Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hafiz Usama Razzaq
  4. Utho, Abhi Waqt Baqi Hai

Utho, Abhi Waqt Baqi Hai

اُٹھو، ابھی وقت باقی ہے

دنیا کی سڑکوں پر چلتے پھرتے ہزاروں چہرے نظر آتے ہیں۔ کچھ ہنستے ہیں، کچھ رو رہے ہوتے ہیں۔ کوئی مایوسی میں ڈوبا ہوا، تو کوئی امید کا چراغ جلائے آگے بڑھتا ہوا۔ زندگی ایک عجیب امتحان ہے، جو ہر لمحہ ہمیں آزماتی ہے، ہمیں گراتی ہے، مگر ہمیں اُٹھنے کی دعوت بھی دیتی ہے۔ سوال صرف اتنا ہے: کیا ہم اُٹھنے کو تیار ہیں؟

کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ہم سب کچھ کھو بیٹھتے ہیں: خواب، رشتے، اعتماد، حوصلہ۔ دل کہتا ہے کہ بس اب ختم! اب کچھ نہیں ہو سکتا۔ مگر یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب قدرت ہمیں دوبارہ جینے کا موقع دیتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جب مایوسی کے اندھیرے میں سے امید کا چراغ روشن ہو سکتا ہے۔

کامیاب لوگ آسمان سے نہیں اترے۔ وہ بھی ہماری طرح انسان تھے، جوانی میں ٹھوکر کھائی، غربت دیکھی، ذلت سہی، تنقید برداشت کی، مگر ہار نہیں مانی۔ انہوں نے اپنے اندر کی آگ کو بجھنے نہ دیا۔ اپنی شکستوں کو سیڑھی بنایا اور بلندی کی طرف سفر جاری رکھا۔ فرق صرف اتنا تھا: وہ رکے نہیں، جھکے نہیں، تھکے نہیں۔

کیا آپ کے خواب ختم ہو چکے ہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کچھ نہیں کر سکتے؟

تو سنیے!

یہ سب ایک وہم ہے۔ ایک فریب، جو آپ کے ذہن نے پال لیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ کے اندر بے پناہ طاقت چھپی ہوئی ہے۔ آپ کی ہمت، صبر اور لگن اگر بیدار ہو جائے تو پہاڑ بھی سرک سکتے ہیں۔ سمندر بھی راستہ دے سکتا ہے۔

دنیا آپ کو روکنے کی کوشش کرے گی۔ لوگ ہنسیں گے، مذاق بنائیں گے، پیچھے سے وار کریں گے۔ مگر اگر آپ نے خود کو پہچان لیا، تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو نہیں روک سکتی۔ دنیا میں ہزاروں راستے ہیں، مگر منزل صرف انہیں ملتی ہے جو دھند میں بھی چلنا جانتے ہیں۔

یاد رکھو! کامیابی ہمیشہ شور میں نہیں، خاموشی میں جنم لیتی ہے۔ وہ وقت جب کوئی ساتھ نہیں ہوتا، جب آپ راتوں کو جاگتے ہو، جب دل ٹوٹا ہوتا ہے، جب آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں، یہی لمحات اصل تعمیر کے لمحے ہوتے ہیں۔ یہی وقت ہے جب آپ دوبارہ جنم لیتے ہو، ایک نئے انسان کے طور پر۔

تو اُٹھو! وقت کم ہے۔ زندگی تمہیں پکار رہی ہے۔ اپنے آپ سے وعدہ کرو کہ اب مزید دیر نہیں کرو گے۔ آج سے، ابھی سے، ایک نیا سفر شروع کرو گے۔ اپنے رب پر بھروسہ کرو، اپنے آپ پر یقین کرو اور دنیا کو دکھا دو کہ ایک "ہارے ہوئے انسان" بھی تاریخ بنا سکتا ہے۔

مت رکو، مت جھکو، مت تھکو۔ بس چلتے رہو!

کامیابی تمہارے قدم چومنے کے لیے تیار ہے۔

بس تم خود کو معاف کرکے، پھر سے جینے کا حوصلہ پیدا کرو۔

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari