Sunday, 15 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Iron Dome System

Iron Dome System

آئرن ڈوم سسٹم

کیا آپ آئرن ڈوم سسٹم کے متعلق کچھ جانتے ہیں؟ میں نے بھی اِس کے بارے میں کافی سُن رکھا ہے۔ یہ آئرن ڈوم سسٹم اصل میں ائیر ڈیفینس ٹیکنالوجی کی کوئی تگڑی بَلا کا نام ہے۔ یعنی ایسی ٹیکنالوجی جو ہوا میں ہی مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آئرن ڈوم سسٹم ایک ایسا نظام ہے، جس سے آپ اپنی طرف آنے والے راکٹ اور ٹینک توپوں کے گولے وغیرہ کو ہوا میں ہی خارج یعنی ضائع کر سکتے ہیں۔ آپ کی طرف آنے والا کوئی بھی راکٹ آپ تک پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں ضائع ہو جاتا ہے اور آپ محفوظ رہتے ہیں۔

کس قدر شاندار ٹیکنالوجی ہے کہ جس کے استعمال سے آپ خود کو مضبوط بناتے ہیں اور دوسروں کی طرف سے نقصانات پہنچانے والے ہتھیاروں سے اور آلات سے خود کو محفوظ رکھتے ہیں، بچاتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ جو مجھے پسند ہے کہ آپ ایسا سسٹم بنانے کے بعد باہر کی طرف سے پرسکون ہو جاتے ہیں۔ اب بات صرف اندر کی رہ جاتی ہے یعنی اب آپ اپنے اور بہت سے پراجیکٹس پر بےفکر ہو کر کام کر سکتے ہیں۔ ترقی کے زینے چڑھ سکتے ہیں۔

یہ تو ہے ایک ملکی سطح پر بنایا گیا آئرن ڈوم سسٹم جبکہ ہمیں انفرادی طور پر بھی ایسے ہی ایک سسٹم کی سخت ضرورت ہوتی ہے اور وہ بھی اس حال میں کہ جب آپ نے کچھ کرنے کی ٹھان لی ہو۔ جیسے کسی چھوٹے یا غریب ملک کی بڑھتی اکانومی دوسرے طاقتور ممالک سے ہضم نہیں ہوتی بالکل ویسے ہی کسی عام انسان کی تبدیل ہوتی عادتیں یا آگے بڑھنے کی لگن اور ترقی دوسرے لوگوں سے برداشت نہیں ہوتی اور وہ منہ سے آگ برسانے لگتے ہیں۔

ایسے میں آپ کو بھی ایک آئرن ڈوم ڈیفینس سسٹم کی ضرورت پڑتی ہے کہ جو دوسروں کی طرف سے آنے والے طنزیہ جملے، بکواسیات، اور تنقیدی ذاتی حملوں کو ہوا میں ہی ختم کر سکے۔ آپ کے دل اور دماغ تک پہنچنے سے پہلے ہی ایسی فضولیات کو ضائع کر دے۔ آپ ایسے سسٹم کی وجہ سے External disturbances سے بچ سکیں۔ کیونکہ آپ تبھی اپنے کام پر فوکس کر سکیں گے جب آپ ذہنی طور پر سکون میں ہونگے۔ کسی باہری مسائل کا شکار نہیں ہونگے۔

تو آپ بھی اپنے وجود کے گرد ایسا آئرن ڈوم سسٹم بنا لیں کہ جو آپ کو محفوظ رکھ سکے۔ کیونکہ یاد رکھیں، ترقی اُس باسی کھانے کی طرح ہوتی ہے جو دوسروں کو ہضم نہیں ہوتی۔ اور جتنا جلدی آپ اِس حقیقت کو قبول کر لیں گے کہ اُتنا ہی آپ کے لیے اچھا ہے کیونکہ اِس دنیا میں سوائے آپ کے والدین کے اور کوئی بھی آپ کی ترقی سے خوش نہیں ہو سکتا۔ تو ایسے تخریب نما لوگوں کو نظر انداز کرنا شروع کریں، دل اور دماغ پر آئرن ڈوم سسٹم کو آن کریں تاکہ کسی کے طعنے آپ تک پہنچ ہی نہ پائیں۔ ایسا سسٹم پریکٹس سے بنتا ہے۔ محنت لگتی ہے۔ مگر ایسا نظام بنانا ناممکن نہیں ہے کیونکہ انسان چاہے تو وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔

Check Also

Chuha Aur Sone Ke Dinar

By Muhammad Saqib