Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ibn e Fazil
  4. Maharat Ki Saltanat

Maharat Ki Saltanat

مہارت کی سلطنت

چار بھائی مل کر لوہے کے کچھ پرزے بنانے کا کام کرتے تھے۔ محنت لگن اور ایمانداری سے رفتہ رفتہ اچھی بڑی فیکٹری بن گئی۔ وقت کے ساتھ بہت مضبوط نظام نہ بنے تو بٹوارہ فطری عمل ہے، سو ہوگیا۔ چھوٹے تین بھائیوں نے مشینیں اور کام آپس میں بانٹ لیے جبکہ بڑے نے صرف اس نیت سے جگہ اور نقد رقم لی کہ میں نیا کام کروں گا۔ ان کا خیال تھا ایک جگہ پر ایک سا کام اگرسب بھائی الگ الگ کریں گے توہماری اولادیں گاہکوں کی خاطر آپس میں جوتم پیزار ہوں گی۔

بڑے بھائی نے اس جگہ پر پہلے سے بالکل مختلف کام کا آغاز کیا۔ گو کہ اپنے کام میں وہ بہت ماہر تجربہ کار بلکہ شہرہ آفاق تھے مگر اس نئے کام میں بالکل تجربہ نہیں تھا۔ سو کچھ عرصہ میں ہی ناتجربہ کاری سے نقصانات ہونا شروع ہوگئے۔ چند ماہ میں سنبھلتے سنبھلتے بھی سرمایہ ختم ہو گیا۔ نتیجہ وہ کام روک دیا گیا۔

جو مشینیں اور خام مال بچا تھا وہ اونے پونے بیچ کر پھر سے کچھ سرمایہ جمع کیا۔ اب ایک نیا نسبتاً آسان اور کم سرمایہ سے کیا جاسکنے والا کام شروع کیا۔۔ مگر پھر وہی نتیجہ۔۔ تجربہ کی کمی اور کاریگروں کے عدم تعاون بلکہ بلیک میلنگ سے حالات پہلے سے بھی دگرگوں ہو گئے۔ سال بھر میں کافی مقروض ہوکر وہ کام بھی مکمل طور پر ختم کردیا گیا۔

چند ماہ انتہائی خراب حال میں گذرے۔ کوئی سرمایہ نہیں اور کمائی کی کوئی صورت نہیں۔ آخر فیکٹری کی آدھی جگہ برائے فروخت کردی گئی۔ جگہ بکی۔ اس کی رقم سے وہی پہلے والا خاندانی کام دوبارہ شروع گیا۔ کچھ سال ہوئے ہیں بہت زبردست ترقی جاری ہے۔ ایسی بہت سی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔

چونکہ ہمارے ہاں دیانتداری اور پروفیشنلزم کا فقدان ہے لہذا کاروبار سے متعلقہ لوگوں بطور خاص کاریگروں کے عدم تعاون پرمبنی رویوں اور منفی ہتھکنڈوں سے بچنے کی صلاحیت حاصل کرتے ہوئے کسی بھی کام میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہمیں باقی دنیا کی نسبت زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ لہذا ہم نے بارہا دیکھا گیا کہ جو لوگ کسی ایک کام میں دس پندرہ سال لگانے کے بعد کام تبدیل کرتے ہیں عموماً پریشان ہوتے ہیں۔

پچھلے ایک سال سے جاری کرونا کی بندشوں کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے کاروبار یا تو ختم ہوگئے ہیں یا تباہی کے دہانے پر ہیں۔ ایسے میں بہت سے لوگ مشاورت کرتے ہیں کہ کو ئی نیا کام بتادیں جس گھر کا نظام چلتا رہے۔ تو ان سب دوستوں سے گذارش ہے کہ جس قدر آسانی سے آپ اپنی مہارت کے میدان میں کم سرمایہ سے یا بغیر سرمایہ کے موجودہ کاروباری کساد بازاری سے نکل سکتے ہیں کسی بھی نئے کام میں ایسا سوچنا بھی محال ہے۔

آپ اپنی مہارت کی سلطنت کے بادشاہ ہیں۔ جب تک اس میں رہیں گے حکمرانی کریں گے۔ جب دوسرے میدان میں جائیں گے کسی کی شاہی میں رعایا ہوں گے۔ لہذا بہتر یہی ہے کہ اپنی مہارت کے میدان میں محنت جاری رکھیں جب تک کہ حالات سازگار نہیں ہوجاتے۔

Check Also

Muzaffarabad Mein 8 Din

By Haider Javed Syed