Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Dawood Ur Rahman
  4. Youm e Fatah Mubarak Ho

Youm e Fatah Mubarak Ho

یوم فتح مبارک ہو

پہلگام واقعہ کے بعد جس طرح انڈیا نے مثال قائم کی اس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس واقعہ کے بعد گودی میڈیا نے جو کردار ادا کیا اس کی مثال پورے صحافت کے تاریخ میں نہیں ملے گی۔ اسی دوران انڈیا نے ناپاک جسارت کی اور مساجد و مدارس کو حملہ کرکے اور معصوم شہریوں سمیت بچوں کی شہادت پر جشن منانے لگ گیا اور ساتھ اس کے میڈیا نے اپنی عوام کے سامنے اس ناپاک جسارت پر لڈیاں ڈالنا شروع کردیں۔

گودی میڈیا نے جس طرح من گھڑت، جھوٹی، فرضی، بنا تحقیق کے خبریں چلائیں، یقین کریں وہ ہم پاکستانیوں کے لیے کسی انٹرٹینمنٹ سے کم نہ تھا۔ اس گودی میڈیا نے اس وقت تمام حدود بھلادیں جب گودی میڈیا نے گزشتہ سے پیوستہ رات پاکستان پر قبضہ کرلیا تھا، ایک نے تو جزبات میں آکر ارشاد فرمادیا کہ کل کی پریس کانفرنس لاہور سے کروں گا۔

جیسے ہی سورج نے دیدار کرایا تو انڈیا کی عوام کو بھی علم ہوگیا کہ کل رات ہمیں کس طرح بیوقوف بناگیا۔ الغرض ایسے ایسے پروپگینڈے کیے گئے کہ ان کی عوام نے ہی آکر ان کو لعن طعن کرنا شروع کردیا۔

افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ جب اپنے ہی دشمن کی زبان بولنے لگ جاتے ہیں، انہوں نے یہ کردیا وہ کردیا ہم نے کیا کیا؟ ان سے گزارش کی بھی گئی اپنی افواج پر بھروسہ رکھو، اللہ کی رحمت پر یقین رکھو ان شاءاللہ سرپرائز ملے گا۔

ہم دشمن کی طرح بزدل نہیں کہ رات کو سوتے ہوئے نہتے لوگوں پر حملہ کرکے خوشی منائیں بلکہ ہم دلیر قوم کے دلیر لوگ ہیں سینہ تان کر جواب دیتے ہیں۔ ہم نے الزامات کی بوچھاڑ کرنے والے گودی میڈیا کو کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو دنیا دیکھے گی۔ انہوں نے مزاق سمجھا حالانکہ اس سے قبل افواج پاکستان کے دلیر نوجوانوں نے ان کے غرور رافیل کو دھول چٹوادی تھی۔

دشمن اس وقت حیران رہ گیا جب عوام نے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر کر وار کو نیست و نا بود کیا، دشمن سوچ میں پڑگیا کہ کس قوم کو للکارا ہے جس نے میرا ہی دنیا میں مزاق بنا ڈالا۔ یہ قوم اور افواج ہمیشہ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئیں جس کی موجودہ دور میں مثال ملنا شاید مشکل ہو۔

جب دشمن نے ہر حد پار کی تو پاکستان کے شیروں نے اپنا جواب بھی تیار کیا اور ایسا کہ دشمن سوچنے پر مجبور ہوجائے کہ ہوا کیا تھا۔ دشمن ہمارا صبر آزماتا رہا، مخلتف طریقوں سے اپنی چال چلتا رہا لیکن اللہ کے فضل سے ہمارے شیروں نے ہر وار ناکام بنایا اور دشمن کو منہ کی کھانا پڑی۔

10 مئی 2025 کو صبح کی نماز کے متصل بعد ہمارے شیر، دلیر، بہادروں نے دشمن کو جو جواب دیا اس کو دنیا نے دیکھا اور تاریخ نے سنہری باب لکھ دیا۔ قرآن کے حکم پر عمل کرتے ہوئے جب ہمارے سروں کے تاج نے نعرہ تکبیر کا نعرہ لگاکر فضا کو اللہ اکبر سے معطر کرکے جو قہر دشمن پر ڈھایا اور دلیری، بہادری، ثابت قدمی سے جو وار کیا اور مقابلہ کرکے غازی بن کر لوٹے تو دنیا ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئی کہ پاکستانی شیروں نے اپنی ذہانت اور بہادری کا جو نمونہ پیش کیا شاید دنیا میں وہ کہیں اور مل سکے۔

اللہ نے یہ عظیم شیر اس عظیم مملکت کو ہی عطا کیے ہیں جس کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر ہے۔ اللہ نے ہمیں فاتح بنایا ہے، غرور نہیں کرنا کیونکہ رب کو غرور پسند نہیں، صرف شکر ادا کرنا ہے، اس کی حمد کو بیان کرنا ہے اس کی مددو نصرت کے بغیر کچھ ممکن نہ تھا۔

میں اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے۔ افواج پاکستان کے سربراہان اور اپنے ہر ایک فوجی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اللہ نے ہمیں آپ جیسے شیر ہمیں عطا کیے ہیں کہ آپ نے اس ملک کو، اس ملک کی عوام کو فاتح بنایا ہے۔

آپ سرحد پر جاگتے ہو، ہم آرام سے اپنی میٹھی نیند سوتے ہیں۔

اے میرے غیور، بہادر، نڈر، دلیر شیرو ہم آپ کو سلام کہتے ہیں۔

اے دشمن کان کھول کر سن لے ہم امن کے داعی ہیں اور رہینگے لیکن اگر تونے میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو ہم سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

فتح کا سورج مبارک ہو۔

پاکستان زندہ باد۔
پاک فوج پائندہ باد

Check Also

Gumshuda

By Nusrat Sarfaraz