Friday, 03 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Neondra

Neondra

نیوندرا

شادی ایک ایسا عمل ہے جو ہونا ہی ہوتا ہے۔ ہر انسان اپنی زندگی میں ایک بار شادی تو لازمی کرتا ہے۔ پہلے رشتہ دیکھتا ہے اور پھر جب بات پوری طرح سے طے ہو جاتی ہے تو شادی کے کارڈ چھپوا کر اپنے عزیز و اقارب کو بھجوا دیتا ہے۔

پھر شادی پر مختلف اقسام کے کھانے تیار ہوتے ہیں تاکہ آنے والے مہمان پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں۔ شادی میں شرکت کے لیے آئے مہمان کھانا کھانے کے بعد میزبان فیملی کو نیوندرا ڈالتے ہیں۔ یہ رسم ازلوں سے چلی آ رہی ہے۔ یہ نیوندرا کیش دینا ہوتا ہے۔ ہر آنے والا مہمان میزبان کو نیوندرا ادا کرتا ہے اور اس طرح آپسی رشتے داروں میں نیوندرے کے ذریعے ایک دوسرے کی طرف کھاتا چلنا شروع ہو جاتا ہے۔ ہوتا یہ ہے ایک فیملی جب کسی دوسری فیملی کی شادی پر جاتی ہے تو مخصوص طے کردہ پیسے ادا کرتی ہے اور جب دوسری فیملی پہلی فیملی کی شادی پر آتی ہے تو وہ پہلی فیملی کے ادا کردہ نیوندرے کے حساب سے نیوندرا دیتی ہے۔

فرض کریں کہ پہلی فیملی 1000 نیوندرا ادا کرکے آئی تھی تو اب دوسری فیملی ان کو کچھ زیادہ پیمنٹ ادا کرے گی مثال کے طور پر 1000 کے بدلے میں 1500 سے 2000 تک یہ کیش ادا کریں گے۔

اس رسم کو لیکر اکثر شادیوں پر جھگڑے بھی ہو جاتے ہیں کہ آیا ہم نے تو آپ کو اتنا نیوندرا دیا تھا اور آپ اتنا کم ڈال رہے ہیں۔ بعض فیملیز بھی کنجوسی کی انتہاء کر دیتی ہیں۔ یعنی اگر کوئی ایسی فیملی کی شادی آ گئی ہے کہ جن کے بچے نہیں ہیں یا جن کے گھر کی آخری شادی ہے۔ تو وہاں لوگ نیوندرا بالکل پورا پورا ڈال دیتے یعنی زیادہ پیسے نہیں دیتے اس طرح وہ اپنے اضافی پیسے بچا لیتے ہیں۔

مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ہم نیوندرے کی شکل میں پانچ سو یا ہزار روپیہ بچا کر کتنا بڑا معرکہ سر کر لیتے ہیں؟ یعنی ایک رشتہ دار نے آپ کیطرف کارڈ بھیجا ہے۔ وہ محبت دکھاتا ہے۔ آپ پوری فیملی کے ساتھ وہاں جا کر کھانا کھاتے ہیں تو نیوندرے میں پانچ سو یا ہزار زیادہ دے دیں گے تو کون سی آفت آ جائے گی؟ فرض کرتے ہیں کہ یہ اضافی پیسے آپ کے ڈوب بھی رہے ہیں تو کیا؟ کیا یہ ایسا نقصان ہے جو آپ کو گرا کے رکھ دے گا؟ یا اس نقصان کے بعد آپ کے معاشی مسائل مزید بڑھ جائیں گے؟ اگر نہیں تو نیوندرے میں ہمیشہ اضافی پیسے ضرور ادا کریں۔

میری اپنی شادی میں ایک صاحب جو کہ معاشی لحاظ سے اچھے خاصے ہیں اور بڑا معتبر نام مانا جاتا ہے۔ انہوں نے نیوندرے میں صرف 100 روپیہ اضافی دیا کیونکہ میرے بعد کوئی شادی نہیں تھی۔ اب ان کے بیٹے کی شادی آ رہی ہے تو سوچ رہا ہوں کہ اگر میں ان کو سو روپیہ اضافی کے ساتھ پورا نیوندرا 200 ڈال دوں تو کیسا رہے گا؟ تب ان کو کیسا محسوس ہوگا؟ شاید کچھ شرم آ جائے۔ بلکہ سچ پوچھیں تو میرا ان کی شادی پر جانے کو بھی دل نہیں کر رہا۔ ایسے عظیم کفایت شعار انسان سے ملکر کرنا بھی کیا؟

ہم لوگ بہت عجیب عجیب چیزوں پر پیسے خرچ کر لیتے ہیں مگر نیوندرے میں اضافی چند سو روپے دینے سے کنی کتراتے رہ جاتے ہیں جبکہ کھانا پوری فیملی رج رج کے کھا لیتی ہے۔ میرے خیال میں اس رسم کو یا تو پوری طرح سے ختم کر دیا جانا چاہیے یا اگر رسم جاری رکھنی ہے تو اضافی پیسے لازمی دیں اور وہ بھی ہزار پندرہ سو تک۔ تاکہ اگلا انسان آپ کے آنے سے خوشی محسوس کرے نا کہ اسے پچھتاوا ہو۔

Check Also

Waqt

By Khalid Isran