Friday, 19 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Hammad Hassan/
  4. Marajeat Aur Paish Qadmi Ka Moqa

Marajeat Aur Paish Qadmi Ka Moqa

مراجعت اور پیش قدمی کا موقع

تب وہ تیس سال کا کم عمر اور خوبرونوجوان تھا وہ گیند کو اپنی پینٹ پر مسلنے کے بعد مڑ کر دوڑ لگاتا تو اس کے لمبے لمبے بال ایک انداز دلرُبائی کے ساتھ ہوا سے جھولتے رہتے وہ کسی صحرائی ہرن کی مانند دوڑتا اور وکٹوں کے پاس پہنچ کر چیتے کی طرح جمپ لگا کر برق رفتار گیند مخالف بیٹسمین کی طرف اُچھال دیتا جس کی نہ سمجھ آنے والی سوئنگ سے دنیائے کرکٹ کے خوفناک بلے بازوں گواسکر سے گریگ چیپل اور رچرڈ سے بوتھم تک ایک بے بسی کے ساتھ اپنی وکٹیں اُڑتے دیکھتے۔

اسی منظر نامے سے عمران خان شھرت اور رومانویت کی ایک دیوتائی حیثیت لے کر اُبھرے۔ بعد میں اسی شھرت کو مد نظر رکھ کر عمران خان کا رُخ سیاست کی طرف موڑ دیا گیا۔ تو بحیثیت کرکٹر اس کی رومانویت میں مد ہوش الہڑ جوانیاں اور بے بصیرت جذباتیت اس کے تعاقب میں حقائق سے بے خبر ہو کر چل پڑے۔ اور یہاں سے ایک تباہ کُن بیانیہ عملیت کی طرف بڑھنے لگا جو اس وقت تمام تر بربادیوں اور حشر سامانیوں کے ساتھ ہمارے سامنے ہے لیکن دانشمندی کا تقاضا یہ ہے کہ ایک بے ثمر سیاست اور بد رنگ منظرنامے سے چمٹے رھنے اور اس سے طعنہ و طنز کشید کرنے کی بجائے مستقبل کے امکانات اور غلطیوں کے ازالے کی تلاش میں نکلا جائے۔

لمحہ موجود میں ہمیں اس حقیقت کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرنا پڑے گا کہ بحیثیت کھلاڑی اور کپتان عمران خان کامیابیوں کے جس بلند و بالا زینے پر پہنچے تھے، بحیثیت سیاستدان اور وزیراعظم ناکامیوں کا زینہ اس سے کئی گُنا بلند ہے۔ ڈھونڈے سے بھی کوئی مثال تلاش نہیں کی جا سکتی کہ کسی معاشی انتظامی، سفارتی یا جمہوری حوالے سے کوئی کامیابی زیر بحث لائی جائے تاہم نقصانات کا ایک منہ زور دریا درو بام اُجاڑنے پر تُلا ہواہے۔ لیکن سر پیٹنے اور رونے دھونے کی بجائے آگے بڑھا جائے۔

اس وقت عمران خان کے پیروکاروں کو ایک بے رحم طنز اور طعنوں کا نشانہ تو بنایا جا رہا ہے لیکن کس سفاکی کے ساتھ یہ بھول دیا جاتا ہے کہ جس کارواں کو سالار قافلہ کی بے بصیرتی اور کم ہمتی ویران صحراؤں اور بے اماں موسموں کے رحم و کرم پر چھوڑ گئی ان کا طنز اُڑانے اور بے سمت وحشتوں میں دھکیلنے کی بجائے انہیں سکون اور محبت کے ساتھ تھام لیا جائے تاکہ بھٹکنے کی بجائے حقائق کی سمت مراجعت کرنے میں ان کی مدد کی جاسکے، اور ویسے بھی آئیڈیل ازم کا عذاب اُترتے اُترتے شب و روز کی کثرت اور مہ و سال کی فراوانی مانگتا ہے۔ جس میں بے سمت راہوں اور بے درک سنگ میلوں کی طویل لیکن بے ثمر مسافت سے واسطہ پڑتا رہتا ہے۔

سو کہنے کا مطلب یہ ہے کہ بحیثیت وزیراعظم عمران خان کی شدید ناکامیوں کا ملبہ اس کے پیروکاروں پر گرانے سے گریز ہی دانائی کا راستہ ہے کیونکہ ایک طرف ان کی اُمیدوں کا محور عمران خان بد ترین سیاسی ناکامی سے دوچار ہوا اور ان سیاسی کارکنوں (پی ٹی آئی) کے خواب چکنا چور ہو چکے لیکن اگر ان حالات میں انہیں طنز اور طعنوں کا مسلسل نشانہ بنایا جائے تو سنبھلنے اور سوچنے کی بجائے وہ خدانخواستہ حواس باختہ اشتعال کا راستہ بھی لے سکتے ہیں جو معاشرے میں مزید بے چینی اور اضطراب کا مؤجب بن سکتی ہے۔

اس وقت ملک نہ صرف خون آشام کورونا کی لپیٹ میں ہے بلکہ معاشی تباہی، سفارتی تنہائی اور سیاسی انارکی ہمارے اجتماعی جسم پر اپنے جبڑے گاڑ چکی ہے، جس سے یہ جسم دن بدن کمزور اور لاغر ہوتا جا رہا ہے۔ اور شکاری گدھ ایک غول کی شکل میں آس پاس منڈلانے لگے ہیں۔ اس لئے درد دل کے ساتھ گزارش ہے کہ ان دگرگوں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئے بیانیے کی طرف بڑھنا ہوگا۔ انتقام اور اشتعال کے سیاہ دائروں سے نکل کر روشن رُتوں اور تازہ ہواؤں میں سانس لینے کی ضرورت ہے۔

مقتدر اداروں، سےسیاسی جماعتوں اور پارلیمان سے عوام تک کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا، ماضی کی تلخیوں کو اجتماعی طور پر فراموش کرکے واضح اور دوٹوک ذھن کے ساتھ پیش رفت کرنی ہوگی۔ سیاسی جماعتوں، لیڈروں اور کارکنوں کو دُشمنی کی پست سطح سے اُوپر اُٹھنا ہوگا، (عمران خان کے کارکنوں کو بھی جھڑکنے اور طنز کا نشانہ بنانے کی بجائے سنجیدہ سیاسی عمل میں شامل کرنے کےلئے موافق اور سازگار حالات پیدا کرنے ہوں گے) پکڑو اور چھوڑو کے فلاپ ڈرامے سکرین سے ھٹانے ہوں گے، سیاسی قیادتوں کا بھی ایک میز پر آنا لازم ہے۔

میڈیا کی زنجیریں اُتارنآ بھی وقت کی ضرورت ہے۔ مقتدر اداروں کو بھی فاصلے پاٹنے ہونگے اور عوام (خصوصًا سوشل میڈیا) کو بھی ذمہ داریوں کا احساس اور اخلاقی حدود و قیود خود پر لاگو کرنے ہوں گے۔

ہم بے شک اس وقت انتہائی مشکلات اور بد ترین صورتحال سے دوچار ہیں لیکن تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ بہت سی قومیں ایسے حالات سے گزریں لیکن یہ دانشمندی برداشت اور مضبوط فیصلے ہی تھے جو انہیں خوفناک منجدھار سے نکال کرکامیابیوں کے درو بام تک لے گئیں۔

کہنے کا مطلب ہے کہ وقت خشک ریت کی مانند تیزی کے ساتھ ہماری مٹھی سے پھسلتا جا رہا ہے اس لئے بے خبری کی نیند میں گھومنے اور ایک دوسرے کو روندنے کی بجائے جاگنے اور باہم گلے ملنے کا وقت ہے جس سے ایک خیرہ کن ترقی اور دانائی ھاتھ آنے کا قوی امکان ہے یہی وہ نسخہ کیمیا ہے جو کامیابی کی سمت پیش رفت کا سندیسہ بھی ہے اور بقاء کا ضامن بھی۔

اور ویسے بھی بہت ہو گیا کیونکہ موجودہ منظر نامے کو کوئی ہزار بار بھی قند کہہ کر پکارتا رھے لیکن اس کی حیثیت زھر ھلاھل سے آگے کچھ نہیں !

Check Also

Sifar Se Aik Tak

By Hafiz Safwan