Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Mera Facebook Career

Mera Facebook Career

میرا فیس بک کیرئیر

میں تقریباً 2011 سے فیس بک استعمال کر رہا ہوں۔ سب سے پہلا اکاؤنٹ Azhar Azzi کے نام سے بنایا تھا۔ وہ ایک ایسا اکاؤنٹ تھا کہ جس پر میں ہر طرح کا مواد شئیر کر لیا کرتا تھا، جیسا کہ لطیفے، عجیب بےتکی باتیں اور نجانے کیا کیا؟ آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایک بچگانہ یا ٹائم پاس کرنے والے انسان کا اکاؤنٹ تھا۔ جسے سوشل میڈیا کے حوالے سے اپنے حال یا مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔

لیکن تب بھی میں کبھی کبھار کوئی ہلکی پھلکی تحریر لکھ لیا کرتا تھا، مگر کوئی تسلسل موجود نہیں تھا۔ ایک دن ایسے ہی گاڑی میں سفر کرتے ہوئے، میں اور میرا ایک دوست کہیں جا رہے تھے تو اُس نے مجھے سرسری سا کہا کہ یار اظہر تم مستقل لکھنا کیوں نہیں شروع کرتے؟ مجھے لگتا ہے کہ تم میں یہ کوالٹی موجود ہے اور اگر تم کوشش کرو گے تو جلد ہی اِس میں خوب ماہر بھی ہو جاؤ گے۔

میں نے بھی جواب میں کہہ دیا کہ ہاں تم ٹھیک کہہ رہے ہو میرے دوست۔ میں کچھ سوچتا ہوں، اِس بارے میں، میں گھر آیا اور معمول کے کاموں میں مصروف ہوگیا، لیکن دوست کی کہی گئی بات دماغ میں ویسے ہی گھوم رہی تھی۔ رات کو سونے سے پہلے جب غور کیا تو بات میں وزن محسوس ہوا۔ پھر کیا میں نے اُسی وقت فیصلہ کیا کہ آج سے میری فیس بک ایک میچور اکاؤنٹ کے طور پر جانی اور پہچانی جائے گی۔

میں نے فوراً اپنے اُس اکاؤنٹ کو مستقل ڈلیٹ کیا اور اپنے مکمل نام کے ساتھ اِس اکاؤنٹ کو بنایا۔ میں نے اپنا یہ اکاؤنٹ جنوری 2020 کو بنایا تھا، یعنی اِس اکاؤنٹ کو بنائے صرف اڑھائی سال گزرے ہیں اور اللہ کے کرم سے میری فرینڈ لسٹ میں آج بہت معتبر نام موجود ہیں۔ میں زیادہ لائیکس اور کمنٹس کے چکروں میں کبھی بھی نہیں پڑا۔ میں نے کبھی اپنی پروفائل پر ایسی کوئی پوسٹ نہیں کی کہ کوئی لائیک کمنٹ نہیں کرتا تو مجھے دکھ ہوتا ہے وغیرہ وغیرہ۔

میں نے دو ماہ پہلے تک اپنی فرینڈ لسٹ کو صرف تین سے چار سو تک محدود کیے رکھا تھا، لیکن اب فرینڈ لسٹ کو وسیع کرنا شروع کر دیا ہے اور کوشش یہی ہے کہ ادب اور ہنر والے لوگ ہی میری فرینڈ لسٹ کا حصہ بنیں۔ میں اپنی پوسٹ کو اونلی فرینڈز تک محدود رکھتا ہوں یعنی کہ میری کسی بھی پوسٹ پر صرف میرے دوست کمنٹ کر سکتے ہیں اور جو میرا دوست نہیں ہے۔

اُسے کمنٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اب فرینڈ سرکل سات سو کے قریب پہنچ گیا ہے۔ جسے مزید بڑھایا جائے گا۔ لاکڈ پروفائل والی فرینڈز ریکوئسٹ کو بالکل قبول نہیں کرتا۔ بلکہ مجھے بڑی کوفت ہوتی ہے کہ یارررررر آخر کون سے راز ہیں۔ آپ کے اکاؤنٹ میں جو کوئی دوسرا نہیں دیکھ سکتا۔ اور سب سے مضحکہ خیز بات یہ کہ کسی انجان آدمی کو دوست بنا لینے سے وہ خطرہ ٹل بھی جاتا ہے۔

بھئی اگر اتنے ہی راز دفن ہیں، اکاؤنٹ میں تو کسی اجنبی کو دوستی کی ریکوئسٹ کیوں بھیجتے ہو؟ لکھنے کے حوالے سے بات کریں تو ایک ناول مکمل لکھ چکا ہوں، جسے کچھ ہی عرصے میں کتابی شکل میں ڈھال لیا جائے گا ان شاءاللہ اور دوسرا ناول اپنے سفر پر جاری ہے، مزید ایک موٹی ویشنل کتاب لکھنے کا کام بھی چل رہا ہے، ساتھ ساتھ۔ اللہ نے وقت اور طاقت دی تو لکھنے کا کام یونہی چلتا رہے گا ان شاءاللہ۔

میں سیاسی و مذہبی پوسٹ سے بہت دور رہتا ہوں۔ ان دونوں موضوعات پہ نہیں لکھتا۔ کئی دوست ان باکس میں مشورہ بھی دے دیتے ہیں کہ آپ سیاست پر بھی لکھا کریں، مگر میں معذرت کر لیتا ہوں کہ رہنے دیں بھئی، جب اتنی دنیا لکھ رہی ہے تو میرا لکھنا ضروری نہیں ہے۔ بس یہی کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی لکھوں، کچھ کام کا لکھوں یا جس سے کچھ فائدہ ہو سکے۔

مجھ سے اگر پوچھا جائے کہ لوگ مجھے کیوں پڑھیں تو میرا جواب ہوگا کہ اگر آپ معاشرتی سچ جاننا چاہتے ہیں تو مجھے پڑھنا پڑے گا۔

Check Also

Asal Muslim

By Muhammad Umair Haidry