Lab Ju, Mir Taqi Mir Number
لب جو، میر تقی میر نمبر
میر تقی میر جنہیں میر کشی بے حد پسند ہے، اردو ادب کی ایک قد آور اور ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ ان کے فکر و فن کے حوالے سے بہت کچھ لکھا گیا ہے اور ہنوز یہ سلسلہ تھما نہیں ہے۔ گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج سانگلہ ہل کا تحقیقی و تخلیقی ادبی مجلہ لب جو، میر تقی میر نمبر 2023 منظر عام پر آ چکا ہے۔ لب جو کے کئی خاص شمارے جن میں
1۔ سانگلہ ہل نمبر
2۔ پاکستان گولڈن جوبلی نمبر
3۔ سر سید نمبر
4۔ وارث شاہ نمبر
5۔ غالب نمبر
6۔ قائد اعظم نمبر
7۔ علامہ اقبال نمبر
8۔ عبدالعزیز خالد نمبر
9۔ تصوف نمبر
10۔ مولانا جلال الدین رومی نمبر
11۔ غزل نمبر
12۔ نظم نمبر
وغیرہ شامل ہیں، چھپ چکے ہیں۔ خاص نمبروں کی اس روایت نے ابھی دم توڑا نہیں ہے۔ اس دفعہ لب جو کا میر تقی میر نمبر جس میں مختلف مضامین یعنی
1۔ میر تقی میر عہد زریں کے حوالے سے
2۔ توقیت میر
3۔ میر کی تصانیف
4۔ میر ہمارے عہد میں
5۔ مطالعہ میر کے امکانات
6۔ میر کی مرثیہ نگاری
7۔ میر کے قصیدے
8۔ میر کی ہجویہ شاعری
9۔ میر کی عشقیہ مثنویاں
10۔ عشق حقیقی اور میر کی غزل
11۔ کیٹس اور میر
12۔ میر ناقدین کی نظر میں
13۔ کلام میر کا موضوعاتی مطالعہ
14۔ میر کا لسانی شعور
15۔ میر کی میر کشی
16۔ میر کی عظمت شعراء کی نظر میں
شامل ہیں، کچھ التواء کے بعد چھپ چکا ہے۔ مذکورہ بالا مضامین کے علاوہ اس مجلے میں طلباء و طالبات کے مضامین کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ ایک اچھی اور عمدہ سرگرمی کے طور پر سراہنے کے قابل ضرور ہے۔ ایسی سرگرمیاں اداروں کے وقار اور معیار کی ضامن بنا کرتی ہیں۔ لب جو ایک مستقل بنیادوں پر چھپنے والا ادبی مجلہ ہے جس کے سابقہ خاص شماروں پر مختلف جامعات میں ایم اے اور ایم فل سطح پر تحقیقی مقالات بھی لکھوائے جا چکے ہیں جو کہ کاج ہذا کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔
بلاشبہ لب جو کی اس خاص اشاعت میں پرنسپل پروفیسر سید فخیم نقوی، پروفیسر سید توقیر نقوی اور پروفیسر نواز کنول کا ایک مثبت کردار اور محنت شامل ہے۔ نمرہ نواز کنول کے انگریزی اور ڈاکٹر اجمل دانش کے پنجابی مضمون نے لب جو کی مٹھاس میں کسی قدر اضافہ ہی کیا ہے۔ مجلے میں شامل تمام تحقیقی و تخلیقی مضامین معیاری ہیں۔ تحاریر جنہیں شامل مواد کیا گیا ہے، میر تقی میر کی زندگی کے پنہاں گوشوں کو قاری پر عیاں کرتی ہیں۔ لب جو کی اشاعت اساتذہ کرام، طلباء و طالبات اور اہل علاقہ کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ حمد، نعت اور اس کے بعد مختلف مضامین کی ترتیب کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔
میر تقی میر کا اتباع ان کے عہد اور عصر حاضر میں تقریباً کافی شعراء کر چکے ہیں۔ ان کی عظمت و رفعت کا سکہ آج بھی چلتا ہے۔ میر کا نام سنتے ہی آج بھی کئی سر ادب سے جھک جاتے ہیں۔ ان پر کالج ہذا میں خاص نمبر کی اشاعت راقم کے لیے مسرت کا باعث ہے۔