Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Shahid Afridi

Shahid Afridi

شاہد آفریدی

آپ کو پتہ ہے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے لمبا چھکا کس شخص نے مارا ہے؟ آپ سب اُس نام سے واقف ہیں اور وہ نام ہے "شاہد آفریدی"۔

کرکٹ کی تاریخ کا سب سے تیز کھیلنے والا کھلاڑی جس نے ہمیشہ ون ڈے کرکٹ کو بھی ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی طرح کھیلا اور تیز ترین کرکٹ کو متعارف کروانے کا اعزاز بھی آپ شاہد بھائی کو دے سکتے ہیں۔ کیونکہ شاہد آفریدی جتنی تیز کرکٹ شاید ہی کسی نے کھیلی ہو۔

شاہد آفریدی وہ واحد کھلاڑی ہے، جس کی وجہ سے کرکٹ گراؤنڈ بھر جاتے تھے اور اِس کے آؤٹ ہو جانے کے بعد گراؤنڈ خالی بھی ہو جاتے تھے۔ شاہد آفریدی اپنے چوکوں چھکوں کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچا۔ خدا نے اس کو خوب نوازا۔ اگر یہ چھکے مارنے میں مشہور تھا تو دنیا کا سب سے لمبا چھکا بھی اسی کی قسمت میں آیا۔

کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم اپنے کام یا ہدف میں ناکام ہو جاتے ہیں مگر زندگی ہمیں پھر سے مواقع فراہم کرتی ہے اور ہمیں کہتی ہے کہ لو جاؤ، دیا ایک اور موقع، کر لو اگر کچھ کر سکتے ہو۔ جیت لو اگر جیتنا چاہتے ہو۔ پھر یہ ہم پہ منحصر ہوتا ہے کہ ہم آگے کیسے بڑھتے ہیں۔ ناکامی کے بعد کامیاب کیسے ہوتے ہیں؟

آفریدی بھی بولر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگیا تھا۔ وہ آؤٹ ہو کر پویلین واپس جانے لگا تھا کہ "نو بال" کا فیصلہ آ گیا اور آفریدی کو "ناٹ آؤٹ" قرار دے دیا گیا۔ قسمت کے کھیل کہ وہ آؤٹ ہو کر بھی ناٹ آؤٹ رہا اور دوبارہ کھیلنے کا موقع دیا گیا۔ مگر اس بار جب آفریدی واپس آیا تو اس نے آتے ہی دنیائے کرکٹ کا وہ لمبا ترین چھکا دے مارا کہ جس کا ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔

وہ ناکامی کے بعد موقع ملتے ہی نیا ریکارڈ بنا گیا تو جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو آپ کیا کرتے ہیں؟ آپ اپنے میدان میں واپسی کیسے کرتے ہیں؟ آپ دوبارہ کیسے کھیلتے ہیں۔ کس جذبے سے لڑتے ہیں؟ کس سوچ سے ہدف تک پہنچتے ہیں؟

دیکھیں، زندگی کھیل کا میدان ہی تو ہے۔ کرکٹ میں بیٹسمین گیندیں کھیلتے ہیں یہاں ہم آنے والی رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہیں۔ ہمیں ہر روز ہر طرح کے مسائل دیکھنے پڑتے ہیں۔ ہم ناکام بھی ہوتے ہیں اور کامیاب بھی۔ کچھ ہمت ہار جاتے ہیں اور کچھ دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل ہو جاتے ہیں۔ آپ کچھ ہارتے ہیں تو کوئی بات نہیں مگر یاد رکھیں کہ واپسی شاہد آفریدی کے لمبے ترین چھکے کی طرح ہونی چاہیے۔ جسے دنیا یاد رکھے۔

Check Also

Falasteenion Ko Taleem Bacha Rahi Hai (1)

By Wusat Ullah Khan