Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hafiz Usama Razzaq
  4. Gham Ke Andheron Se Umeed Ki Roshni Tak

Gham Ke Andheron Se Umeed Ki Roshni Tak

غم کے اندھیروں سے اُمید کی روشنی تک

زندگی ہمیشہ ہماری مرضی کے مطابق نہیں چلتی۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی پر بھروسہ کرتے ہیں، کسی سے محبت کرتے ہیں، اپنی امیدیں اور خواب اُس کے ساتھ باندھ لیتے ہیں، لیکن وہ شخص ہمیں دھوکہ دے دیتا ہے۔ دھوکہ انسان کے دل کو توڑ دیتا ہے، مگر یاد رکھنا چاہیے کہ یہ دنیا کا دھوکہ ہمیں رب کی طرف مزید قریب کرنے کے لیے ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں: "اور عجب نہیں کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو" (البقرہ: 216)۔

بیٹی! یہ آزمائش تمہیں توڑنے کے لیے نہیں بلکہ بنانے کے لیے آئی ہے۔ اللہ نے تمہیں اس دکھ سے گزارا تاکہ تم مضبوط بن سکو۔ تمہاری زندگی ابھی رکی نہیں، تمہارے پاس سب سے بڑی دولت ہے، تمہارے تین بچے، جو تمہاری آنکھوں کے سامنے تمہاری محبت اور قربانی کے گواہ ہیں۔ یہ بچے تمہیں دیکھ کر جینا سیکھیں گے۔ اگر تم غم میں ڈوبی رہوگی تو وہ بھی اداس ہو جائیں گے، لیکن اگر تم ہمت سے کھڑی ہو جاؤ گی تو وہ تمہاری طاقت بن جائیں گے۔

یاد رکھو! تمہاری اصل پہچان وہ مرد نہیں جو دھوکہ دے گیا، تمہاری اصل پہچان تمہارا ایمان، تمہاری ماں ہونے کی عظمت اور تمہاری ہمت ہے۔ لوگ بدلتے رہتے ہیں، لیکن اللہ کبھی نہیں بدلتا۔ وہ رب تمہیں اُس وقت سن رہا ہوتا ہے جب تم روتی ہو، جب دل ٹوٹ کر دعا کرتا ہے۔ دھوکہ انسان دیتا ہے، لیکن رب کبھی نہیں دیتا۔

وہ کہتا ہے: "میں ٹوٹے دلوں کے قریب ہوں" (حدیث قدسی)۔

اب تمہارے پاس دو راستے ہیں: یا تو ساری زندگی دھوکے کا ماتم کرتی رہو، یا اس دھوکے کو اپنی طاقت بنا کر نئی زندگی شروع کرو۔ ماضی کی تلخیوں کو چھوڑ دو، کیونکہ بار بار وہ زخم کریدنے سے صرف خون نکلتا ہے، علاج نہیں ہوتا۔ علاج یہ ہے کہ تم اپنی توجہ اپنے رب اور اپنی اولاد کی طرف کر دو۔ جب تم اللہ کے لیے جیو گی، اُس کے قریب آؤ گی، تمہارے زخم بھی بھر جائیں گے اور تمہارا دل سکون پا لے گا۔

بیٹی! اپنی آنکھوں کے سامنے ایک خواب رکھو: کل کو جب تمہارے بچے بڑے ہوں گے تو وہ تمہیں یہ کہتے ہوئے فخر کریں کہ "ہماری ماں نے بہت دکھ جھیلے، لیکن کبھی ہمت نہیں ہاری، کبھی ہم پر آنسو نہیں گرنے دیے"۔ یہ سوچ تمہیں جینے کا حوصلہ دے گی۔

یاد رکھو! دنیا کے دھوکے عارضی ہیں، لیکن اللہ کی محبت ہمیشہ ساتھ رہتی ہے۔ اپنے دل کو قرآن کی تلاوت سے جوڑو، نفل نمازوں اور دعا میں سکون تلاش کرو۔ اللہ کے ذکر میں وہ طاقت ہے جو سب سے بڑے زخم کو بھی بھر دیتا ہے۔

آخر میں، بس یہ سوچ لو کہ تمہارے زخم تمہیں کمزور نہیں بلکہ مضبوط بنا رہے ہیں۔ یہ وقت گزر جائے گا، لیکن تمہاری ہمت، تمہارا صبر اور تمہارا ایمان ہمیشہ تمہیں عزت دے گا۔ اپنے رب پر بھروسہ کرو۔۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali