Brands Ka Daur
برانڈز کا دور

ہم اپنی روزمرہ زندگی میں بےتحاشا چیزیں استعمال کرتے ہیں اور ہماری کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ ہم اچھی سے اچھی چیز لیں۔ وہ پھر چاہے کوئی پہننے کی چیز ہو، کھانے کی ہو یا کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنی ہو۔ ہم کوالٹی اور دیرپا رہنے والے چیزوں پر زیادہ دھیان دیتے ہیں۔
آج کل تو ویسے بھی برانڈز کا دور دورہ چل رہا ہے۔ ہر آدمی بہتر سے بہترین کی تلاش میں رہتا ہے۔ کسی نے گاڑی لینی ہو تو مہنگی سے مہنگی کی کوشش میں ہوتا ہے۔ برانڈز اس قدر اپنا نام بنا چکے ہیں کہ ان کے نام پر ہی ان کی پروڈکٹس دھڑا دھڑ خرید لی جاتی ہیں۔ الیکٹرونکس میں کئی برانڈز ہیں، فون کی بات کریں تو "ایپل" کا نام ہی کافی ہے۔ سب سے مہنگا، اچھا اور بہترین موبائل مانا جاتا ہے۔ اس قدر شاندار کہ لوگ ہر قیمت پر خرید لیتے ہیں۔ اسی طرح گاڑیوں میں بھی یہی سب ہوتا ہے۔
تو آپ اندازہ لگائیں کہ ان سب پروڈکٹس کو ان کے بنانے والوں پر اعتماد کی انتہاء یہ ہے کہ صرف برانڈ کے نام پر ان کی ہر چیز بک جاتی ہے۔ آنے والے ہر ماڈل کی ایڈوانس بکنگ فل ہو جاتی ہے اور لوگ خوشی خوشی پیسے دے کر انتظار کرتے ہیں۔
تو سوچئے کہ جب آپ کو ایک انسان کی بنائی چیزوں پر اس قدر اعتماد اور یقین ہے کہ آپ کی خریدی گئی چیز آپ کو دھوکہ نہیں دے گی۔ وہ پختہ اور پائدار ہوگی۔ وہ دیر تک چلے گی۔ جس کام کے لیے وہ چیز بنائی گئی ہے وہ اس کام کو بہتر سے بہتر سر انجام دے گی تو پھر آپ خود کے معاملے میں کسی تجسس یا وسوسے کا شکار کیسے ہو سکتے ہیں؟ جبکہ آپ کو بنانے والی ذات "وحدہ لاشریک" ہے۔ اس کی تخلیق سے بہتر بھلا کچھ ہو سکتا ہے کیا؟
اگر اس نے تمہیں بنایا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ تمہارا اس دنیا میں آنا یقیناً بےکار نہیں ہے۔ تم کسی مقصد کے تحت یہاں لائے گئے ہو اور تم فضول نہیں ہو۔ تم کمزور نہیں ہو۔ تم میں کوئی سستی یا لاچارگی نہیں ہے۔ یہ سب تمہارے اپنے بنائے گئے بہانے ہیں وگرنہ تو اللہ نے تمہیں مکمل اور مضبوط بنایا ہے تو سوچو اور خوب غور کرو کہ تم کس چیز میں ماہر ہو؟ تم میں کون سی ایسی خاص بات ہے جو کسی دوسرے میں نہیں ہے؟ اپنے اندر کی کوالٹی کو پہنچانو اور کام میں لگ جاؤ۔ کامیابی تمہارے قدم چومے گی۔

