Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Immad Abbasi
  4. Imran Khan Zindabad

Imran Khan Zindabad

عمران خان زندہ باد

ملک الٹ ہو رہا ہے مگر یہاں شوق اور خواہشیں سکون ہی نہیں لینے دے رہی۔ یہ خبر ہی نہیں کہ کس بے رحمی سے معیشت سے معاشرت تک ہر چیز کو تباہ کرکے بھی دعویٰ مسیحائی کا ہی ہے کرسی سے دوری ہے کہ برداشت ہی نہیں ہو رہی اندر کی وحشتیں اور خوف چین ہی نہیں لینے دے رہے۔ پیوٹن محب وطن اور لیڈر ہے اس نے کہا تھا کہ ایسی دنیا ہی کا کیا فایدہ جس میں روس نہ ہو ادھر ان کو یہ خبط عظمت ہے کہ ایسے پاکستان کا کیا فایدہ جس کا میں وزیراعظم نہ ہوں۔

آپ ناگزیر نہیں بلکہ کوئی بھی نہیں اور آپ مکاریوں چالاکیوں اور ہشیاریوں سے اپنا مشن مکمل کرچکے ہیں آقاؤں کو اطمینان ہے جس کمال سے آپ نے اس ملک کا دھڑن تختہ کیا وہ سیاہ تاریخ کون فراموش کر پائے گا نسلوں کو عملی طور آپ غلام بنا چکے ہیں مگر کمال یہ کہ نعرہ حقیقی آزادی ہی ہے آپ کا اقتدار ختم ہونا انہی کیلیے نقصاندہ تھا جن پر آپ نے ان کے حکم کے مطابق الزام لگایا ہے وہ خوش بھی ہیں مطمئن بھی اکلوتی مسلم ایٹمی قوت کو غیر مسلح کر دئیے جانے کے مشن پر آپ مکمل کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں آپ کی سازش سے آشنا بھی مخمصوں اور مصلحتوں کا شکار ہیں۔

بھلا آپ جیسوں کے ہوتے انہیں ہیرو شیما ناگا ساکی والے عمل دہرانے کی کیا ضرورت انہوں نے آپ کی صورت جو بم بنائے وہ کس قدر مہلک ہیں اس کا اندازہ مملکت خداداد کو دیکھ کر بخوبی ہو جاتا ہے آپ سے پہلے قدریں باقی تھیں مولوی کی داڑھی نہیں نوچی جاتی تھی، جلسہ جلسہ ہی ہوتا تھا، بہنوں بیٹیوں کو جنس بازار اور سیاست کا سامان نہیں بنایا گیا تھا۔ مخالفین پر اتنے سستے وار نہیں کئیے جاتے تھے مخالفین کو بےسبب قید کر کے ان کی ویڈیوز کو اپنی تفریح کا سامان نہیں بنایا جاتا تھا۔

آپ کی آمد سے قبل بیٹے اکثریت والدین کے مطیع ہی تھے اور یہ نہیں کہتے تھے ابا آپ چپ کریں آپ کو نہیں پتا آپ سے قبل بھی یہ ملک مقروض تھا آپ نے مقروض ترین مجبور ترین کر دیا آپ اور آپ کے رفقاء آج کس خوشدلی سے کتنی بے چینی سے اس ملک کو سری لنکا بنتے دیکھنے کے متمنی ہیں آپ کا شوق خطابت آپ کا وجود اس ملک کو وہاں پہنچا چکا جہاں آپ اور آپ کو لانے والے چاہتے تھے۔

آپ کے عزم آپ کے ارادے کو سلامی دینا بنتا ہے آپ نے وہ کام کیا جس پر تہتر میں کافر قرار دئیے جانے والے آپ کے مرید ہو گئیے ہیں صلاح الدین ایوبی سے نفرت کرنے والے جشن منا رہے ہیں اور نورالدین زنگی کے ہاتھوں مرنے والوں کے ورثا ان کی جہنموں پر بھی چراغاں کر رہے ہیں۔

آپ مہان لیڈر ہیں آپ موم بتیوں والوں کی راحت کا سامان آپ غریب بیزار طبقے کے سربراہ آپ ملک و ملت کے مسائل سے نا آشنا طبقے کے ہیرو آپ پاکستان کو دہائی قبل دنیا کے نقشے سے نکال دینے والوں کے قافلے کے جرنیل آپ آیات پڑھ کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی مہارت رکھنے والے وہ ماہر ہیں جن کا جنم کم کم ہی ہوتا ہے۔

آپ جیت چکے ہیں آپ فاتح ہیں آپ نے اندھے مقلدین پیدا کر لئیے ہیں آپ نے ہر ادارے میں اپنے پیروکار پیدا کر لئیے ہیں آپ نے درحقیقت ایک نسل ایک گروہ پیدا کر لیا ہے جس کو عقل و خرد سے کچھ واسطہ نہیں وہ آپ کے ہمراہ جھوم رہے ہیں ان کو اپنی غلطی کا احساس جب تک ہو گا تب تک کیا ہوچکا ہوگا اس کا احساس ہی موت سے بدتر ہے لیکن آپ کو کیا فرق پڑے گا کچھ بھی نہیں۔

آپ کو اقتدار میں ہر صورت رکھنے پر مصر نیو ورلڈ آرڈر کے نفاز کے متمنی آپ کے ساتھ ہیں وہ آپ کو جیلوں سے دور رکھنے اور کچھ زیادہ برا ہو جانے پر ریسکیو کر دینے کی گارنٹی بھی دے چکے ہوں گے آپ کو وسائل کی کمی انہوں نے کبھی نہیں ہونے دی نہ ہونے دیں گے کہ وہ پورے بھی ہماری ٹانگوں کے گودے ہی سے کرتے ہیں مگر آپ کے حوصلے کو داد آپ کی زبان کی لمبائی کا اعتراف اور آپ کی تقریروں کو شاباش چلیں ان کو یہ تو یقین ہو چکے گا کہ مسلمانوں میں پیدا ہونے والے لوگ کمٹمنٹ پوری کرتے ہیں حتی کہ اپنوں ہی کی تباہی کی ہو۔

آپ کی شہرت آپ کی شہریت کا کس کو پتا نہیں آپ کا ہینڈسم کردار آپ کی انگریزی کی روانی آپ کا زیارت ہر سجدہ، آپ کی گردوارے پہ نارنجی پگڑی، آپ کی ٹرمپ سے ملاقات، آپ کا کشمیر کی تقسیم کا فارمولا، آپ کا دنیا کے بارے علم یادگاریں ہیں۔

اہل مغرب آپ کا کردار اپنی جامعات میں پڑھائیں گے اپنی نسلوں کو سکھائیں گے کہ اپنےدفاع کیلیے محنت اور تیاری کرو اور مسلمانوں کی تباہی کیلیے کسی ایک شخص کو مالامال کر دو۔

آپ جیسا راہنما اس ملک کو واقعی کبھی میسر نہیں آیا آپ پہلے ہیں اور آپ نے یہ اہتمام کیا ہے کہ کوئی اور کبھی نہ ہو سو آپ پھر سے نکلئیے لانگ مارچ کرئیے دھرنے دیجئیے کہ جو کسر رہ گئی ہے وہ بھی پوری ہو۔

جو آپ کی پشت پر ہیں آپ کو اپنے شہر اقتدار بلا چکے آپ کو روکنے والے ابھی اعلی سطح کی مشاورت میں مصروف ہیں جب تک وہ سب اکھٹے ہو کر آپ کو روکنے کی سبیل کرتے ہیں آپ دارلخلافہ پر ہلہ بول دیجئے کہ آپ کا نیوٹرل رہنے کا حکم موصول ہو چکا ہے اور یہی بہترین موقعہ بھی ہے اے میرے کپتان آپ کا جیتنا بہت ضروری ہے کہ آپ نے وعدہ کیا ہوا ہے باقی آپ کی طرف سے ملک جائے بھاڑ میں اور ملت تو یہاں کبھی تھی ہی نہیں۔ بے فکر رہئیے آپ کو کوئی روکنے والا نہیں اس ہجوم کا گلا دبانے بھی آپ آئے تو یہ جمعے کے دن کا انتظار کریں گے اور دعائیں اور بد دعائیں ہی کریں گے جس سے آپ کو کوئی فرق نہیں پڑنا۔

Check Also

Kis Color Ki, Hamari Ikhlaqiat

By Saleem Zaman