University Of Layyah Ki Falahi Sargarmiyan
یونیورسٹی آف لیہ کی فلاحی سرگرمیاں

یونیورسٹی آف لیہ ہمیشہ سے صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں رہی بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے۔ حال ہی میں، جب ملک سیلاب کی تباہ کاریوں سے گزر رہا ہے، یونیورسٹی نے ایک بار پھر اپنا انسانی اور فلاحی کردار ادا کیا ہے۔ یونیورسٹی آف لیہ میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک خصوصی ڈونیشن کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا ہے، جس کا مقصد سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
اس عظیم کار خیر کا آغاز وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر ابوبکر، رجسٹرار ڈاکٹر ذیشان حسن اور ڈاکٹر اظہر خان کی سرپرستی میں کیا گیا۔ ان تمام شخصیات کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں طلبہ اور اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ وہ متاثرین کی مدد کر سکیں۔ ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی نے ایک ایسا ماحول پیدا کیا ہے جہاں ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق حصہ لے رہا ہے۔
یونیورسٹی آف لیہ نے پہلے بھی کئی مواقع پر طلبا کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اس کی یہ فلاحی سرگرمیاں صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ طلبا کے اندر انسانیت کا جذبہ اور معاشرتی شعور بیدار کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ ادارہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم کا مقصد صرف کتابی علم حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک بہتر اور حساس انسان بننا بھی ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یونیورسٹی کی فلاحی ٹیم ہفتے میں 20 سے 25 خون کے عطیات جمع کرتی ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں کے طلبا اور انتظامیہ کس قدر فلاحی کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یونیورسٹی آف لیہ نے کئی بے سہارا لوگوں کے لیے امید کا سہارا بن کر ان کے مسائل حل کیے ہیں۔
سیلاب زدگان کی مدد کے لیے یونیورسٹی آف لیہ میں ایک ڈونیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جہاں کوئی بھی شخص پرانے اور نئے کپڑے، خوراک اور ایسی تمام اشیاء جو متاثرین کے کام آ سکتی ہیں، عطیہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، نقدی کی صورت میں بھی عطیات قبول کیے جا رہے ہیں۔ یہ موقع ہے کہ ہم سب اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان بے بس اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں۔
اس پورے فلاحی کام کی نگرانی ڈاکٹر اعجاز احمد کر رہے ہیں جو کہ ایک قابلِ تعریف کام ہے۔ ان کی قیادت میں پوری ٹیم نہایت تندہی سے کام کر رہی ہے۔ میں خود بھی اس عظیم کام کا حصہ بن کر فخر محسوس کرتا ہوں اور اس بات کا عزم کرتا ہوں کہ اس کارِ خیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہوں گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

