Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Hafiz Safwan
  4. Atomi Dhamakon Ka Credit

Atomi Dhamakon Ka Credit

ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ

ایٹمی دھماکوں کا اعلان کرنے کی جرات صرف میاں محمد نواز شریف نے کی تھی۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کیونکہ وڈیو موجود ہے۔ میاں صاحب نے اپنی تقریر میں مسٹر بھٹو کا بھی ذکر کیا تھا لیکن پیپلزپارٹی کو یہ کریڈٹ وارا نہیں کھاتا۔

ایٹم بم ہمارا قومی افتخار ہے جس سے سارے پاکستانیوں کو یکساں خؤشی ہونی چاہیے۔ لیکن پیپلزپارٹی کے پیدا کردہ قومی رخنے کی وجہ سے ایسا نہیں ہوتا بلکہ اِس دن کی اہمیت کو گھٹانے کے لیے وہ بھی اپنا منفی کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہتی ہے۔

نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن سے اِس دن اور دھماکے کرنے کا کریڈٹ چھیننے کی کوشش سبھی سیاسی پارٹیاں کرتی ہیں کیونکہ اِس میں اُن کا فائدہ ہے۔ سیاسی پارٹیوں کی اِس کوشش میں کوئی حرج نہیں۔

مسئلہ تب خراب ہوتا ہے کہ اپنا کریڈٹ نہ ہونے یا کم ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ کو اور نواز شریف کو بالکل باہر بٹھا دیا جاتا ہے۔ ہر پارٹی اپنا اپنا بابا اوپر رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔ پہلے پیپلزپارٹی کو لے لیں۔ بات دھماکوں کا اعلان کرنے کی ہو رہی ہوتی ہے اور مجاور دوست شور مچاتے ہیں کہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد مسٹر بھٹو نے رکھی تھی۔ تو بھائی، ہم نے کب کہا کہ بھٹو نے بنیاد نہیں رکھی تھی۔ یوتھیوں کو صرف یہ تکلیف ہے کہ دھماکوں کا تکنیکی کام ڈاکٹر قدیر خاں نے کیا تھا۔ تو جناب، ہم نے کب کہا کہ نواز شریف نے سنٹری فیوج مشین چلائی تھی؟ یہ تکنیکی کام کسی ایٹمی سائنسدان اور انجینئر ہی نے کرنا تھا۔ چنانچہ یہ دونوں یعنی مجاور اور یوتھیے اپنا اپنا بابا اوپر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

مسئلہ دن منانے کا ہے۔ کئی سال پہلے شیعہ دوستوں نے بتایا تھا کہ ہم نے 10 محرم کو یومِ شہدائے کربلا کے طور پر مخصوص کرنے کا کام صدیاں لگا کر کیا ہے۔ مسلمانوں کے کسی اور فرقے کو اپنے کسی بزرگ کا کوئی دن مخصوص کرانا ہے تو ایسی محنت کریں جیسی ہم شیعوں نے کی ہے تو دنیا ازخود اُسے تسلیم کرلے گی۔ یہ بات بالکل سچ ہے۔ اب چونکہ 28 مئی کو پاکستان مسلم لیگ ن اپنے دن کے طور پر تسلیم کرا چکی ہے اِس لیے مجاور اور یوتھیے اپنا اپنا دن مقرر کرائیں تاکہ جھگڑا نہ ہو۔

مجاوروں کے لیے کرنے کا کام یہ ہے کہ مسٹر بھٹو نے ایٹمی پروگرام چلانے کے حکم نامے پہ جس تاریخ کو دستخط کیے تھے وہ سرکاری چٹھی تلاش کریں۔ اُس دن مجاور دوست اپنا دن منا لیا کریں۔ اِسی طرح یوتھیے پی اے ای سی کے ریکارڈ سے ایٹمی دھماکوں کے لیے تیاری مکمل ہونے کا دن ڈھونڈیں کیونکہ دھماکے کرنے سے پہلے تکنیکی طور پر یہ کام مکمل ہوچکا تھا اور اُس دن کو ڈاکٹر قدیر خان کی یاد کے دن کے طور پر منا لیا کریں۔

اگر ایسا کر لیا جائے تو نہ صرف پاکستان مسلم لیگ ن 28 مئی کو اپنا بابا اوپر رکھنے کا دن منا لیا کرے گی بلکہ بقیہ دونوں جتھے بھی اپنے اپنے بابے کا جشن منا لیا کریں گے۔ قوم کو تین دن سرکاری چھٹی مل جایا کرے گی۔

بسم اللہ کیجیے۔

ایٹمی دھماکوں کے کریڈٹ کا فیصلہ کرتے وقت ڈاکٹر قدیر خاں کا ٹی وی انٹرویو میں دیا ہوا ہوا یہ بیان یاد رکھنا چاہیے کہ: "فوج نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ نواز شریف پر چھوڑ دیا تھا، ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ نواز شریف نے کیا تھا"۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan