Adab, Tareekh Aur Jughrafia
ادب، تاریخ اور جغرافیہ

تاریخ صرف واقعات کی ترتیب کا نام نہیں اور جغرافیہ محض زمین، دریا، پہاڑ اور سرحدوں کے تعارف تک محدود نہیں۔ تاریخ انسانی شعور کی زمانی تشکیل ہے، جب کہ جغرافیہ اس شعور کی مکانی صورت گری کا نام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کسی خطے کی سرحدیں بدلتی ہیں تو صرف زمین کے نقشے تبدیل نہیں ہوتے بلکہ یادداشت، شناخت، تہذیب، زبان، معاشرت، سیاست اور ادب کے معانی بھی نئے سرے سے مرتب ہونے لگتے ہیں۔
برصغیر کی تقسیم 1947ء اسی نوع کی ایک عظیم تاریخی و جغرافیائی واردات تھی جس نے محض دو ریاستوں پاکستان اور ہندوستان، کو جنم نہیں دیا بلکہ ایک ایسے تہذیبی، نفسیاتی اور ادبی بحران کو بھی جنم دیا جس کے اثرات آج تک جنوبی ایشیا کے فکری، سیاسی اور ادبی منظرنامے پر نمایاں ہیں۔ تقسیم نے جغرافیہ کو خون آلود سرحدوں میں تبدیل کیا، تاریخ کو ہجرت، قتل و غارت، جبر، خوف اور محرومی کے استعاروں سے بھر دیا اور ادب کو ایک ایسے زخم سے آشنا کیا جس کی کسک آج بھی ناول، افسانے، شاعری، خود نوشت، یادداشت اور تنقیدی مباحث میں محسوس کی جا سکتی ہے۔
برصغیر کی تقسیم کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے محض ایک سیاسی واقعے کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ ایک تہذیبی و ادبی سانحے کے طور پر بھی پڑھا جائے۔ یہ سانحہ ایک طرف نوآبادیاتی سیاست، مذہبی قومیت، اکثریتی و اقلیتی خوف، نمائندگی کے بحران اور اقتدار کی کشمکش کا نتیجہ تھا، تو دوسری طرف یہ لاکھوں انسانوں کی ٹوٹی ہوئی زندگیوں، بکھرتے ہوئے خاندانوں، اجڑتے ہوئے شہروں، بدلتی ہوئی زبانوں اور منتشر ہوتی ہوئی یادداشتوں کی داستان بھی تھا۔ چنانچہ تقسیم کے تناظر میں تاریخِ ادب اور جغرافیہ کے باہمی رشتے کا مطالعہ ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ کس طرح ایک سیاسی فیصلہ انسانی وجود، تہذیبی ساخت اور ادبی اظہار کی گہرائیوں تک اثر انداز ہوتا ہے۔
برصغیر کی تہذیبی تاریخ ایک مرکب اور کثیرالابعاد تاریخ ہے۔ یہاں صدیوں سے مختلف مذاہب، زبانیں، نسلیں، رسوم، سلطنتیں اور ثقافتیں باہم تعامل کے ذریعے ایک وسیع تہذیبی وحدت تشکیل دیتی رہی تھیں۔ اگرچہ سیاسی سطح پر مختلف ادوار میں اقتدار کے مراکز بدلتے رہے، مگر سماجی و ثقافتی سطح پر برصغیر ایک مشترک تہذیبی خطہ تھا۔ اس مشترک تہذیبی فضا میں زبان و ادب نے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ فارسی، عربی، سنسکرت، برج، کھڑی بولی، پنجابی، سندھی، بنگالی، پشتو اور اردو سمیت متعدد زبانیں اس خطے کی فکری و جمالیاتی روایت کو مہمیز دیتی رہیں۔ اردو ادب بالخصوص اسی تہذیبی آمیزش کا حاصل تھا، ایک ایسی زبان اور ادبی روایت جو لشکری تجربے، شہری تہذیب، صوفی روایت، درباری کلچر، عوامی بولیوں اور بین المذاہب تعامل سے نمو پاتی رہی۔ یہی وجہ ہے کہ تقسیم سے پہلے کا اردو ادب برصغیر کی مشترکہ تہذیبی زندگی کا ایک زندہ آئینہ دکھائی دیتا ہے۔
تاریخِ ادب کے تناظر میں دیکھا جائے تو ادب ہمیشہ اپنے عہد کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی حالات سے مکالمہ کرتا ہے۔ کلاسیکی شاعری میں سلطنت، اخلاق، تصوف اور عشق کے مباحث ہوں یا جدید اردو ادب میں استعمار، قومیت، طبقاتی کشمکش اور جدیدیت کے سوالات، ہر دور کا ادب اپنے عہد کی تاریخی قوتوں سے متاثر بھی ہوتا ہے اور ان پر اثر انداز بھی۔ بیسویں صدی کے ابتدائی عشروں میں جب ہندوستان میں قوم پرستی، آزادی کی تحریک، ہندو مسلم تعلقات، نمائندگی کی سیاست، جداگانہ انتخاب، خلافت تحریک، کانگریس اور مسلم لیگ کی سیاسی کشمکش اور نوآبادیاتی ریاست کے مفادات باہم ٹکرا رہے تھے، تب ادب بھی اس فضا سے بے نیاز نہیں تھا۔ ترقی پسند تحریک، قومی شاعری، مزاحمتی ادب اور تہذیبی مباحث سب اسی بڑے تاریخی پس منظر سے جڑے ہوئے تھے۔ ادب میں وطن، آزادی، شناخت، مظلومیت، طبقاتی استحصال اور قومی مستقبل کے سوالات شدت سے ابھرنے لگے تھے۔ تاہم اس عہد کا ایک بنیادی المیہ یہ تھا کہ سیاسی تخیّل جس قومی وحدت یا جداگانہ قومیت کی تشکیل کر رہا تھا، اس کے نتائج عام انسان کی زندگی اور تہذیبی وحدت کے لیے کس قدر تباہ کن ہوں گے، اس کا پورا ادراک شاید کسی کو نہ تھا۔
تقسیمِ ہند کا فیصلہ دراصل ایک ایسے تاریخی موڑ پر ہوا جب برطانوی سامراج اپنی نوآبادیاتی گرفت ڈھیلی کر رہا تھا مگر جاتے جاتے اس خطے کو ایسی سیاسی صورتِ حال میں چھوڑ گیا جس میں اقتدار کی منتقلی کے ساتھ ساتھ تقسیمِ جغرافیہ کا عمل بھی تیز رفتاری سے انجام دیا گیا۔ ریڈکلف لائن نے نقشے پر ایک لکیر کھینچی، لیکن یہ لکیر محض کاغذ پر نہیں کھنچی، اس نے دریاؤں، کھیتوں، بستیوں، قبرستانوں، عبادت گاہوں، زبانوں، یادوں اور انسانی رشتوں کے بیچ سے گزر کر ایک ایسے اجتماعی زخم کو جنم دیا جو نسلوں تک رستا رہا۔ پنجاب اور بنگال کی تقسیم اس سانحے کی سب سے ہولناک صورتیں تھیں۔ ایک ہی تہذیبی و لسانی خطے کو مذہبی بنیاد پر دو حصوں میں بانٹ دیا گیا۔ نتیجتاً لاکھوں انسانوں کو اپنی زمین، گھر، محلہ، بازار، قبر، درخت، یادیں اور شناخت تک چھوڑ کر ہجرت کرنا پڑی۔ تاریخ کے صفحات میں یہ ہجرت صرف نقلِ مکانی نہیں بلکہ تہذیبی انہدام، نفسیاتی صدمے اور وجودی بے وطنی کی علامت بن کر ثبت ہوئی۔
جغرافیہ عام طور پر زمین کی طبعی ساخت، آب و ہوا، وسائل اور سرحدوں کا مطالعہ سمجھا جاتا ہے، لیکن تقسیم کے تناظر میں جغرافیہ ایک زندہ سماجی حقیقت بن کر سامنے آتا ہے۔ لاہور، امرتسر، دہلی، لکھنؤ، کلکتہ، ڈھاکا، کراچی، سیالکوٹ، لدھیانہ، جالندھر، علی گڑھ، میرٹھ، پٹنہ اور حیدرآباد جیسے شہر محض مقامات نہ تھے بلکہ تہذیبی مراکز، ادبی دبستان، لسانی حافظے اور اجتماعی زندگی کے استعارے تھے۔ جب سرحدیں بدلیں تو ان شہروں کے معنی بھی بدل گئے۔ لاہور پاکستان کا تہذیبی دارالحکومت بنا، دہلی ہندوستانی قومیت اور ریاستی مرکزیت کی علامت بنی، کراچی مہاجر تجربے کا بڑا استعارہ بن کر ابھرا، جب کہ لکھنؤ اور علی گڑھ جیسے مراکز ایک نئی تاریخی تنہائی میں داخل ہوئے۔ تقسیم نے جغرافیہ کو صرف سیاسی اکائیوں میں نہیں بدلا بلکہ ادبی تخیّل کی ساخت تک تبدیل کر دی۔ اب شہر محض محبت، تہذیب یا یاد کے مقامات نہ رہے، وہ ہجرت، اجنبیت، کھوئی ہوئی شناخت اور شکستہ حافظے کے مقامات بھی بن گئے۔
ادب نے اس سانحے کو جس شدت سے محسوس کیا، شاید تاریخ کی رسمی کتابیں بھی اسے پوری طرح محفوظ نہ کر سکیں۔ تقسیم کا ادب دراصل وہ متوازی تاریخ ہے جس میں اعداد و شمار سے زیادہ انسان کی چیخ سنائی دیتی ہے، سرکاری بیانیے سے زیادہ مہاجر کی خاموشی بولتی ہے اور سیاسی فیصلوں سے زیادہ عورت، بچے، بوڑھے، مسافر اور بے گھر انسان کی اذیت ثبت ہوتی ہے۔ اردو، ہندی، پنجابی، بنگالی اور انگریزی سمیت مختلف زبانوں کے ادب میں تقسیم ایک عظیم موضوع کے طور پر سامنے آئی۔ اردو افسانہ خصوصاً اس سانحے کا سب سے توانا اظہار بن کر ابھرا۔ سعادت حسن منٹو، راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر، احمد ندیم قاسمی، عصمت چغتائی، انتظار حسین، قرۃ العین حیدر، عبداللہ حسین، بانو قدسیہ اور بعد کے متعدد ادیبوں نے تقسیم کے المیے کو مختلف زاویوں سے پیش کیا۔
سعادت حسن منٹو کے افسانے تقسیم کے انسانی المیے کی سب سے تیز، بے رحم اور سچی تصویروں میں شمار ہوتے ہیں۔ "ٹوبہ ٹیک سنگھ" محض ایک پاگل خانے کی کہانی نہیں بلکہ تقسیم کے مضحکہ خیز اور سفاک سیاسی منطقے پر ایسا طنزیہ نوحہ ہے جس میں زمین، شناخت اور قومیت کے سارے دعوے ایک سوالیہ نشان بن جاتے ہیں۔ بشن سنگھ کا یہ نہ جاننا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پاکستان میں ہے یا ہندوستان میں، دراصل اس پورے تاریخی بحران کا علامتی اظہار ہے جس میں انسان اپنی زمین، اپنی شناخت اور اپنے وجودی مرکز سے کٹ جاتا ہے۔ "کھول دو"، "ٹھنڈا گوشت" اور دوسرے افسانوں میں منٹو نے تقسیم کی درندگی، جنسی تشدد، انسانی حیوانیت اور اخلاقی زوال کو اس بے باکی سے پیش کیا کہ آج بھی وہ متن محض ادبی شہ پارے نہیں بلکہ اجتماعی ضمیر کے کٹہرے میں رکھے ہوئے استغاثے معلوم ہوتے ہیں۔
قرۃ العین حیدر کے ہاں تقسیم ایک طویل تہذیبی تاریخ کے تسلسل میں سمجھنے کا مسئلہ بن جاتی ہے۔ "آگ کا دریا" میں تاریخ محض ماضی کا بیان نہیں بلکہ تہذیبی شعور کی مسلسل روانی ہے، جس میں مختلف ادوار، تہذیبیں، زبانیں اور کردار ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ اس ناول کا سب سے بڑا کارنامہ یہی ہے کہ یہ تقسیم کو کسی اچانک حادثے کے طور پر نہیں بلکہ برصغیر کی طویل تہذیبی تاریخ کے ایک پیچیدہ موڑ کے طور پر دیکھتا ہے۔ یہاں جغرافیہ اور تاریخ باہم پیوست ہیں، گنگا، جمنا، اودھ، دہلی، لکھنؤ، بنارس اور بعد ازاں پاکستان و ہندوستان کے نئے جغرافیے سب مل کر یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا تہذیبیں واقعی سیاسی سرحدوں کے ساتھ تقسیم ہو جاتی ہیں؟ یا ان کی تہہ میں کوئی ایسا مشترک حافظہ موجود رہتا ہے جو سرحدوں سے بڑا ہوتا ہے؟
انتظار حسین کے ہاں تقسیم کا تجربہ ہجرت، زوال، کھوئی ہوئی بستیوں اور تہذیبی بے گھری کے استعاروں میں ڈھلتا ہے۔ ان کے افسانوں اور ناولوں میں اجڑی ہوئی بستیاں، ہجرت کے قافلے، ماضی کی کہانیاں، دیومالا، داستان اور اسلامی و ہندوستانی تہذیبی حوالوں کی آمیزش اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ تقسیم صرف ایک سیاسی حادثہ نہیں بلکہ ایک تہذیبی کٹاؤ بھی تھی۔ انتظار حسین کے کردار اکثر ایک ایسی دنیا کی تلاش میں دکھائی دیتے ہیں جو ان کے ہاتھ سے چھن چکی ہے۔ ان کے ہاں جغرافیہ یادداشت میں بدل جاتا ہے، دبستان، شہر، گلی، درخت، مندر، مسجد، کوچہ، چوک سب ماضی کے ایسے نشانات بن جاتے ہیں جو حال میں موجود ہو کر بھی غیر موجود ہیں۔ یہ وہی کیفیت ہے جسے جدید تنقید میں "یادداشت کا جغرافیہ" کہا جا سکتا ہے، یعنی وہ مکانی دنیا جو انسان کے باطن میں محفوظ رہتی ہے اور جسے سیاسی سرحدیں مکمل طور پر مٹا نہیں سکتیں۔
عبداللہ حسین کے ناول "اداس نسلیں" میں تقسیم ایک طویل تاریخی و سماجی عمل کے نتیجے کے طور پر سامنے آتی ہے۔ اس ناول میں نوآبادیاتی نظام، جنگِ عظیم، دیہی و شہری معاشرت، طبقاتی تفاوت، سیاسی بیداری اور قومی تحریکیں اس انداز سے ایک دوسرے میں پیوست ہیں کہ قاری تقسیم کو محض 1947ء کے ایک واقعے کے طور پر نہیں بلکہ برصغیر کے بدلتے ہوئے سماجی ڈھانچے کے منطقی نتیجے کے طور پر دیکھنے لگتا ہے۔ اسی طرح بیدی، کرشن چندر اور دوسرے افسانہ نگاروں نے تقسیم کے دوران انسانی رشتوں کے بکھرنے، عورت کے استحصال، مذہبی جنون، اخلاقی منافقت اور ریاستی بے حسی کو مختلف جہات سے پیش کیا۔
تقسیم کے بعد ادب میں "ہجرت" ایک مستقل موضوع بن کر ابھری۔ ہجرت محض جسمانی نقل مکانی نہیں تھی بلکہ زبان، ثقافت، رسم الخط، خوراک، محاورے، سماجی ڈھانچے اور طبقاتی مقام کی تبدیلی بھی تھی۔ پاکستان میں آنے والے مہاجرین اپنے ساتھ صرف سامان نہیں لائے تھے بلکہ پورا ایک تہذیبی حافظہ، لسانی سرمایہ، طبقاتی شعور اور شہری روایت بھی لائے تھے۔ کراچی، حیدرآباد، لاہور اور دوسرے شہروں میں آباد ہونے والے یہ لوگ نئی ریاست کی تعمیر میں شریک تو ہوئے، مگر ان کے باطن میں پرانے شہروں، کھوئے ہوئے گھروں اور بچھڑے ہوئے عزیزوں کی یادیں مسلسل زندہ رہیں۔ یہی کیفیت ادب میں نوستالجیا، اجنبیت، عدم تحفظ، شناخت کے بحران اور "گھر" کی تلاش کی صورت میں ظاہر ہوئی۔ دوسری طرف ہندوستان میں رہ جانے والے مسلمانوں کے لیے بھی تقسیم ایک الگ نوعیت کا سانحہ تھی۔ وہ نہ ہجرت کر سکے، نہ پوری طرح اس نئی قومی سیاست سے الگ رہ سکے جس میں ان کی وفاداری، شناخت اور ثقافتی مقام مسلسل سوالات کی زد میں رہا۔ چنانچہ ہندوستانی اردو ادب میں تقسیم کے بعد "اقلیت"، "شناخت"، "زبان"، "شہریت" اور "حاشیہ نشینی" کے مباحث شدت سے سامنے آئے۔
یہاں زبان کے سوال کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تقسیم کے بعد اردو اور ہندی محض ادبی زبانیں نہیں رہیں بلکہ قومی، تہذیبی اور سیاسی شناختوں کے نشان بن گئیں۔ پاکستان نے اردو کو قومی زبان قرار دیا، حالانکہ آبادی کی اکثریت کی مادری زبان اردو نہیں تھی۔ ہندوستان میں ہندی کو ریاستی سرپرستی ملی اور اردو بتدریج ایک اقلیتی زبان کے طور پر دیکھی جانے لگی۔ اس لسانی سیاست نے ادب اور تہذیب دونوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ پاکستان میں اردو نے مختلف لسانی اکائیوں کے درمیان رابطے کی زبان کا کردار ادا کیا، مگر ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھا کہ کیا ایک کثیراللسانی ریاست میں ایک زبان کو قومی شناخت کی مرکزی علامت بنانا دوسری زبانوں کے لیے حاشیہ سازی کا سبب نہیں بنے گا؟ دوسری طرف ہندوستان میں اردو کی تہذیبی اور ادبی روایت اپنی تمام تر قوت کے باوجود ریاستی ترجیحات اور سیاسی فضا کے باعث دفاعی پوزیشن میں چلی گئی۔ یوں زبان خود ایک ایسا جغرافیہ بن گئی جس میں اقتدار، شناخت اور ثقافتی نمائندگی کی کشمکش جاری رہی۔
تاریخِ ادب کے تناظر میں تقسیم نے صرف موضوعات نہیں بدلے بلکہ اظہار کے اسالیب اور بیانیہ ساختوں کو بھی متاثر کیا۔ تقسیم سے پہلے کے رومانوی، اصلاحی یا ترقی پسند بیانیے کے ساتھ ساتھ اب شکستہ بیانیہ، fragmented memory، خاموشی، داخلی کرب، نفسیاتی انتشار، طنز، علامت، تمثیل اور وجودی بے یقینی کے عناصر نمایاں ہونے لگے۔ افسانہ مختصر، شدید اور کاٹ دار ہوا، ناول نے تہذیبی تاریخ، ہجرت اور قومی بیانیے کے بڑے سوالات کو اپنے اندر سمیٹنا شروع کیا، شاعری میں وطن، جدائی، بے گھری، قتلِ عام، انسان دوستی اور تہذیبی المیے کے استعارے گہرے ہوئے۔ فیض احمد فیض کے ہاں آزادی کی صبح ایک ادھوری صبح بن کر سامنے آتی ہے ایسی صبح جس میں خواب تو تعبیر پاتا دکھائی دیتا ہے مگر خون، محرومی اور ناانصافی کے سائے اسے مکمّل روشنی میں بدلنے نہیں دیتے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ادب سیاسی جشن کے مقابل ایک اخلاقی احتساب کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔
تقسیم کے بعد پاکستانی ادب اور ہندوستانی اردو ادب کے راستے اگرچہ جداگانہ سیاسی و سماجی فضا میں تشکیل پاتے ہیں، مگر ان کے اندر ایک مشترک زخم، مشترک یادداشت اور مشترک تہذیبی پس منظر موجود رہتا ہے۔ پاکستانی ادب میں نئی ریاست کی تعمیر، اسلامی شناخت، قومی بیانیہ، مشرقی و مغربی پاکستان کے تضادات، فوجی آمریت، جمہوریت، زبانوں کا مسئلہ، بنگلہ دیش کا سانحہ، طبقاتی کشمکش اور جدیدیت کے مباحث اہم ہوئے، جب کہ ہندوستانی اردو ادب میں سیکولر قومیت، اقلیتی وجود، اردو کی بقا، فرقہ واریت، بابری مسجد، گجرات اور دیگر واقعات کے تناظر میں مسلم شناخت اور شہری حاشیہ بندی کے مسائل نمایاں ہوئے۔ مگر اس کے باوجود دونوں طرف کے ادب میں تقسیم ایک پس منظر کے طور پر مسلسل زندہ رہی۔ گویا 1947ء محض ایک تاریخی تاریخ نہیں بلکہ ایک ایسا تہذیبی حوالہ بن گیا جس کے بغیر برصغیر کے جدید ادب کو مکمل طور پر سمجھنا ممکن نہیں۔
تقسیم کے تناظر میں جغرافیہ کا ایک اور اہم پہلو "سرحد" کا تصور ہے۔ سرحد بظاہر ایک سیاسی لکیر ہے، مگر حقیقت میں یہ اقتدار، نگرانی، خوف، شہریت، ملکیت اور یادداشت کا پیچیدہ نظام بھی ہے۔ سرحد یہ طے کرتی ہے کہ کون اِدھر کا ہے اور کون اُدھر کا، کس کی زبان قومی ہے اور کس کی اقلیتی، کس کی ہجرت قربانی ہے اور کس کی مشکوک وفاداری، کس کی یاد تاریخ ہے اور کس کی محض نجی اذیت۔ تقسیم کے بعد سرحد نے انسانوں کی روزمرہ زندگی، ان کے رشتوں، تجارت، ثقافت، زیارت، محبت، خط و کتابت اور ادبی تبادلے تک کو متاثر کیا۔ خاندان بٹ گئے، رشتے منقطع ہوئے، مزار اور زیارت گاہیں سرحد پار چلی گئیں، ادبی مراکز بکھر گئے، مخطوطات اور کتابیں ادھر اُدھر ہوگئیں اور یوں جغرافیہ طاقت کے ایک ایسے آلے میں بدل گیا جس نے انسانی تجربے کی ساخت کو بدل ڈالا۔
تقسیم کے ادبی بیانیے ہمیشہ یکساں نہیں رہے۔ ریاستی بیانیہ اکثر تقسیم کو قومی نجات، تاریخی کامیابی یا مذہبی آزادی کے طور پر پیش کرتا رہا، جب کہ ادبی بیانیہ اس جشن کے نیچے دبے ہوئے انسانی المیے کو سامنے لاتا ہے۔ یہی ادب کی اخلاقی قوت ہے کہ وہ فتح کے بیانیے میں شکست خوردہ انسان کی آواز شامل کرتا ہے، قومیت کے نعرے میں فرد کی چیخ سناتا ہے اور سرحد کے نقشے میں بچھڑے ہوئے گھر کی یاد محفوظ رکھتا ہے۔ تاہم ادب بھی ہمیشہ مکمل طور پر غیر جانب دار نہیں رہتا، بعض متون میں فرقہ وارانہ تعصب، قومی رومانویت یا سیاسی جانب داری بھی موجود ہوتی ہے۔ اس لیے تقسیم کے ادب کا مطالعہ کرتے وقت محض جذباتی تاثر کافی نہیں، بلکہ متن، تاریخ، نظریہ، سیاست اور سماج کے باہمی تعلقات کو تنقیدی شعور کے ساتھ دیکھنا ضروری ہے۔
اگر تقسیم کے تناظر میں تاریخِ ادب اور جغرافیہ کے باہمی تعلق کا خلاصہ کیا جائے تو چند بنیادی نکات سامنے آتے ہیں۔ اول، جغرافیہ محض طبیعی فضا نہیں بلکہ تہذیبی حافظہ، معاشرتی ساخت اور ادبی معنی کا حصہ ہے۔ دوم، تاریخ صرف سیاسی واقعات کا سلسلہ نہیں بلکہ انسانی تجربات، اجتماعی یادداشتوں اور تہذیبی صدمات کی تشکیل بھی ہے۔ سوم، ادب ان دونوں، تاریخ اور جغرافیہ، کے درمیان ایک حساس اور تخلیقی پُل کا کام کرتا ہے، وہ نہ صرف ماضی کو محفوظ کرتا ہے بلکہ اس کی نئی تعبیر بھی پیش کرتا ہے۔ چہارم، تقسیمِ ہند نے برصغیر کے ادب کو ایک ایسا موضوع، ایک ایسا زخم اور ایک ایسی فکری جہت عطا کی جس کے بغیر جدید اردو ادب، ہندی ادب اور جنوبی ایشیائی ادبیات کی تفہیم ادھوری رہتی ہے۔ پنجم، تقسیم نے زبان، شناخت، قومیت، ہجرت، اقلیت، عورت، تشدد اور یادداشت جیسے موضوعات کو ادبی و تنقیدی مرکزیت عطا کی، جس کے اثرات آج تک جاری ہیں۔
تقسیم پر لکھا گیا ادب صرف ماضی کا نوحہ نہیں بلکہ حال اور مستقبل کے لیے ایک اخلاقی انتباہ بھی ہے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ جب سیاست انسان سے بڑی ہو جائے، جب مذہب کو اقتدار کے ہتھیار میں بدل دیا جائے، جب جغرافیہ کو نفرت کی لکیر میں تبدیل کر دیا جائے، جب زبان کو ثقافتی پل کے بجائے سیاسی مورچے میں بدل دیا جائے اور جب تاریخ کو کثیر آوازہ انسانی تجربے کے بجائے یک رخی قومی بیانیے میں قید کر دیا جائے، تو نتیجہ صرف نئی ریاستیں نہیں ہوتیں بلکہ ٹوٹی ہوئی زندگیاں، بکھری ہوئی تہذیبیں اور نسلوں پر محیط نفسیاتی زخم بھی ہوتے ہیں۔ تقسیم کا ادب اسی لیے آج بھی زندہ ہے کہ وہ ہمیں صرف یہ نہیں بتاتا کہ 1947ء میں کیا ہوا تھا، بلکہ یہ بھی بتاتا ہے کہ انسان جب اپنی تہذیبی بصیرت کھو دے تو جغرافیہ کس طرح قبرستان اور تاریخ کس طرح ماتم میں بدل جاتی ہے۔
چنانچہ "تاریخِ ادب اور جغرافیہ: تقسیمِ پاکستان و ہند کے تناظر میں " ایک ایسا موضوع ہے جو محض ادبی یا تاریخی مطالعہ نہیں بلکہ تہذیبی خود شناسی کا سوال بھی ہے۔ اس موضوع کا تقاضا ہے کہ ہم تقسیم کو نہ صرف سیاسی تاریخ کے ابواب میں پڑھیں بلکہ ادب، زبان، ہجرت، یادداشت، شناخت اور جغرافیائی شعور کے وسیع تناظر میں بھی سمجھیں۔ ادب ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ نقشے بدلنے سے انسان کی یادداشت نہیں بدلتی، سرحدیں کھینچ دینے سے تہذیب کے رشتے ختم نہیں ہوتے اور ریاستی فیصلوں سے انسانی دکھ کی معنویت کم نہیں ہو جاتی۔ تقسیم نے برصغیر کے جغرافیے کو ضرور بدل دیا، مگر اس کے ساتھ ساتھ اس نے ادب کو ایک ایسی بصیرت بھی دی جس کے ذریعے ہم انسانی تاریخ کے سب سے گہرے سوالات وطن کیا ہے، شناخت کیا ہے، یادداشت کیا ہے اور انسان آخر کس زمین کا باشندہ ہے کو نئے سرے سے سمجھ سکتے ہیں۔
اسی لیے تقسیم کا مطالعہ دراصل انسان کے ٹوٹنے اور ادب کے بولنے کا مطالعہ ہے، جغرافیہ کے بٹنے اور یادداشت کے جڑنے کا مطالعہ ہے، تاریخ کے زخم اور تہذیب کے ضمیر کا مطالعہ ہے اور شاید یہی وہ مقام ہے جہاں ادب ہمیں تاریخ سے زیادہ سچ اور جغرافیہ سے زیادہ انسان دکھاتا ہے۔

