Mutalea Mufeed Banane Ke Gur
مطالعہ مفید بنانے کے ُگر
علم کی پیاس، ذوقِ مطالعہ اور کتابوں سے شغف خدا تعالی کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے، جسے یہ ذوقِ نعمت حاصل ہو، سیکھنا، جاننا اور پھر سیکھ کر اصلاحِ خودی، تمام کاموں سے اہم اسکا بنیادی مقصد ہو تو ایسا شخص، خوش قسمت اور یہ ذوق بھی نہایت قیمتی ہے۔ بے شک مطالعے کی عادت ایک بہترین عادت ہے جو انسانی سوچ، خیالات و افکار میں نکھار تجربات کو وسیع، تجویز و ترتیب میں استعداد اور دماغ کے cognative صلاحیتوں ومہارتوں کو بڑھاتی ہے، مطالعے کی وجہ سے انسان خوش و مطمئن رہتا، سماجی ذہنی فکری لحاظ سے بھی مزید نمو پاتا اور مزید ترقی کے منازل طے کرتا رہتا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ مطالعہ خیالات و احساسات کی گرومنگ کرکے انسان کو یکسر تبدیل کردیتا ہے۔
مگر مطالعے کی افادیت سے بھرپور افادہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں معلوم ہو کہ مطالعہ کیا کیوں اور کیسے کیا جانا چاہیے۔ تاکہ مطالعے کو موثر اور ثمرآور بنایا جائے اوربہترین نتائج حاصل کیا جاسکے۔
اس موضوع پر لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر اس سے قطعی انجان اور بے خبر ہوتے ہیں کچھ تو مطالعے پر مطالعہ اور تقریباً ہر طرح کا مطالعہ کرتے ہی چلے جاتے ہیں نتیجاً اس قدر لگاتار کثیر اور غلط طریقے کار سے مطالعہ کرنے کی بنا پر جو موثر نتائج حقیقتاًحاصل ہونے چاہیے وہ نہیں ہو پاتے۔ یا صرف چند صفات پڑھنے کے بعد ہی جلد بیزار ہو کر کتاب بند کردیتے اور بعد میں پرھنے کا عزم کرکےسالوں رکھ چھوڑتے ہیں۔ جس طرح ہر چیز کے کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے اگر ان طریقوں پر عمل کراجائے تو کام بہترین انداز میں اور نتائج عمدہ حاصل ہوسکتے ہیں بالکل اسی طرح مطالعہ کرنے کابھی طریقہ اور مفیدگرہمیں جاننا چاہئے، جس پر عمل پیرا ہو کرہمارا ذوقِ مطالعہ مزید پروان چڑھ سکے۔
چارلس وین ڈورین اپنی کتاب How to read a book میں ان اصولوں کو پیش کرتے ہیں جس پر اگر عمل کیا جائے تو ہم نہ صرف مطالعے کی عادت کو مزید موثر بنا سکتے، بلکہ اپنے کیے جانے والے مطالعے سے خود کو بہتر، غیر معمولی اور بہترین کارگزاری کے قابل بنا کر زیادہ مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کتاب کے مطابق:
1.کوئی کتاب شروع کریں تو سب سے پہلے کتاب کا مقصد واضح کر لیں اگر مقصدواضح نہ ہو تو آپ سب کچھ پڑھیں گے مگر مہارت حاصل کرنے کے قابل نہ ہو سکیں گے۔
2. کتاب کا انتخاب انتہائی دھیان سے کریں کتاب انسان کی سوچ خیالات و افکار کو اپنے سانچیں میں ڈھال لیتی ہے۔ کتاب کے مرکزی خیال، تصورات، مشق اور مشاورت پر فوکس کریں۔
3. آنکھ کان اور محسوسات سے سیکھیں جو کچھ بھی پڑھیں اس پر غور و خوص کریں۔
4.دوران مطالعہ اہم نکات پر انڈرلائن کریں اور کوشش کریں کہ کتاب ختم کرنے کے بعد دوبارہ انڈر لایئنز کو پڑھیں، نئی کتاب شروع کرنے سے پہلے تھوڑے دن کا وقفہ دیں جو پڑھا اسکا مشاہدہ کریں۔
5.مطالعہ کرنے کے بعد سب سے اہم چیز نتائج اخذ کرنا ہے، کتاب کی مختصر تخلیص، اور اہم اور مفید نکات اپنے پاس نوٹ کریں، تاکہ باآسانی ذہن نشین ہو کر عمل کا حصہ بن جاۓ۔
6.کتاب پڑھنے سے پہلے مصنف، کے بارے میں ضرور آگاہی حاصل کریں مقصد سب کچھ پڑھنا نہیں بلکہ بہترین اور معیاری پڑھنا ہو۔
مطالعے کی عادت ہر انسان کو اپنانی چاہیے کیونکہ یہ ایسا ذریعہ ہے جو انسان کو پستیوں سے نکال کر بلند یوں تک پہنچا دیتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق ڈپریشن، ذہنی تناؤ، ٹینشن اور دیگر نفسیاتی و سماجی امراض سے مفید مطالعہ چھٹکارا دے کر پرسکون نیند دیتا ہے۔