Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Elfi

Elfi

ایلفی

کیا آپ نے کبھی ایلفی کی بوتل کو دیکھا ہے؟ ایلفی اکثر ہمارے گھروں میں بہت سی چیزوں کو جوڑنے کے کام آتی ہے۔ یہ تقریباً ہر گھر میں موجود ہوتی ہے اور اگر نہیں بھی ہوتی تو استعمال تو لازمی ہو چکی ہوتی ہے۔

آپ نے ایک بات لازمی نوٹ کی ہوگی کہ ایلفی بوتل کے اندر نہیں چپکتی مگر جیسے ہی وہ بوتل سے باہر آتی ہے، چیزوں کو جوڑنے کے کام آنے لگتی ہے۔

ایلفی کی بوتل میں ایلفی اس لیے نہیں چپکتی کیونکہ ایلفی ایک ایسے کیمیکل سے بنی ہوتی ہے کہ جس میں پانی ہونے کی وجہ سے یہ مائع کی حالت میں رہتی ہے۔

بند بوتل میں اتنی ہوا نہیں ہوتی کہ پانی بخارات بن کے اُڑ سکے اور ایلفی سوکھ جائے۔ اِسی لیے ایلفی بوتل میں خشک نہیں ہوتی۔

ایلفی کو کام میں لانے کے لیے، یا ایلفی کو خود کو کارآمد بنانے کے لیے بوتل سے باہر نکلنا پڑتا ہے اور ہوا کی مدد سے وہ خود کو کارآمد بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔ ایلفی کی اندر کی خصوصیات تبھی کام کرتی ہیں جب وہ بوتل سے باہر آتی ہے اور باہر کی ہوا اُس کے اندر کے پانی کو بخارات کی شکل میں تبدیل کرکے ایلفی کو چیزوں کے جوڑنے کے قابل بناتی ہے۔

ہمارا اندر بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ ہم بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں مگر ہم اپنے ٹیلنٹ کو بوتل سے باہر ہی نہیں آنے دیتے۔ ہمارا اندر بوتل کی مانند ہے اور ٹیلنٹ ایلفی کی طرح۔

ٹیلنٹ باہر آئے گا تو پریکٹس اور مستقل مزاجی کی ہوا اُسے کارآمد بنا سکے گی، نکھار سکے گی۔ ہمارا ٹیلنٹ تبھی کام کر سکتا ہے کہ جب وہ ہمارے اندر سے باہر نکل کر پریکٹس کے ذریعے خود کو نکھارے گا۔ جب پریکٹس ہوا کا کام کرتے ہوئے ہمارے اندر سے سستی، اور کمفرٹ زون کے پانی کو بخارات کی طرح اُڑائے گی۔ تب یہ جادو کام کرے گا۔

یار رکھیں کہ کمفرٹ زون نِری موت ہوتی ہے۔ جیسے پانی کی موجودگی سے ایلفی بوتل میں خوش اور محفوظ ہے مگر ہوا لگنے سے وہ خشک ہوتی ہے مگر ایلفی کا کام بوتل کے اندر رہنا نہیں ہوتا، باہر نکل کر خشک ہو کر دوسروں کے کام آنا ہوتا ہے۔ ہمیں بھی اپنے اندر کے ٹیلنٹ کو باہر نکالنا ہے کیونکہ جب تک ٹیلنٹ باہر نہیں نکلے گا، یہ بے کار رہے گا۔

تو بوتل سے باہر نکلیے اور کام میں لگ جائیے۔

Check Also

2025 Kya Lekar Aaye Ga?

By Muhammad Salahuddin