Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Kya Tum Ne Bio Parhi Hai?

Kya Tum Ne Bio Parhi Hai?

کیا تم نے بائیو پڑھی ہے؟

سنو، کیا تم نےکبھی بائیو پڑھی ہے؟ اُس میں دو موضوع ایسے ہیں جو وولنٹری اور ان وولنٹری ایکشن کے نام سے پڑھائے جاتے ہیں۔ یعنی ایسے دو ایکشنز جن میں ہماری مرضی ہوتی ہے یا جن میں ہماری مرضی نہیں ہوتی۔ یعنی ہمارا جسم کچھ ایسے کام بھی کرتا ہے کہ جو غیر ارادی طور پر ہوتے ہیں مثال کے طور پر، عمل انہضام، دل کی دھڑکن وغیرہ اور کچھ کام ایسے ہوتے ہیں کہ جن کو ہونا تو ہوتا ہی ہے لیکن اگر ہم چاہیں تو کچھ وقت کے لیے اُنہیں روک سکتے ہیں جیسا کہ سانس لینا، پیشاب آنا وغیرہ۔

ہم اگر چاہیں بھی تو دل کی دھڑکن کو نہیں روک سکتے، ہم نے جو کچھ کھایا ہوتا ہے اُسے معدے کو کہہ کر ہضم کرنا بند نہیں کروا سکتے۔ یعنی یہ وہ کام ہیں جو خود ہی ہوتے رہتے ہیں جن پر ہمارا کوئی بس نہیں چلتا۔ جبکہ دوسری قسم کے کام بھی رکنے والے نہیں ہیں مگر اُن پر کچھ دیر کے لیے ہی سہی ہمارا اختیار ضرور ہوتا ہے۔ ہم اُنہیں اپنی مرضی سے جب چاہیں کچھ وقت کے لیے قابو کر سکتے ہیں۔

بالکل اِسی طرح تمہیں پیار کرنا میرا پہلا وہ ایکشن ہے کہ جو غیر ارادی طور پر ہوتا ہے، جسے میں روک نہیں سکتا۔ جو میرے بس میں نہیں ہے۔ بس یہ خود ہی ہوتا ہے۔ میں ہر وقت تم سے پیار کرتا رہتا ہوں۔ یہ پیار دل کی اُس دھڑکن کی طرح ہے جو بند نہیں ہو سکتا۔

اب آتے ہیں دوسرے ایکشن کی طرف کہ جسے کچھ وقت کے لیے ہی سہی ہم اپنے قابو میں کر سکتے ہیں تو تمہیں بھولنے کی کوشش کروں یا ایسا کچھ سوچوں بھی تو سانس بند ہونے لگتی ہے۔ یعنی کہ دوسرا ایکشن کرنے بھی لگوں تو وہ فوراً پہلے ایکشن میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ میں چاہوں بھی تو تمہیں پیار کرنا بند نہیں کر سکتا۔ میں چند پلوں کے لیے ہی سہی مگر تمہیں نہیں بھلا سکتا۔ تمہاری ذات کو لیکر بائیو کا دوسرا ایکشن مجھ پر اپلائی نہیں ہوتا۔ کیونکہ محبت ہوتی ہی غیر ارادی ہے۔ اِسے چاہ کر بھی ختم یا محبت کرنا بند نہیں کیا جا سکتا۔ محبت کے معاملے میں بائیو کا دوسرا ایکشن فیل ہوتا ہے۔

محبت میں بس نہیں چلا کرتا اور وہ محبت بھی کیا جو بےبس نہ کر دے۔ محبت میں بھلا کیسا قابو پن؟ کیسا کنٹرول؟ یہ ندی کے پانی کی طرح بس بہتی ہے۔ کوئی بند باندھ کر روکنے کی کوشش کی بھی جائے تو پانی نہیں رکتا، بس اپنا رستہ بدل لیا کرتا ہے۔

کاش تم سمجھتی کہ محبت میں بائیو کے اِس موضوع کا دوسرا ایکشن ناکارہ ہوتا ہے۔ مگر تم ٹھہری عملی لڑکی جس کے دل پر بھی دماغ لگا ہوا ہے اور میں کہ جس کے دماغ کی شریانیں بھی محبت کے پانی سے پھلتی پھولتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں، تم پر بھی ایک دن ایسا آئے گا جب تم بائیو کے دوسرے ایکشن کو بھی پہلے ایکشن جیسا محسوس کرو گی اور وہ دن ضرور آئے گا۔ یاد رکھنا۔

Check Also

Sarak, Sawari Aur Be Dharak Yaari (2)

By Maaz Bin Mahmood