Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ibn e Fazil
  4. Dast Basta Arz Guzar Hoon

Dast Basta Arz Guzar Hoon

دست بستہ عرض گذار ہوں

گوجرانوالہ میں ایک نامور گروپ آف کمپنیز تھا ایشیا فین کے نام سے پنکھے اور ایشیا سینیٹری فٹنگز کے نام سے باتھ روم اسیسرز بنایا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ ایک ڈھلائی کا کارخانہ بھی تھا۔ تمام فیکٹریاں اپنی مصنوعات کے میدان میں پاکستان بھر میں پہلے نمبر پر ہونے کی دعویدار تھیں۔

یونیورسٹی کے آخری سال انیس سو بانوے میں ہم نے وزٹ کیا تو ہمیں دکھایا گیا کہ ایک کمرے میں ایک پنکھا چل رہا تھا اور وہ پنکھا اس وقت تک تئیس سال سے مسلسل چل رہا تھا بنا رکے ہوئے۔ بتانے والے نے بتایا کہ اس کے ساتھ کے پنکھے سال انیس سو اڑسٹھ سے خانہ خدا مکہ مکرمہ میں لگے ہوئے ہیں اور مسلسل دن رات چل رہے ہیں ان کے بیچ batch کا یہ پنکھا یہاں لگایا گیا ہے تاکہ کسی خرابی کی صورت میں اس کی جانچ کی جاسکے۔

اس نمبر ون پاکستان کی کمپنی کا آج نام ونشان بھی نہیں۔۔ وجہ صرف ایک ہے۔ ون مین شو تھا۔ کوئی نظام کوئی سسٹم نہیں تھا۔۔ جب تک وہ ون مین رہا سارے۔۔ منصوبے اور ساری منصوبہ بندی جو اس کے ذہن کی اختراع تھی کامیابی سے چلتے رہے۔۔ جیسے ہی وہ منظر سے ہٹا سارا نظام ختم شد۔

دوسری جانب آپ کو لیور برادرز، باٹا، کولگیٹ پالمولیو، بی اے اینڈ ایس ایف، نوبل اور ایسی درجنوں غیر ملکی کمپنیاں گنوائی جاسکتی ہیں جو سو، ڈیڑھ سو سال سے نہ صرف کام کررہی ہیں بلکہ دن بدن ترقی بھی کررہی ہیں۔۔ وجہ۔۔ صرف نظام۔۔ سسٹم۔

کسی قدر مکمل اور بے عیب نظام کسی کمپنی کے لیے ہی نہیں ملکوں کے لیے بھی ناگزیر ہوتا ہے۔ وطن عزیز کے سارے مسائل کی سب سے بڑی ایک وجہ کسی قابل بھروسہ قابل عمل نظام کی عدم موجودگی ہے۔ کوئی ایک شخص جتنا بھی طاقتور، ہو جتنا بھی ذہین ہو، چاہے جس قدر متحرک اور محب وطن ہو وہ نظام کی عدم موجودگی میں وقتی بہتری سے زیادہ کچھ نہیں کرسکتا۔ اس کے منظر سے ہٹتے ہی پھر سب کچھ ویسا ہی ہوجائے گا۔

سو بندہ دست بستہ عرض گذار ہے کہ جوکوئی بھی وطن عزیز کی بھلائی چاہتا ہے، اس کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر مستقل گامزن دیکھنا چاہتا ہے اسے چاہیے کہ صرف اور صرف معاشرتی انصاف پر مبنی قابل عمل نظام کا اجراء کرے جس سے کوئی بھی۔۔ حتی کہ اجراء کرنے والا بھی مستثنیٰ نہ ہو۔ اس کے علاوہ کی گئی ہر کوشش حباب بر آب سے زیادہ کچھ نہیں۔ کینسر کے مریض کو پینڈول دیں تواس کو بھی بخار میں وقتی آفاقہ ہوجاتا ہے۔ لیکن یہ پینڈول اس کی زندگی نہیں بڑھا سکتی۔۔

Check Also

Nakara System Aur Jhuggi Ki Doctor

By Mubashir Aziz