایک حقیقت ہے کہ باقی تمام بحرانوں سے نمٹنا تو شاید آسان ہو مگر گندم کا بحران تو سانس لینے جوگا بھی نہیں چھوڑے گا مگر افسوس کسی کو بھی اس کا احساس نہیں۔

زراعت اور اس سے وابستہ لوگ آج جس زبوں حالی کا شکار ہیں اور کاشتکاروں کو جس ذلالت کا سامنا ہے اس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ پاکستان کی اہم ترین فصل گندم کی کاشت جاری ہے مگر اس کی کاشت اور پہلے پانی کے ساتھ استعمال ہونے ولی یوریا کھاد اس وقت پورے پنجاب اور خاص طور پر جنوبی پنجاب سے غائب ہے اور حکومت وقت اس کا نوٹس بھی لے چکی ہے جس کے بعد عام طور پر نوٹس لیے جانے والی چیز کا ہوتا ہے اب حکومت کی بہترین زرعی پالیسی کے نتیجے میں کاشتکاروں کو سرکاری نرخ پر یوریا کھاد خریدنے کے لیے گھنٹوں لائن میں کھڑا ہونا پڑتا ہے تب جا کر ایک شناختی کارڈ پر کھاد کا ایک بیگ ملتا ہے مگر قابل تشویش پہلو یہ ہے کہ ایک ایکڑ میں ایک بیگ کھاد کی ضرورت ہوتی ہے ایسے میں جس کاشتکار نے 5 یا 7 ایکڑ پر گندم کاشت کی ہو اسے تو کئی کئی دن تک لائن میں لگنا پڑے گا جبکہ یہی کھاد بلیک میں 2300 سے 25 سو روپے تک باآسانی دستیاب ہے۔

یعنی ڈیلرز عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں مگر حکومت کسانوں کو لائنوں میں ذلیل کروا کر یہ احسان کر رہی ہے کہ کسانوں کو سستی کھاد فراہم کی جارہی ہے ایسی صورتحال میں جب فصلوں کو بروقت پانی اور کھاد نہیں ملے گی تو آخر ہم کس طرح بہتر پیداوار کی توقع رکھ سکتے ہیں قابل غور پہلو یہ بھی ہے کہ گزشتہ سال ملک میں گندم کی بہترین پیداوار ہوئی تھی مگر اس کے باوجود ملک میں گندم اور آٹے کے بحران کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس وقت تک لوگ آٹے کے لیے ذلیل ہورہے ہیں ایسے میں اگر کھاد کا بحران اسی طرح برقرار رہا تو اس بات کا خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے اگر خدانخواستہ ایسا ہوتا ہے تو ہمیں گندم اور آٹے کے بحران کے لیے تیار رہنا چاہئے۔

ایسی صورتحال میں کسان پورٹل، کسان کارڈ اور کھاد کی قیمتیں کم کرنے کی قطعاً کوئی اہمیت نہیں اگر آج گندم کی کاشت کے وقت کسانوں کو بروقت اور ضرورت کے مطابق کھاد نہ مل سکی ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت محض اعلانات اور بیانات سے باہر نکلے اور عملی طور پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرے اور کاشتکاروں کو کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائے ورنہ آج کسان کو ایک ایک تھیلے کے لیے گھنٹوں قطار میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے اور آنے والے کل ہر شخص گندم اور آٹے کے کے قطار میں کھڑا ہوگا اور حکمران باہر نکلنے کے قابل بھی نہیں ہونگے حکمرانوں کی اپنی کسان کش پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے کیا یہ ضروری ہے کہ ہر شخص اپنے مطالبات منوانے کے لیے ڈنڈے ہاتھ میں اٹھائے سڑکیں بند کرے کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ حکمران یہ نوبت آنے سے پہلے کسانوں کو در پیش مشکلات کا ازالہ کرے اور اس سے قبل کہ کوئی نیا بحران جنم لے حکومت کو اپنی زرعی اور معاشی پالیسیوں پر غور کرنا کر لینا چاہئے۔

Check Also

Sultan Tipu Shaheed Se Allama Iqbal Ki Aqeedat (1)

By Rao Manzar Hayat