Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Imran Amin
  4. Judge Sahiban Ka Khat Kis Ke Liye Bane Ga Wabal e Jan

Judge Sahiban Ka Khat Kis Ke Liye Bane Ga Wabal e Jan

جج صاحبان کا خط کس کے لیے بنے گا "وبال جان"

مشہور فلاسفر افلاطون کا قول ہے کہ حاکم وقت ایک دریا کی مانند ہے اور رعایا چھوٹی ندیاں اگر دریا کا پانی میٹھا ہوگا تو ندیاں بھی میٹھا پانی دیں گی اور اگر دریا کا پانی تلخ ہوگا تو لازمی ندیوں کا پانی بھی تلخ ہوگا، اس کے شاگرد سقراط نے ایک بار کہا تھا کہ عدل کا قیام اسی معاشرے میں ممکن ہے جس کے افراد قدرتی صلاحیتوں کے مطابق اپنے اپنے فرائض انجام دے رہے ہو۔ دوسری جانب پاکستانی سیاسی تاریخ کا ایک کڑوا سچ ہے۔ جس کے ہاتھ میں جب تک لاٹھی رہی تب تک وہ سب کو ہانکنے میں کامیاب رہا، اس ملک میں عدل کا نام لیا جاتا رہا مگر اس کے عملی نفاذ کے لیے کوشش نہیں کی گئی۔ یہ حقیقت ہے کہ عدل کے ستون پر ہی معاشرے کھڑے ہوتے ہیں وگرنہ عدل کی غیرموجودگی میں اخلاقیات پر بات کرنا بھی گناہ سمجھا جاتا ہے۔ عدل کے نفاذ کے عملی فقدان کی وجہ سے ہماری عدلیہ سب سے زیادہ متاثر ہوئی اور اسی وجہ سے آج بھی ہماری عدلیہ ماضی کے متنازعہ فیصلوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔

عدلیہ کے اس کمزور کردار کی وجہ سے ہمارے ہاں ایک بات مشہور ہے "وکیل کی کرناں اے، جج ای کر لو"۔ مگر پچھلے دنوں سپریم کورٹ کی طرف سے تازہ ہوا کا پہلا جھونکا تب آیا جب ذوالفقار علی بھٹو کیس کے پھانسی والے فیصلے کو غلط قرار دیا گیا جبکہ دوسرے جھونکے میں سپریم کورٹ کے ایک جسٹس کو کوڈ آف کنڈکٹ پرپورا نہ اُترنے پر فارغ کیا گیا بظاہر یہ اس بوجھ سے نکلنے کی سنجیدہ کوششیں ہیں وگرنہ مولوی تمیز الدین کیس اور جسٹس منیر کا نظریہ ضرورت کے تحت دیا گیا فیصلہ اور اس کے مضمرات میں مسلسل فوجی لشکر کشی، عدلیہ کے منہ پرابھی بھی سیاہ دھبے کی صورت میں موجود ہیں بہر حال ہماری عدلیہ ماضی کے بوجھ اُتارنے کے موڈ میں نظر آتی ہے جو خوش آئند بات ہے ان دنوں سپریم جوڈیشل کونسل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کی خوب دھوم ہے جس میں حالیہ سالوں میں مختلف نوعیت کے مقدمات کے دوران سرکاری اداروں کی جانب سے معزز ججز پر دباؤ ڈالے جانے کا ذکر ہے۔

خط میں متعلقہ جج صاحبان نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل سے مدد مانگی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ماضی قریب میں سرکاری اداروں کی جانب سے مرضی کے عدالتی فیصلے حاصل کرنے کے لیے جج صاحبان کو ڈرانے دھمکانے کے علاوہ تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے لیکن خط میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا دباؤ کے بعد فیصلے انصاف پر ہوئے یا پھر اداروں کی مرضی پر۔ نیز اتنا عرصہ خاموش رہنے کے بعد اب اچانک کیا ہوا کہ خط لکھنا پڑ گیا؟ شاید اس کے جواب کے لیے ہمیں تھوڑا انتظار کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستانی عدلیہ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ حاضر سروس جج صاحبان کی جانب سے سرکاری اداروں کے دباؤ کا ذکر کیا گیا ہو۔ سابق جج شوکت علی صدیقی نے 2018ء میں راولپنڈی بار سے بحیثیت جسٹس ہائی کورٹ خطاب کرتے ہوئے سرکاری اداروں کی جانب سے من پسند فیصلوں کے لیے دباؤ کا واشگاف ذکر کیا تھا۔

انہوں نے اس تقریر سے پہلے اُ س وقت کے چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار سے سرکاری افسروں کی جانب سے مرضی کے فیصلوں کے حصول لیے ناجائز دباؤ کی شکایت کرنے کے لیے ملاقات کا وقت مانگا تھا جو انہیں نہیں دیا گیا جبکہ سچ بولنے کی پاداش میں معزز جج صاحب کو ملازمت سے ہی برخاست کر دیا گیا۔ شوکت صدیقی نے اپنی تقریر میں ہار ارکان کو بتایا تھا کہ کس طرح سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مقدمات میں مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کے لیے پریشر ڈالا تھا اور تعاون نہ کرنے پر عبرت کا نشان بنانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں مگر قربان جائیں جسٹس (ر) شوکت صدیقی پر جنہوں نے حلف کی پاسداری کو مقدم جانا۔ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ "انصاف کے لیے اکیلے لڑنا، پوری دنیا کا سلطان بننے سے بہتر ہے"لہذا وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

منصب کی قربانی دے دی مگر حلف پر آنچ نہ آنے دی۔ یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ جسٹس(ر) شوکت صدیقی نے دباؤ ڈالنے والوں کے براہ راست نام لیے تھے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط میں کوئی نام نہیں لیا گیا۔ اس خط کے سامنے آنے کے بعد یہ سوال بہت اہم ہے کہ جب ایک عام قانون کا طالب علم جانتا ہے کہ خط میں درج مندرجات پر سپریم جوڈیشل کونسل کاروائی کا اختیار نہیں رکھتی تو پھر ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان نے سب جانتے بوجھتے سپریم جوڈیشل کونسل کو کیوں خط لکھا؟ دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ ہائی کورٹ کے چھ جج صاحبان کے خط کے پبلک ہو جانے پر سپریم کورٹ کیا ایکشن لے گی؟ اُمید ہے کہ سب سے اہم بات کا جواب جلد مل جائے گا کہ اس خط کا اصل ہدف کون ہے۔ کیا اس کا نشانہ وفاقی حکومت ہے؟ کیا سرکاری خفیہ اداروں کو لگام ڈالنا مقصود ہے؟ کیا اس کا براہ راست اثر چیف جسٹس سپریم کورٹ پر ہوگا؟ کیا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا محاسبہ تو نہیں کیا جا رہا؟

پچھلے چند دنوں سے ملک میں دہشت گردی کا جن ایک بار پھر قابو سے باہر ہو رہا ہے مگر ہمارے سجیلے جوانوں نے ہر بار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ وہ اپنا لہو بہا کر اس پاک سرزمین کی حفاظت کر رہے ہیں۔ دوسری طرف کمزور ملکی معیشت کو بیرونی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک میں روزگار بڑھے اور خوشحالی آئے مگر بد قسمتی سے ہمارے نا پختہ ذہنوں والے سیاسی اکابرین جو خارجی و اندورنی ایشوز کے علاوہ عوامی مسائل پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر تیار نہیں ہیں اب جج صاحبان کے لکھے گئے خط جیسے اہم اور سنجیدہ مسئلے پر بھی اپنے پرانے طرز عمل کو اختیار کرتے ہوئے سیاست چمکانے کی کو شش کر رہے ہیں ایک جماعت اس میں سے اپنے فائدے کا مطلب نکال رہی ہے جبکہ دوسری جماعت اپنی فتح کا اعلان کر رہی ہے۔ پاکستانی سیاسی اکابرین کے اس غیر دانشمندانہ طرزعمل کو مد نظر رکھا جائے تو سوائے افسوس کے اظہار کے اور کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

Check Also

Aik Sach

By Kashaf Mughal