Film Ardaas
فلم: اَرداس
زندگی کبھی بھی کسی کے لیے آسان نہیں ہوتی۔ یہ وہ آگ کا دریا ہے کہ جسے ڈوب کر عبور کرنا ہی پڑتا ہے۔ ایک عام انسان کیسے کیسے مسائل کا سامنا کرتا ہے، جانے کتنی ہی تکالیف کو جھیلتا ہے۔ لیکن زبان پر کبھی شکوہ نہیں لاتا۔ اوپر والے پہ یقین رکھتے ہوئے صبر کرتا ہے اور زندگی کو بہتر انداز میں جینے کے حیلے بہانے ڈھونڈتا ہے۔ اَرداس فلم ایک ایسا ہی شاہکار ماسٹر پیس ہے کہ جو دیکھنے والے کو ورطہِ حیرت میں ڈالے رکھتا ہے۔
میں نے جب یہ فلم پہلی بار دیکھی تھی تو جانے کتنے ہی دن تک اِس کے سحر سے آزاد نہیں ہو پایا تھا۔ پھر میں نے اِس فلم کو بارہا دیکھا۔ یہ فلم ہمت، داد اور حوصلے سے بھرپور فلم ہے۔ اگر کبھی لگے کہ زندگی تنگ ہو کر رہ گئی ہے یا تکالیف بڑھ گئی ہیں، تو اِس فلم کو لازمی دیکھیں۔ ایسا نہیں ہے کہ اِس کو دیکھ لینے سے مسائل حل ہو جائیں گے یا پریشانیاں چٹکی میں ختم ہو جائیں گی؟ بالکل نہیں۔
لیکن ہاں یہ فلم آپ میں ہمت ضرور بھر دے گی حوصلہ دے دے گی، جس سے آپ کو زندگی کے دُکھوں کا سامنا کرنے میں آسانی ہو جائے گی۔ اِسے دیکھ کر آپ کو پتہ چلے گا کہ ہر انسان ہی حالتِ جنگ میں ہے اور جانے کب سے اور کتنی بڑی اپنے اندر لگی جنگ سے لڑ رہا ہے۔ سب کی کمزوریاں ہیں، سب ہی مصیبتوں کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تب پتہ چلتا ہے کہ ہمارا درد تو کوئی درد ہی نہیں ہے۔
یہ فلم بھی ایک ایسے ہی انسان کے گرد گھومتی ہے کہ جو ایک پچھتاوے سے جنگ لڑ رہا ہوتا ہے اور پچھتاوے کی جنگ بڑی خطرناک جنگ ہوا کرتی ہے۔ اور یہ جنگ آپ کے آنکھوں میں آنسو لے آتی ہے۔ ایک ایسا انسان کہ جو ایک رشتے کی لاج رکھنے کے چکر میں دو رشتے کھو بیٹھتا ہے اور یہی وجہ اُس کی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا بن جاتی ہے اور تنہائی اُس کی جان کو آنے لگتی ہے۔ یہ فلم بتاتی ہے کہ کیسے ایک انسان اپنے اندر کے پھیلے ناسور کے ہوتے ہوئے بھی دوسروں کے غم بانٹتا ہے۔
دوسروں کی تکالیف کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہر انسان امید کا پَلو پکڑ کر زندگی کو خوشگوار کرنا سیکھ جائے اور وہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی ہو جاتا ہے۔ پوری فلم موٹیویشن سے بھرپور ہے۔ میں یہ فلم ہر اُس انسان کو لازمی دیکھنے کا کہتا ہوں کہ جو ہمت ہار چکا ہو۔ جو کسی پچھتاوے میں جی رہا ہو یا زندگی کے اَڑچلوں سے تنگ ہو۔ وہ یہ فلم لازمی دیکھے۔