Saturday, 27 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Log Chor Kyun Jaate Hain?

Log Chor Kyun Jaate Hain?

لوگ چھوڑ کیوں جاتے ہیں؟

ہر آدمی اپنے تخیل کی دنیا کا بادشاہ ہوتا ہے۔ وہ جانے کیا کیا خواب دیکھتا ہے، پتہ نہیں کیا کیا سوچتا ہے۔ کسی سمندر کے ساحل پر، یا کسی جھیل کنارے کوئی بہت ہی حسین گھر ہو جہاں وہ سکون کی زندگی گزار سکے۔ ایک پُر آسائش زندگی کے مزے لوٹ سکے۔

اچھا اِس کو چھوڑیں، آپ یہ کریں کہ اپنی پسند کا کوئی کمرہ امیجن کریں۔ جہاں اٹالین کام کی چمک ہو، سنگ مرمر کے ساتھ ساتھ بہترین اور حد درجہ خوبصورت لکڑی کا کام ہوا ہو۔ مطلب کہ کمرہ اِس قدر شاندار ہو کہ جتنا ایک آدمی خیالوں کی دنیا میں سوچ سکتا ہے۔ فرض کریں کہ وہ کمرہ آپ کو حقیقی زندگی میں دے دیا جائے تو پھر آپ کے تاثرات کیا ہونگے؟ یقیناً آپ کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں ہوگی۔

لیکن، رکیے۔

اگر اُسی حسین کمرے کے کسی کونے میں پوٹی، یا کسی بھی قسم کا کوئی کوڑا کرکٹ رکھ دیا جائے تو، کیا آپ پھر بھی اپنے تخیلاتی کمرے میں رہنا پسند کریں گے؟ تو جواب ہوگا کہ یقیناً نہیں۔

کوئی بھی کسی ایسے کمرے میں نہیں رہنا چاہے گا کہ جس کے کسی کونے میں پوٹی پڑی ہو یا کوئی کوڑا کرکٹ اور اوپر سے اِس کوڑا کرکٹ کو روزانہ کی بنیاد پر تازہ لا کر رکھا جائے تو سوچیں کیا حالت ہوگی؟ بدبو کی گھٹن تو بہت دور رہ گئی، کوڑے کے وجود سے ہی گھن آنے لگتی ہے۔ یہ تصور ہی کمرے میں نہیں رہنے دے گا کہ یہاں کوڑا موجود ہے۔ دل کہے گا کہ باقی تو سارا کچھ بہت بہترین ہے مگر ہائے یہ کوڑا کرکٹ، یہ نِرا گند۔

ایک کونے میں پڑی ہوئی پوٹی آپ کو آپ کے خوابوں والے کمرے سے دور رہنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ تو ذرا سوچیں۔ بالکل اِسی طرح ہم انسانوں کا اندر بھی بےحد حسین اور خوبصورت ہوتا ہے لیکن ہم اپنی فطرت یا تربیت کے ہاتھوں مجبور اپنے اِس اندر کو غیبت، چغلی، جھوٹ، جوا، شراب یا زناکاری کے گندے کوڑا کرکٹ سے بھر لیتے ہیں۔ اور یہ بھول جاتے ہیں کہ ہمارا کردار ہی ہماری پہچان ہوا کرتا ہے۔

بالکل اُسی کمرے کی طرح کوئی بھی نیک انسان کسی زانی کے ساتھ تعلقات رکھنا گوارا نہیں کرتا۔ چغلی کھانے والے سے لوگ دور رہنا پسند کرتے ہیں۔ غیبت کرنے والا ویسے ہی دلوں سے اُتر جاتا ہے۔ جھوٹے کی کسی بات پہ کوئی اعتبار نہیں کرتا۔ اِسی طرح کی کوئی بھی ایک بُری عادت ہمیں، اپنے پیاروں سے بہت دور کر دیتی ہے۔ منہ پر نہ سہی، لوگ پیٹھ پیچھے برائیاں ضرور کرنے لگتے ہیں۔

کوئی دل سے عزت نہیں کرتا۔ کوئی ساتھ نبھانا بھی چاہے تو ہماری گندی عادت کی وجہ سے ایک دن چھوڑ جاتا ہے۔ بھئی یہاں تو اخبار سگی اولادوں کو عاق کر دینے کی خبروں سے بھرے پڑے ہیں تو سوچنے والی بات یہ ہے کہ پھر کوئی نہ کوئی ایسی وجہ تو ضرور ہوتی ہوگی نہ کہ جو سگا باپ اِس حد تک چلا جاتا ہے۔

کوشش کریں کہ اپنا اندر صاف رکھیں۔ کیونکہ ہمارا اندر ہو یا پھر ہمارا گھر، یہ صاف ہی اچھا لگتا ہے۔ اور ایسا کرنے سے لوگ خود آپ کی طرف کھینچیں چلے آتے ہیں۔ عزت کرتے ہیں اور سب سے بڑھ کر کہ وہ اوپر والا بہت خوش ہوتا ہے۔

Check Also

Mein Aap Ka Fan Hoon

By Rauf Klasra