Nucleation Sites
نیوکلیشن سائٹس
کسی سوڈا کی بوتل میں نمک ڈالنے سے وہ ابلنے لگتی ہے۔ کیوں۔ سوڈا کی بوتلوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس بھری جاتی ہے۔ جتنی گیس پانی میں حل ہوسکتی ہے۔ اس سے کہیں زیادہجب بوتل کا ڈھکنا کھولتے ہیں تو فالتو گیس فرار ہونا چاہتی ہے۔ مگر مائع مشروب سے گیس اس وقت تک نہیں نکل سکتی جب تک وہ کسی چھوٹے سے بلبلے کی شکل اختیار نہ کرلے۔
مائع مشروب میں گیس کا جمع کر ہو بلبلہ بننا ایک کار دشوار ہوتا ہے۔ اس کیلئے اسے کوئی سہارا کوئی ایسی سطح درکار ہوتی ہے جس پر وہ جمع ہوکر بلبلے کی شکل اختیار کر لے۔ اسی لیے زیادہ تر بلبلے بوتل کی دیوار کے ساتھ ساتھ بنتے ہیں جہاں شیشے کی دیوار میں موجود چھوٹے چھوٹے سوراخ یا سطح کی بےقاعدگیاں اسے جمع ہو کر بلبلہ بننے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
البتہ بوتل کے عین وسط میں بلبلے بننے کا عمل بڑے پیمانے پر شروع نہیں ہوپایا۔ مگر جیسے ہی ہم اس میں نمک کے باریک ذرے ڈالتے ہیں وہ کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے بلبلے بننے کے لیے درکارسہارا فراہم کردیتے ہیں لہٰذا ہر ذرے پر ایک بلبلہ بنتا اور اوپر کی طرف لپکتا ہے۔ جس سے بوتل ابلنے لگتی ہے۔ سائنس کی زبان میں ایسے سہاروں کو نیوکلیشن سائٹس کہتے ہیں۔
نیوکلیشن سائٹس ہر جگہ ہر عمل کیلئے انتہائی ضروری ہوتی ہیں۔ ان کی موجودگی کے بغیر دیگر تمام لوازمات مہیا ہونے کے باوجود بھی طبع یا کیمیائی عوامل نہیں ہوپاتے۔ اس کی ایک اور مثال بارش ہے۔ جس کا پہلا قطرہ بننے کے متعلق ہم سب نے بچپن میں پڑھ رکھا ہے کہ بہت مشکل سے بنتا ہے۔ جب مصنوعی بارش کی جاتی ہے تو جہاز کے ذریعے بادلوں پر باریک پسا ہوا خوردنی نمک ہی چھڑکایا جاتا ہے جو پانی کے قطروں کو نیوکلیشن سائٹس فراہم کرتا ہے اور بارش فوراً شروع ہوجاتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں ترقی اور خیر کے سارے لوازمات پورے ہیں۔ صرف اور صرف کمی ہے تو نیوکلیشن سائٹس کی۔ اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں جان جائیں گے کہ کوئی بھی شخص نیا کام نہیں کرتا نہ کرنے پر آمادہ ہے۔ سب ایک دوسرے کی نقل کرتے ہیں کیونکہ کسی بھی معاشرے میں نیا کام بالکل ایسا ہی ہوتا ہے جیسے مائع بوتل میں گیس کا بلبلہ بننا۔ سب ڈرتے ہیں کہ نہیں معلوم ناکام ہوں گے کامیاب۔ لوگ کیا کہیں گے۔ گھر والے طعنہ دیں گے۔ لہذا ہم سب لگے بندھے دائروں میں گردش کررہے ہیں۔ جب کہ آزادی اور اٹھان جوش، ولولہ اور خوشحالی۔ سب نئے کاموں میں۔۔ مگر اس کے لیے بہادر، زور آور پرجوش، شوریدہ سر نیوکلیشن سائٹس کی ضرورت ہے۔۔
آپ بنیں گے خوشحال پاکستان کیلئے نیوکلیشن سائٹ۔؟