Thursday, 25 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Lazzat e Alam

Lazzat e Alam

لذت الم

تندور کی گرما گرم روٹی بہت بھاتی ہے نا؟ سبھی شوق سے کھاتے ہیں۔ کبھی کبھار اس کے پیچھے ایک کالا سا داغ ہوتا ہے۔ جو منہ میں آجائے تو سارا مزا کرکرا ہوجاتا ہے۔ وہ کالا سا دھبہ بنیادی طور پر کاربن ہوتا ہے۔ جو اس سے پہلے والی روٹی کے اس ٹکڑے سے بنا ہوتا ہے جو روٹی اتارتے وقت نان بائی کی عجلت یا ناتجربہ کاری کی وجہ سے تندور میں رہ جاتا ہے۔

گویا پچھلے دورہ کی زبردست کڑک، دل پذیر روٹی کا کوئی ٹکڑا ضرورت سے زائد وقت تندور میں رہ جائے تو نہ صرف یہ کہ وہ خود کوئلہ ہوجاتا ہے بلکہ آنے والی نئی خوبصورت بہترین روٹی کا کچھ حصہ بھی ناقابل استعمال بنادیتا ہے۔

ہماری محرومیاں، اور ان سے کشیدہ پچھتاوے دوستوں کی کج رویوں کی کسک اور ناکامیوں کے نوحے بھی دراصل، یادوں کے تندور میں رہ جانے والے ویسے ہی کاربن کے ٹکڑے ہیں جو زندگی کے واقعات میں ہماری ناتجربہ کاری، عدم توازن یا حصول ہدف میں عجلت کے باعث تشکیل پاتے ہیں۔

اب یہ ہماری مرضی ہے کہ ہم یاسِ ماضی کے کوئلوں سے نئی روشن صبحوں کی جبینیں کالی کرتے رہیں یا ان سے فوراً جان چھڑا ئیں، اور دستیاب متاع وقت میں تازہ جذبہ اور روشن فکر کے ساتھ اوج کمال کے نئے مدارج طے کریں۔

Check Also

Aisa Kyun Hai?

By Azam Ali