Thursday, 28 March 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Aap Ke Hath Mein Kya Hai Aur Kya Nahi Hai?

Aap Ke Hath Mein Kya Hai Aur Kya Nahi Hai?

آپ کے ہاتھ میں کیا ہے اور کیا نہیں ہے؟

جدید دور نے جہاں زندگی کو بہت سی آسائشیں مہیا کی ہیں وہیں بہت سی پریشانیوں سے بھی دوچار کیا ہے جن میں سرِ فہرست سب سے آگے نکلنے کا جنون ہے۔ زندگی کی رفتار کو ہم نے بلاوجہ ہی بہت تیز کر دیا ہے۔ اِتنا تیز کہ رشتے، خوشی، صحت یہاں تک کہ اپنی ذات تک کو بھول چکے ہیں۔ دوسروں کو تو چھوڑیں ہم خود کے ساتھ بڑی زیادتیاں کرنے سے باز نہیں آ رہے۔

بس بھاگے جا رہے ہیں، کیوں، کیونکہ سب ہی بھاگ رہے ہیں، اِس لیے؟ سب کیوں بھاگ رہے ہیں، کیونکہ زندگی بہت تیز ہوگئی ہے؟ بھئی تیز کس نے کی ہے؟ جی وہ کی تو ہم انسانوں نے ہی ہے؟ اچھا کیوں کی ہے؟ جی پتہ نہیں۔ ہر انسان اپنے اندر جنگ لڑنے میں لگا ہے۔ بھوک، احساسِ کمتری، عزتِ نفس، حق کی لڑائی اور جانے کیا کیا؟ دیکھا جائے تو ہماری پریشانیوں کی ساری وجوہات ٹھیک نہیں ہوتیں۔ کچھ باتیں ہم نے ایویں ہی سر پہ چڑھائی ہوتی ہیں۔ کچھ چیزوں کو ایسے ہی اہمیت دے رکھی ہوتی ہے۔ ہم کئی پریشانیاں تو مفت میں پال رہے ہوتے ہیں۔

پریشانیوں سے نبٹا کیسے جائے تو اُس کے لیے آپ نے بس ایک کام کرنا ہے اور وہ یہ کہ آپ ایک لسٹ بنا کر اپنے پاس رکھ لیں جس کو دو چیزوں میں تقسیم کیا گیا ہو۔ نمبر ایک ایسی باتیں، یا چیزوں کی فہرست بنائیں کہ جو آپ کے بس میں ہوں، یا جن کو بدلا جا سکتا ہو۔ نمبر دو ایسے عوامل لکھیں کہ جن کو تبدیل نہ کیا جا سکتا ہو، جو لاکھ کوشش کے باوجود ویسے کی ویسے ہی رہیں۔ اب جن چیزوں پہ آپ اثر انداز ہو سکتے ہیں، یا بدل سکتے ہیں، اُن چیزوں کے لیے پریشانی لیں اور ایسی چیزوں کے لیے پریشان ہونا بھی اچھی بات ہے۔ کیونکہ جب تک آپ پریشانی نہیں لیں گے تب تک مسائل بھی حل نہیں ہونگے۔ کیونکہ ہر شے وقت، توجہ اور سنجیدگی مانگتی ہے۔

باقی بچ گئی وہ چیزیں کہ جو اٹل ہیں جو بدلی نہیں جا سکتیں تو اُن کے لیے پریشان رہنا بیوقوفی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ بھئی جس چیز کو بدلا ہی نہیں جا سکتا۔ جس کا کچھ ہو ہی نہیں سکتا، اُس کے لیے پریشان کیوں رہنا۔ تو اس حوالے سے ہر انسان کی اپنی ترجیحات، پرائیویسی اور ضرورتِ زندگی ہے۔ ہر انسان اپنے متعلق بہتر جانتا ہوتا ہے۔ تو اِسی لیے اپنی خوشحال زندگی گزارنے کے لیے خود کے لیے وقت نکالیں اور فہرست تیار کریں تاکہ مفت میں ملنے والی پریشانیوں سے جان چھڑوائی جا سکے۔

Check Also

Be Ghari Azaab Hai Ya Rab

By Shahzad Malik