1.  Home
  2. Blog
  3. Maaz Bin Mahmood
  4. Zindagi Ki Pecheedgian

Zindagi Ki Pecheedgian

زندگی کی پچیدگیاں

یہ بات درست ہے کہ ہر انسان کی ترجیحات الگ ہوتی ہیں۔ مطلب مجھے یہ مان لینے میں کوئی تامل نہیں۔ اس کے باوجود میرا خیال ہے کہ زندگی کو حتی الامکان پچیدگیوں سے دور رکھنا چاہئے۔ لیکن پچیدگیوں کے اندر دخول کرنے کے بعد ہی انسان مسائل کے out of the box حل تک پہنچ پاتا ہے۔

پس ثابت ہوا کہ پچیدگیوں میں قدم رکھنا کوئی بری بات نہیں۔ آپ بیشک مشکل اصطلاحات استعمال کرنے والوں کو یا مشکل نظریات پر بات کرنے والوں کو یا مسائل کے مشکل حل پیش کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنے پر تلے رہیں، بہرحال ان کا انسانی معاشرے کے ارتقاء میں اپنا ایک کردار ہوتا ہے۔

اقبال اس ضمن میں ایک قابل ذکر شخصیت رہے ہیں۔ معاملہ خودی کا ہو یا شاہین، عقاب، شکری یا چیل کوے کی نظر سے دنیا کو دیکھنے کا، اقبال نے فلسفے کے جس درجے پر بات کی بہرحال جون وہ نہ کر سکے۔ میرے لیے نہ اقبال سگے ہیں نہ جون میرے ماموں زاد رہے، گو یہ الگ بات ہے کہ اگر ہوتے تو ماموں زاد پر تنقید نسبتا بوجہ رہتی۔

تو بات ہو رہی تھی زندگی کی پچیدگیوں پر بات کرنے کی، معاشرے کے مشکل مسائل پر بات کرتے ہوئے ان کے حل کی یا آفاقی مشکلات کی تشریحات کی۔ اقبال کے ذکر کردہ موضوعات کو آپ کچھ بھی کہہ لیجئے بہرحال ان معاملات کی نسبت جن پر جون نے بات کی بہرحال وہ نسبتاً مشکل ہی رہیں گی۔

لیکن میرا مسئلہ کچھ اور ہے۔

پچیدہ موضوعات پر بات کرنا بیشک برحق ہو یا ضروری ہو، کبھی کبھار چند نہایت ہی آسان اور آنکھوں کے سامنے رہنے والے مسائل کو دیکھ کر بندہ کہہ اٹھتا ہے کہ میرے فلسفیانِ امت، خودی یا غیر خودی، شاہین یا شکرے، عشق میں ناکامی یا محبوب کے وصل پر بات کرنے سے پہلے اس قضیے پر کیونکر نہ سوچ بن پڑی؟

مثلاً، اقبال نے رب سے اتنے شکوے کیے اور پھر خود سے مصنوعی الہامی جوابِ شکوہ دیتے ہوئے بھی جانے کن کن معاملات پر سوال اٹھا دیے اور خود بھی جواب دے دیے، مگر ایک بہت ہی سادہ سا شکوہ لبوں پر لانے سے معذور رہے۔

الیوم یومِ طہارت پر ایمان کے نصف سے متعلق فرائض سرانجام دیتے ہوئے آج باچیز کے ذہن میں ایک بہت ہی سادہ سا شکوہ نما سوال اٹھا جو یقین کیجیے نہایت غور طلب ہے۔

"یا اللہ۔۔ یہاں۔۔ آخر اس مقام پر بال اگانے کی کیا تُک تھی؟ یہاں تو ہاتھ بھی مشکل سے پہنچتا ہے کجا نظر؟"

Check Also

Out Of The Box

By Javed Chaudhry