Saturday, 18 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Jameel Asif
  4. Islamic Touch

Islamic Touch

اسلامک ٹچ

برصغیر پاک و ہند میں ذات پات کے نظام کی بدولت مرعوبیت کا عنصر دیگر خطہ ارض کی نسبت زیادہ ہے۔ یہ مرعوبیت شخصی ہو، مذہبی ہو، قوم، قبیلہ اور نسلی ہو بھرپور اثرات رکھتی ہے۔ ہندوانہ طرز معاشرت کی بدولت اس احساس کمتری کا ناجائز فائدہ ہر دور میں اٹھایا جاتا رہا ہے۔ بلخصوص مذہبی اور بالعموم علاقائی و لسانی بنیاد پر بہت سے استحصال کرنے والے طبقے مختلف روپ دھارے گروہ در گروہ اردگرد جا بجا نظر آتے ہیں۔

برہمن طرز پر مسلمانوں میں کچھ افراد نام نہاد نسلی تفاخر جس کا تعلق بیشتر اس خطے سے ہے بھی نہیں کمزور عقیدہ افراد سے عقیدت کی آڑ میں وصول کرتا پایا جاتا ہے۔ جس کے مظاہر اس خطے کے طول و عرض میں پھیلی گدی نشینوں کے سلسلے میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اسلامک ٹچ کا اہتمام عبادات اور شخصیات کے بعد اس انداز سے مختلف شعبہ جات میں دیا جانے لگا، آپ کسی بھی قسم کی اشیائے خورد و نوش کی خریداری میں مذہبی تشبیہات اور مذہبی لبادہ اوڑھے تسبیحات پکڑے افراد کی صورت دیکھ سکتے ہیں۔

کسی بھی شے کی تشہیر کے لیے خود ساختہ تقویٰ اور دوسرے کی کاروباری خامیوں کا تذکرہ کر کے خود کو بطور رول ماڈل پیش کرنا اور اس شے کی سیرت النبی ﷺ سے وابستگی کی مثال دے مہنگے داموں مارکیٹ میں سپلائی مذہبی احساسات اجاگر کر کے مہیا کی جاتی ہے۔ جس کی مثال مختلف خدمات کے ساتھ جُو اور اس سے پیدا شدہ دیگر مصنوعات کے ضمن میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

شہد فروشی میں احادیث اور قرآن و سیرت کے حوالے دے کر اس کی فروخت یقینی بنانے کا عمل اب ہمیں کثرت سے سوشل میڈیا کے ہر فورم میں دکھائی دیتا ہے۔ یہی تک اکتفا نہیں رہا حاجیوں سے آب زم زم خرید کر یا تحفتاً لے کر انہیں فروخت کرنے کی تشہیر بھی دیکھی گئی جس کی قیمت کم از کم 1000 روپے فی لیٹر نظر آئی، جو برصغیر پاک و ہند میں لوگوں کے مذہبی احساسات کو کمرشل انداز میں کیش کروانے کی کوشش دکھائی دی۔

اس کے علاوہ عجوہ کجھور، زیتون کے تیل، اور دیگر مزید اشیائے ضروریہ کو دل کی سرجری کے متبادل پیش کر کے ہزاروں روپے بطور ہدیہ نسخہ جات متعارف کروائے گے۔ سوچنے کی بات یہ ہے دم، تعویز کے کاروبار کے ساتھ عام استعمال کی اشیاء کی فروخت کے لیے سادہ لوح افراد کے مذہبی جذبات و عقائد کو استعمال کرنا اور انکی آڑ میں اپنے معاشی اور مالی مفادات کو تحفظ دینا کیا مہذب معاشرے میں اچھے کاروباری کی علامت ہے؟

Check Also

Kashmiriyon Se Bjp Kyun Darti Hai?

By Wusat Ullah Khan