Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Agent Sai

Agent Sai

ایجنٹ سائے

اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ فلموں کی کون سی قسم آپ کو اچھی لگتی ہے تو میرا جواب ہوگا کہ "سسپنس تھرلر"۔ اِس میں بالکل دو رائے نہیں ہے کہ میرا جھکاؤ ایسی فلموں کی طرف زیادہ ہے۔ ایسا سسپنس کہ آخر تک کچھ سمجھ ہی نہ لگے کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔ سستا سسپنس نہ ہو کہ آپ کو آئیڈیا ہونے لگ جائے کہ فلم کس طرف جا رہی ہے۔ ایسی ہی ایک شاہکار فلم سے آپ کا تعارف کرواتے ہیں کہ جس کے سسپنس نے آخر تک مجھے اپنے سحر میں جکڑے رکھا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ " ایجنٹ سائے" ہے۔

ایجنٹ سائے ایک کرائم تھرلر فلم ہے۔ جہاں یہ فلم مکمل سسپنس سے بھرپور ہے وہیں کامیڈی کا بھی خوب تڑکا لگا ہوا ہے۔ یعنی یہ مووی کامیڈی+ کرائم سسپنس تھرلر مووی ہے۔ ہیرو ایک ڈیٹیکٹیو ہے جو کہ خود کو نمبر ڈیٹیکٹیو مانتا ہے اور بلاشبہ وہ ایک ماہر ڈیٹیکٹیو ہوتا بھی ہے کہ جو چھوٹے موٹے کیسز کو چٹکیوں میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خود کی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے ایک بڑے اور سنجیدہ کیس کی تلاش میں رہتا ہے اور بالآخر قدرت اُسے یہ موقع فراہم کر دیتی ہے۔

فلم پراسرار طور پر ہونے والی قتل کی سیریز کے گرد گھومتی ہے جہاں دو شہروں کے بیچ ریل کی پٹڑی کے ایک مخصوص حصے میں لاشیں ملنا شروع ہوتی ہیں۔ کسی قسم کا کوئی سراغ نہیں ملتا کہ آخر یہ قتل کر کون رہا ہے یا لاشیں ریل کی پٹڑی پر آئے روز کون پھینک جاتا ہے؟ ڈیٹیکٹیو اپنی اسسٹنٹ کے ساتھ اِس کیس کی جڑ تک جانے کی ٹھانتا ہے اور اپنے طریقے سے اِن لاشوں اور قاتلوں کا سراغ لگانے میں جُت جاتا ہے۔ بنانے والوں نے اِس فلم کے ذریعے ایک بہت اہم موضوع کی طرف دھیان ڈالنے کی کوشش کی ہے اور وہ ہے ہمارے فنگرز پرنٹس۔

باقی کہانی، کردار سب کچھ مجھے بہت اچھا لگا۔ زیادہ بتاؤں گا تو سسپنس کا مزہ ختم ہو جائے گا۔ اِسی لیے بس اِتنا ہی کہوں گا کہ اگر سردیوں کی گہری خاموش راتوں سے لطف اٹھانا چاہتے ہیں تو کامیڈی اور سسپنس سے بھرپور اِس فلم کو دیکھنا مت بھولیں۔

نوٹ: یہ میرا ذاتی تجزیہ ہے۔ آپ کو اس سے اختلاف بھی ہو سکتا ہے۔

Check Also

Aankh Jo Kuch Dekhti Hai (2)

By Prof. Riffat Mazhar