Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Dawood Ur Rahman
  4. Naya Islami Saal

Naya Islami Saal

نیا اسلامی سال

ایک بار پھر اللہ رب العزت کی بے پایاں رحمت اور کرم سے ہمیں نیا اسلامی سال نصیب ہوا۔ ہجری سال کا آغاز صرف تاریخ میں ایک نیا ورق پلٹنے کا موقع نہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان، عمل اور فکرکے نئے باب کا آغاز بھی ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب ہمیں رُک کر غور و فکر کرنا چاہیے کہ گزشتہ سال میں ہم نے کیا حاصل کیا، کیا کھویا اور آئندہ سال میں اپنے رب کے ساتھ اپنے تعلق کو کیسے مضبوط کریں گے۔

ہجرت کا وہ عظیم واقعہ، جس پر ہجری کیلنڈر کی بنیاد رکھی گئی، ہمیں قربانی، صبر، اخلاص اور مکمل توکل کی عظمت کا درس دیتا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی مدینہ ہجرت ایک نیا سفر، نئی امید اور دین کی سربلندی کا آغاز تھا۔ اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ دین کی راہ میں قربانی دینا اور نیک مقاصد کے لیے ہر رکاوٹ کو عبور کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔

آج کا ہمارا چیلنج یہ ہے کہ ہم تیز رفتار دنیا میں روحانی اور اخلاقی قدروں کو کیسے زندہ رکھیں۔ مادی ترقی کے باوجود ہم اخلاقی اور معاشرتی بحران کا شکار ہیں۔ ہجری سال کا آغاز ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگی کے ہر لمحے کو اللہ کی رضا کے لیے وقف کرنا ہوگا۔

اللہ تعالیٰ کی کتاب میں ارشاد ہے: "وَأَن لَّيُسَ لِلُإِنُسَانِ إِلَّا مَا سَعَىٰ، وَأَنَّ سَعُيَهُ سَوُفَ يُرَىٰ، ثُمَّ يُجُزَاهُ الُجَزَاءَ الُأَوُفَىٰ"۔ (سورۃ النجم: 39-41)

ترجمہ: "اور ہر انسان کے لیے صرف وہی ہے جس کی کوشش خود اس نے کی اور بیشک اس کی کوشش عنقریب دیکھی جائے گی، پھر اسے پورا پورا بدلہ دیا جائے گا"۔

یہ آیات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہمارے اعمال کی قدر و قیمت اللہ تعالیٰ کے ہاں ہماری اپنی محنت اور نیت کے مطابق ہے۔ جو کوشش ہم اللہ کی راہ میں کرتے ہیں، اس کا پورا پورا صلہ ہمیں دیا جائے گا۔ اس لیے ہر دن اپنی زندگی کو مفید بنانے کی کوشش کریں۔

نبی کریم ﷺ نے خود احتسابی کی اہمیت کو اجاگر کیا: "حَاسِبُوا أَنُفُسَكُمُ قَبُلَ أَنُ تُحَاسَبُوا"۔ (سنن ترمذی: 2459)

ترجمہ: "تم خود اپنا حساب کرو اس سے پہلے کہ تم پر حساب کیا جائے"۔

خود احتسابی کا عمل ہمیں اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو پہچاننے، انہیں سدھارنے اور نیکیوں کو بڑھانے کا موقع دیتا ہے۔ یہی عمل ہمیں آخرت میں کامیابی کی راہ دکھاتا ہے۔

نبی ﷺ نے زندگی کی نعمتوں کو ضائع نہ کرنے کی ہدایت فرمائی: "اغُتَنِمُ خَمُسًا قَبُلَ خَمُسٍ: شَبَابَكَ قَبُلَ هَرَمِكَ، وَصِحَّتَكَ قَبُلَ سَقَمِكَ، وَغِنَاكَ قَبُلَ فَقُرِكَ، وَفَرَاغَكَ قَبُلَ شُغُلِكَ، وَحَيَاتَكَ قَبُلَ مَوُتِكَ"۔ (مستدرک حاکم: 7846، مشکاة المصابیح: 5302)

ترجمہ: "پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو: اپنی جوانی کو بڑھاپے سے پہلے، اپنی صحت کو بیماری سے پہلے، اپنے مال کو فقر سے پہلے، اپنے فراغت کو مصروفیت سے پہلے اور اپنی زندگی کو موت سے پہلے"۔

یہ حدیث ہمیں زندگی کی مختصر اور قیمتی نعمتوں کی اہمیت سمجھاتی ہے کہ ہر لمحہ اللہ کی رضا کے حصول کے لیے قیمتی ہے۔ وقت ضائع کرنے والا اپنی سب سے بڑی نعمت کھو رہا ہوتا ہے۔

ہجری سال کے آغاز پر اصحاب رسول ﷺ یہ دعا پڑھتے تھے: "اللہُمَّ أَدُخِلُهُ عَلَيُنَا بِالُأمُنِ وَالُإِيمَانِ، وَالسَّلَامَةِ وَالإِسُلَامِ، وَرِضُوَانٍ مِّنَ الرَّحُمٰنِ، وَجِوَازٍ مِّنَ الشَّيُطَانِ"۔ (المعجم الأوسط للطبرانی: 6241)

ترجمہ: "اے اللہ! اس نئے مہینے کو ہمارے لیے امن، ایمان، سلامتی، اسلام، رحمت کی رضا اور شیطان کی پناہ کے ساتھ داخل فرما۔

یہ دعا ہمیں یاد دلاتی ہے کہ نیا سال اللہ کی حفاظت، امن اور ایمان کے ساتھ شروع کرنا چاہیے تاکہ ہم برائیوں اور شیطان کے وسوسوں سے بچ سکیں اور اپنے ایمان کو مضبوط بنا سکیں"۔

ہمارا عملی لائحہ عمل

نیا اسلامی سال ہمیں دو اہم کام کرنے کی دعوت دیتا ہے:

پہلا: ماضی کا محاسبہ۔

ہمیں اپنی زندگی کا جائزہ لینا چاہیے کہ گزشتہ سال میں ہم نے کیا اچھا کیا اور کہاں کہاں غلطیاں ہوئیں۔ عبادات، اخلاق، معاملات اور اللہ و بندوں کے حقوق کی ادائیگی میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لے کر ہمیں اپنی کمزوریوں کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

دوسرا: مستقبل کی منصوبہ بندی۔

اپنے تجربات کی روشنی میں نیکیوں کو بڑھانے اور گناہوں سے بچنے کا عزم کرنا چاہیے۔ یہ عزم نہ صرف ذاتی زندگی بلکہ معاشرتی، اخلاقی اور دینی میدانوں میں بھی ہونا چاہیے تاکہ ہماری زندگی کے ہر پہلو میں اصلاح ہو۔

آخر میں یہ نیا سال ہمیں ایک نئی روح، ایک نیا عزم اور اللہ کی رضا کی تلاش میں ایک نیا سفر شروع کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ فضولیات، اسراف اور بے راہ روی سے بچیں، توبہ و استغفار کا اہتمام کریں اور اپنی زندگی کو اللہ تعالیٰ کے تقویٰ کے دائرے میں لائیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس نئے سال میں خیر و برکت، سلامتی، استقامت اور کامیابی سے نوازے اور ہمیں اپنے بندوں کے حق میں بہتر کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔ آمین یا رب العالمین۔

Check Also

Mian Muhammad Baksh (19)

By Muhammad Sarfaraz