Sunday, 05 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ibn e Fazil
  4. Asal Taqat

Asal Taqat

اصل طاقت

یونیورسٹی میں ایک دن ایک دوست غیرحاضر رہے۔ اگلے روز ان سے پوچھا گیا کہ کل کیوں نہیں آئے تو ان کاجواب بہت حیران کن اور کسی حد تک ناقابل یقین تھا۔ کہنے لگے سستی سگریٹ پینے سے گلا خراب ہوگیاتھا۔ اس قدر نازک مزاجی کا ہم تو تصور بھی نہیں کرسکتے تھے۔ لیکن چونکہ ان کے ساتھ بیتی تھی سو ماننا پڑا۔

کچھ ماہ وسال گذرے ہوں گے انہی دوست کا انجینئرنگ کے بعد پی ایم اے شارٹ کورس میں داخلہ ہوگیا۔ کوئی چار ماہ کے بعد چھٹی ملی اور گھر والوں سے ملنے آئے تو ہم بہت سے سابق ہم جماعت بھی پہنچ گئے ملنے۔ کہنے لگے کہ ایک سینئر نے سحری کے وقت تین بجے بلالیا۔ میں گیا تو حکم ملا پانی کی بالٹی بھر کر لاؤ۔ بالٹی لائی گئی۔ حکم ملا کہ اپنے اوپر انڈیل لو۔ حکم عدولی کا وہاں تصور ہی نہیں۔ سو انڈیل لی گئی۔ اور شب خوابی کے لباس میں ایبٹ آباد کی منفی دو تین درجے کی سردی میں صبح تین بجے سے چھ بجے تک وہ اپنے سینئر کے دروازہ کے باہر گیلے لباس میں کھڑا رہا۔

پوچھا کہ اب اس قدر سختی برداشت کرلی اور بیمار نہیں ہوئے۔ تب تو سستا سگریٹ پینے سے گلا خراب ہوجاتا تھا۔ بولے حیرت تو یہی ہے کہ کچھ نہیں ہوا۔ بلکہ کہتے کہ ہم لوگ تو وہاں باقاعدہ دعا کرتے ہیں بخار ہوجائے تو ایک دوروز پرمشقت مشق سے جان چھوٹ جائے مگر پورے چار ماہ کی تربیت میں ایک بار بھی بخار نہیں ہوا۔

آپ جاننا چاہتے ہیں کہ ایک ہی انسان کی قوت برداشت میں اس قدر تفاوت کیوں کر ممکن ہوا۔ اصل میں اللہ کریم انسان کو بہت ہی مضبوط بنایا ہے۔ بے پناہ صلاحیتیں عطا کررکھی ہیں مگر ہم جب خود کوذہنی طور پر کمزور سمجھنا شروع کردیتا ہے تو جسم تو ذہن کے تابع ہے وہ اسی طرح کمزور محسوس کرنا شروع کردیتا ہے۔

اپنے ارد گرد دیکھیں سڑکوں، گلیوں میں نامناسب لباس میں ننگے پاؤں کھیلتے بچے کبھی کم ہی بیمار پڑتے ہیں جبکہ دس دس کپڑوں میں لپٹے ہیٹر کے سامنے بیٹھے بچوں کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے۔ وجہ صرف یہی ہے۔ کہ ہم بہت زبردست مخلوق ہیں۔ لیکن جب ہم اپنی صلاحیتوں کا درست ادراک نہیں کرتے اور ذہنی طور پر خودکو کمزور سمجھنا شروع کردیتے ہیں تو ہمارا جسم ہمیں کمزور بن کر دکھا دیتا ہے۔ ورنہ حقیقت میں ہمارے اندر بہت سی طاقتیں مجتمع ضائع ہورہی ہوتی ہے۔

آپ بھی بہادر ہیں آپ کے اندر بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ آپ جو چاہے کرسکتے ہیں۔ ہر طرح کے حالات سے لڑ سکتے ہیں۔ بس ہمت کریں۔ کچھ بھی نہیں بگڑا۔ اٹھیں اپنی دنیا پر حکومت کریں۔ ایک زبردست مستقبل آپ کا منتظر ہے۔

Check Also

Baba

By Mubashir Ali Zaidi