Police Story
پولیس سٹوری
انسانی زندگی کئی اجزاء سے ملکر بنتی ہے اور ہماری فطرت میں کئی چیزیں شامل ہوتی ہیں جن میں سے ایک تجسس ہے۔ کھوج ہے، معلومات حاصل کرنے کی لگن ہے۔ ہمارا اندر تجسس سے بھرا ہوتا ہے۔ روزمرہ کے معاملات میں پیش آنے والے حالات و واقعات کے حوالے سے ہم شش و پنج میں مبتلا رہتے ہیں اور آس پاس کیا ہو رہا ہے اِس کی سُن گُن لینے کے لیے اُتاولے ہوئے رہتے ہیں۔
ہمسایہ کے گھر کے باہر کوئی نئی گاڑی آ کر کھڑی ہوئی ہے۔ فلاں کی بیٹی کب سے کب کہاں جاتی ہے۔ فلاں کا بیٹا کن عادات کا عادی ہے ایسی کئی معلومات کا پتہ رکھنا ہمارے معاشرے میں اب ایک عام سی بات بن چکی ہے۔ ہم ہر وقت کچھ نہ کچھ پتہ کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ پوشیدہ چیزوں کی حقیقت جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
مجھے بھی جبلت کے وجہ سے سسپنس تھرلر موویز دیکھنے کی عادت ہے۔ ایسی کہانی کہ جس میں کچھ پتہ نہ چل رہا ہو مگر حقیقت تک پہنچنے کے لیے ہونی والی ساری تگ و دو کو دیکھنا بڑا راحت طلب کام لگتا ہے۔ ہیرو، وِلن تک پہنچنے کے لیے کتنے جتن کرتا ہے اور ولن ہر بار کی طرح کیسے چکما دے کر پُھر ہو جاتا ہے، یہ سب دیکھنا بڑا اچھا لگتا ہے اور سچائی جاننے کا تجسس مکمل فلم دیکھنے پر اُکساتا ہے۔ دماغ پوری دلجمعی کے ساتھ ایک ایک سین پر فوکس کرتا ہے اور بعض سین تو رونگٹے کھڑے کر دینے والے مل جاتے ہیں۔
بعض فلموں کا سسپنس اتنا تھرلر ہوتا ہے کہ پتہ ہی نہیں چل رہا ہوتا کہ وِلن کون ہے، اِنہیں شاہکار فلموں میں سے ایک فلم "پولیس سٹوری" ہے۔ جو کہ شروع سے لیکر آخر تک اپنا سسپنس برقرار رکھتی ہے۔ دماغ ایک سیکنڈ کے لیے بھی اصلی وِلن تک نہیں پہنچ پاتا۔ فلم دیکھنے والے کی بھی حِس ولن تک نہیں پپنچ پاتی اور یہ چیز فلم کو اور مزیدار بناتی ہے۔ دل و دماغ کا برتن تجسس سے بھر کر چھلکنے لگ جاتا ہے مگر حقیقت کا اختتام سے پہلے تک کچھ اتہ پتہ نہیں چلتا۔
پولیس کہانی ایک ایسی سسپنس تھرلر فلم ہے کہ جس نے مجھے ایک لمحے کے لیے بھی بوریت محسوس نہیں ہونے دی اور ایک ہی بار میں ساری فلم دیکھنے پر مجبور کر دیا۔ اتوار کا دن تھا تو خوب مزے کے ساتھ وقت گزر گیا۔ اگر آپ بھی تھرلر فلمیں دیکھنے کے شوقین ہیں تو یہ فلم آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔