Derh Lakh Rupay Kilo Sabzi
ڈیڑھ لاکھ روپے کلو سبزی
مری بیوری (Murree Brewery) کا کوئی سا مالٹ مشروب لیں اور اس کی اجزاء ترکیبی پر نظر ڈالیں۔ تو آپ کو ایک لفظ لکھا نظر آئے گا ہاپس (Hops)۔ یہ ہاپس بھنگ کی نسل کا ایک پودا ہے جو یورپ اور امریکی براعظموں میں پایا جاتا ہے۔ اس کے پھولوں اور بیجوں میں قدرتی طور پر دو مرکبات ایلفا ایسڈ اور بیٹا ایسڈ پائے جاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے ان کے ذائقہ میں خاص طرح کی کڑواہٹ ہوتی ہے اور کھاتے ساتھ ہی منہ میں خشکی کا احساس ہوتا ہے۔
قدرت نے ان دونوں آرگینک تیزابوں میں یہ صلاحیت رکھی ہے کہ ان کی موجودگی میں سوائے ییسٹ (yeast) کوئی بھی بیکٹیریا یا فنگس پنپ نہیں سکتی۔ ہاپس کی اس خوبی کی کی وجہ سے زمانہ قدیم سے ہی اس کا استعمال اجناس کی فرمنٹیشن میں اور خاص طور بیر اور الکحل بنانے کے عمل میں ہوتا آیا ہے۔ اس کی وجہ سے نہ صرف بیر میں ایک خاص ذائقہ اور خوشبو درآتی ہے بلکہ اس عمل کے دوران بیماری پھیلانے والے جراثیم کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے۔
جدید سائنس نے ان اجزاء کے کئی دیگر زبردست فوائد سے بھی روشناس کروایا ہے۔ ان میں سر فہرست یہ کہ انسانی جسم میں بننے والے کئی طرح کے سرطان کے خلیوں کو ختم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس تحقیق کے بعد ان کا استعمال اور طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
کینسر کے خلاف مدافعت بڑھانے کے لئے ہاپس کی انتہائی چھوٹی کونپلیں جو ابھی بمشکل سطح زمین سے نکلی ہی ہوتی ہیں۔ اکٹھا کی جاتی ہیں اور زیادہ تربطور سلاد استعمال کی جاتی ہے۔ ان کونپلوں کو ہاپس شوٹس (Hops shoots)۔ کہا جاتا ہے۔ چونکہ یہ صرف سال میں ایک بار بہار کے مہینے میں نکلتی ہے، اور جب انہیں توڑ لیا جائے تو پودا پھلتا پھولتا نہیں ہاپس کون پیدا نہیں کرتا نیزیہ کہ ان کو تلاش کرنا اور اکٹھا کرنا ایک کٹھن عمل ہے جس میں بہت زیادہ محنت لگتی ہے لہذا ان ہاپس شوٹس کی قیمت جرمنی اور ہالینڈ میں ایک ہزار یورو فی کلوگرام ہے۔
انگلینڈ میں ابھی حال ہی میں ہاپس شوٹس فیسٹیول منایا گیا۔ جس میں یہ 750 پاؤنڈ فی کلوگرام کے حساب سے بکی۔ ہاپس شوٹس کی اس قدر اہمیت اور زیادہ قیمت کی وجہ سے دنیا کے بہت سے ممالک میں اسے اگانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ حال ہی میں بھارت کے صوبہ بہار کے ضلع اورنگ آباد کے کسان امریش سنگھ نے انڈین ویجیٹیبل ریسرچ انسٹیٹیوٹ واراناسی کے ماہر زراعت ڈاکٹر لال کی راہنمائی میں ہاپس شوٹس اُگا کر سب کو حیران کردیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ پر آجکل اس کی دھوم مچی ہے۔
اگر موسمی اعتبار سے دیکھا جائے تو پاکستان کا بہت سا علاقہ جن میں خاص طور پر سوات اور شمالی علاقہ جات کا وہ پہاڑی علاقہ جہاں آلو اگائے جاتے ہیں ہاپس شوٹس کی کاشت کے لیے موزوں ترین ہیں۔ عین ممکن ہے کہ معیار کے لحاظ سے ہم یورپ سے بھی بہتر ہاپس شوٹس اگا سکیں۔ بلا شبہ قدرت نے ہمیں ان گنت موقعوں سے نوازا ہے۔ فقط ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم علم حاصل کریں اور اپنی حالت بدلنے کی سعی کریں۔