Friday, 19 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Bare Khwab Dekhein, Bara Sochein?

Bare Khwab Dekhein, Bara Sochein?

بڑے خواب دیکھیں، بڑا سوچیں؟

خواب کون نہیں دیکھتا ہر کوئی دیکھتا ہے مگر میں اُن خوابوں کی بات ہرگز نہیں کر رہا جو ہم سوتے ہوئے دیکھتے ہیں بلکہ اُن خوابوں کی بات کر رہا ہوں جو ہم جاگتی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔ جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھنے میں بڑا مزہ آتا ہے کیونکہ یہ خواب ہم اپنی مرضی کی آنکھ سے دیکھتے ہیں اور خواب میں جیسا چاہتے ہیں بالکل ویسا ہی حاصل کرتے ہیں۔ مگر اِس خواب میں ایک مسئلہ ہوتا ہے اور وہ یہ کہ ہم یہ خواب کسی سے شئیر نہیں کر پاتے ورنہ لوگ ہمارا مذاق اڑانے لگتے ہیں۔

اور میں کہتا ہوں کہ بھئی جب جاگتی آنکھ سے کوئی خواب دیکھنے کی ہمت کر ہی لی ہے تو کوئی بڑا خواب دیکھو بہت بڑا، اِتنا بڑا کہ لوگ یقین ہی نہ کریں کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے؟ جیسے ہوائی جہاز بنانے والے نے خواب دیکھا تھا کہ وہ ہوا میں لوہا اُڑا دے گا۔ جیسے فون والے نے پہلے تاروں کے ذریعے اور پھر بنا تاروں کے ایک دوسرے سے دور بیٹھے لوگوں کی آپس میں بات کرنے کا دیکھا تھا۔ کسی نے چاند پہ جانے کا دیکھا تو کسی نے پوری دنیا کو مفت میں انٹرنیٹ دیکھنے کا دیکھا۔

اِن سب کے خواب بڑے تھے اور اِس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے بڑے خواب اور بھی بہت سے لوگ دیکھتے ہونگے مگر فرق صرف پہلا قدم اُٹھا لینے کا ہے۔ تسلسل اور مستقل مزاجی کا ہے، صبر کا ہے انتظار کا ہے۔ ہر کام میں وقت لگتا ہے۔ مگر ہم ٹھہرے صدا کے بےصبرے اور بس یہیں ہمارا کام خراب ہو جاتا ہے جہاں ہم ڈگمگا جاتے ہیں اور خواب ناکامیوں کی صورت میں چکنا چور ہو جاتے ہیں۔ اللہ چاہتے تو فقط ایک کُن کہہ دینے سے اِس دنیا کو تخلیق کر لیتے مگر اُنہوں نے ایک لمحے یا ایک دن میں یہ دنیا نہیں بنائی بلکہ دنوں میں بنایا اور یہ سبق دیا کہ کام میں وقت لگتا ہے۔ من پسند نتیجہ پانے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے ورنہ جلد بازی میں ہاتھ خالی رہ جاتے ہیں۔

بڑے خواب دیکھیں اور اُن کے پیچھے لگ جائیں، دن ہو رات ہو پیچھا نہ چھوڑیں۔ تسلسل کے ساتھ لگیں رہیں اور مستقل مزاجی کا ہاتھ نہ چھوڑیں۔ یقین کریں کہ یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ آپ کسی بھی بڑے خواب دیکھنے والے سے پوچھ کر دیکھ لیں اُن کی تمام عادات میں یہ دو عادات لازمی شامل ہونگی۔

تو بس پھر دیر کس بات کی۔ جُت جائیں اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔

Check Also

Colombo Mein Guzra Aik Din

By Altaf Ahmad Aamir