Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asma Zafar
  4. Safar e Ishq (12)

Safar e Ishq (12)

سفر ِعشق(12)

مغرب کی نماز کے وقت عربی قہوے اور کھجور سے روزہ کھولا۔ قہوہ بے حد کسیلا تھا مگر کہتے ہیں کہ اس میں کچھ ایسے اجزاء شامل ہوتے ہیں جو گلے کے انفیکشن کے لیئے دوا کا کام کرتے ہیں گلا خاصہ خراب تھا اسلیئے دل پر جبر کرکے پی گئی۔ اگلے روز ہم "جبل احد " کی جانب روانہ ہوئے۔

یہاں میدان احد میں دوسرا غزوہ وقوع پزیر ہوا تھا۔ احد کا پہاڑ بہت متبرک پہاڑ ہے نبی پاکؐ کا ارشاد ہے"۔ مجھے احد کے پہاڑ سے اور احد کو مجھ سے محبت ہے"۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ یہ پہاڑ نبی پاکؐ کے ساتھ جنت میں جائے گا۔

جب غزوہ احد ہوا تو احد کے پہاڑ کی ایک چھوٹی چوٹی پر جس کا نام تیروں والی پہاڑی ہے، وہاں صحابہ کو نبی پاکؐ نے حکم دیا کہ جب تک میں نا کہوں وہاں سے نا ہٹنا مگر دوران جنگ ایک موقع پر صحابہ کرام کو گمان ہوا کہ جنگ جیتی جاچکی ہے، وہ بے اختیار پہاڑی سے میدان کی طرف اترے بہت سی کتابوں میں مختلف وجوہات درج ہیں۔ بہرحال ہمیں اس سے بحث نہیں کہ کیوں ہٹے مگر جیسے ہی وہ ہٹے کفار نے پلٹ کر بھرپور حملہ کیا جس میں ستر سے زائد صحابہ شہید ہوئے۔

جن میں ایک آنحضرت ﷺ کے چچا حضرت امیر حمزہ بھی تھے جن کی شہادت کا نبی پاکؐ کو علم ہوا تو شدید کرب میں آسمان کی جانب منہ کرکے گویا ہوئے " اے اللہ اب تو مجھ سے راضی ہوجا میں نے اپنا سب تجھ پر قربان کردیا "۔ آپکے دندان مبارک بھی اسی غزوہ میں شہید ہوئے تھے۔ یہاں میدان میں ستر شہداء کی قبور ہیں جن میں حضرت امیر حمزہ رضہ کی قبر مبارک بھی شامل ہے۔ روایت کے مطابق نبی پاکؐ جب آپ کی لاش مبارک اپنے کاندھوں پر لاد کر جنت البقیع کی جانب چلے تو ساتھ احد کا پہاڑ بھی چل پڑا آپ نے اسے روکا اور حضرت حمزہ رضہ کی تدفین وہیں کردی۔

یہاں پہاڑ پر وہ مقام بھی موجود ہے جہاں سے جبل احد نے نرم ہوکر نبی پاک کو محفوظ کرنے کے لیئے جگہ بنائی تھی۔ ہم بھی ہمت کرکے تیروں والی پہاڑی پر تو چڑھ ہی گئے اوپر سے ساری احد کی وادی صاف نظر آتی ہے جس سے مجھے نبی پاکؐ کی حکمت کا بہت اچھا اندازہ ہوا سبحان اللہ!کیا جنگی حکمت عملی تھی۔ نیچے وادی میں ایک بہت بڑا بازار ہے جیسے ہمارے بچت بازار بنے ہوتے ہیں بالکل اسی طرز کا شامیانے تان کر اسٹال لگائے ہوئے تھے، خواتین بھی بہت سارے اسٹالز پر دکھائی دی۔

ہم نے سوچا چلو چند عدد تسبیح ہی لے لیں پاکستان میں لوگوں کو دیں گے کہ وادی احد سے لائے آپ کے لیئے۔ ایک عرب خاتون سے دس دس کے دو جوڑے لے لیئے یعنی بیس عدد۔ جب پاکستان آکر تقسیم کی تو ہزبینڈ کی ایک کزن نے ایک ملاقات میں بتایا کہ اسماء میں وہ تسبیح پڑھنے بیٹھی تو اس میں 95 دانے تھے، دوسروں سے پتہ کیا تو سب کے چار چھ دانے کم نکلے یعنی یہاں بھی دو نمبری، پورے سو کسی میں بھی نہیں تھے یہ تو حال ہے وہاں کا۔

خیر شہداء کی قبور پر فاتحہ خوانی کے بعد ہم سب واپسی کے لیئے نکل پڑے۔ بدر کے مقام کا ارادہ تھا مگر کچھ لوگوں کی بیماری کی وجہ سے نا جاسکے، میں خود بھی شدید گلے کے انفیکشن کا شکار ہوگئی تھی۔ گروپ کے اکثر لوگ مکہ پہنچتے پہنچتے گلے کے درد، زکام، بخار میں مبتلا ہوگئے وجہ ٹھنڈا پانی روم اور حرم میں ائیر کنڈیشن تھے۔ باہر شدید گرمی اندر ٹھنڈک اکثر زائرین کی یہ کیفیت ہوجاتی ہے وہاں جا کر اس لیئے احتیاط کے طور پر جوشاندے کے پیکٹ ضرور رکھیں ساتھ۔

ہماری نند صاحبہ نے جو الیکٹرک کیٹل دی تھی وہ بے حد کام آئی۔ ہمارے دل سے بہت دعائیں بھی نکلی کیونکہ ہم آخر تک منع ہی کررہے تھے مگر چونکہ وہ ہم سے پہلے عمرہ ادا کرچکی تھیں تو انہیں اندازہ تھا کہ یہ ضرورت کی شے ہے۔

Check Also

Mian Muhammad Baksh (19)

By Muhammad Sarfaraz