Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Khane Ke Adaab

Khane Ke Adaab

کھانے کے آداب

کھانا کون نہیں کھاتا، سب ہی کھاتے ہیں اور یہ انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات میں سب سے ٹاپ پر ہے۔ ہم روزانہ دن میں تین یا دو بار تو لازمی کھانا کھاتے ہیں۔ کھانا روزمرہ زندگی کے معمولات کا ایک لازمی جزو ہے۔ کھانا کھانے کی بات کریں تو جہاں پہ ہر چیز کے کچھ آداب ہوتے ہیں وہیں کھانے پینے کے بھی چند طریقہ کار ہیں۔ جنہیں فالو کرنا بےحد ضروری ہے۔

ہم اکیلے میں جیسے مرضی کھانا کھائیں، لیکن جب کہیں مہمان بن کر یا میزبان بن کر ہمیں لنچ یا ڈنر کرنا مقصود ہو تو چند ضروری ٹپس ہیں۔ جن پہ عمل کرنا بڑا ضروری ہے، وگرنہ اُس دعوت یا میٹ اپ کا ٹھیک ٹھاک ستیا ناس ہو سکتا ہے۔

1۔ ہاتھ دھو کر اور کھانا اللہ کے نام سے شروع کریں۔

2۔ کوشش کریں کہ جو آپ کو پسند ہے، وہی کھانا اپنی پلیٹ میں ڈالیں۔

3۔ اپنی بھوک کے مطابق کھانا پلیٹ میں ڈالیں تاکہ کھانا ضائع نہ جائے۔

4۔ آرام سے سکون سے ایک ایک نوالہ منہ میں ڈالیں، آہستہ آہستہ چبائیں۔ جلدی مت کریں۔

5۔ کچھ لوگوں کو کھانے کے دوران زور زور کی آوازیں نکالنے کی عادت ہوتی ہے۔ جسے ہم اپنی زبان میں"چباکے مارنا" کہتے ہیں۔ وہ آواز بہت ہی الجھن پیدا کرتی ہے۔ کوشش کریں کہ کھانا چبانے کے دوران آوازیں نہ نکلیں۔

6۔ شوربے والا سالن ہو تو کچھ لوگ نوالے کو شوربے میں بھگونے کے بعد شوربے والی پلیٹ کے عین اوپر اپنے منہ کو لا کے نوالہ منہ میں ڈالتے ہیں۔ ایسا کرنے سے آپ کے منہ سے گرنے والے قطرے دوبارہ اُسی پلیٹ میں گر جاتے ہیں۔ یہ بہت ہی بری عادت ہوتی ہے۔ اگر دو لوگ ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھا رہے ہوں تو اِس حرکت کی وجہ سے دوسرا انسان کیسے کھانا کھا سکے گا؟

آپ اپنے ہر نوالے پہ سالن کو جوٹھا کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ایسا کرنے سے باز رہیں۔

7۔ سالن جب سامنے آتا ہے تو ظاہری سی بات ہے کہ گرم ہوتا ہے تو تھوڑا انتظار کر لیں تاکہ وہ کچھ ٹھنڈا ہو جائے۔ چونکہ ہم لوگوں میں انتظار کی عادت نہیں ہے، تو اِسی لیے کچھ لوگ سالن کو نوالے میں ڈال کر زور زور سے پھونکیں مارنا شروع کر دیتے ہیں اور وہ پھونکیں اتنی زور دار ہوتی ہیں کہ سامنے پڑے سالن کے باؤل میں بھی جا رہی ہوتی ہیں۔ اور یوں آپ اپنی سانسوں کی مہک سامنے پڑے سارے کھانے پہ نچھاور کرنے لگ جاتے ہیں۔

سامنے والے یا پھر ساتھ کھانے والے سب لوگوں کے لیے آپ کی پھونکوں سے تَر کھانا کھانے میں الجھن محسوس ہوتی ہے اور وہ مارے مروت کے آپ کو کچھ کہہ بھی نہیں سکتے۔

8۔ پانی پیتے وقت کوشش کریں کہ آواز نہ نکلے یا منہ سے پانی کی قطرے نہ گریں۔

9۔ چائے پیتے وقت سُڑک سُڑک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیا اِس کے بغیر چائے گلے میں نہیں اُتر سکتی۔ چائے کا گھونٹ آرام سے سکون سے بھریں اور پوری کوشش کریں کہ بِنا آواز کے پئیں۔ ساری دنیا کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ آپ چائے پی رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اِس طرح کی آوازوں سے سخت چِڑ ہوتی ہے تو اپنا نہیں تو دوسروں کا خیال کر لیا کریں۔

10۔ کھانا کھا لینے کے بعد خُدا کا شکر ادا کریں کہ اُس نے پیٹ بھر رزق عطا کیا اور یہ بھی دعا کریں کہ اللہ حلال رزق کمانے اور کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

یہ چند آداب جو میری نظر میں تھے کہ جنہیں فالو کرنا بڑا ضروری ہے۔ ہم انسان ہیں، تمیز، تہذیب اور آداب ہماری ثقافت میں شامل ہے تو کیوں نا پھر ہم کھانا کھاتے وقت ضروری آداب کو بھی ملحوظِ خاطر رکھیں۔

اللہ آپ سے راضی ہو۔

Check Also

Kahani Aik Dadi Ki

By Khateeb Ahmad