Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asif Ali Durrani
  4. Sawalon Ka Jadu

Sawalon Ka Jadu

سوالوں کا جادو

کبھی سوچا ہے، انسان باقی مخلوقات سے مختلف کیوں ہے؟ ہم کھاتے، سوتے، جیتے تو سب کی طرح ہیں، مگر ہمارے اندر ایک انوکھا شعلہ جلتا ہے سوچنے کا۔ یہی شعلہ فلسفہ کہلاتا ہے۔ فلسفہ کسی پرانی کتاب یا مشکل اصطلاح کا نام نہیں، بلکہ وہ لمحہ ہے جب دل یا دماغ میں پہلا "کیوں؟" جنم لیتا ہے۔

بچپن میں ہم سوال کرتے ہیں: آسمان نیلا کیوں ہے؟ خواب کہاں سے آتے ہیں؟ بڑے ہو کر یہ سوال بدل جاتے ہیں: زندگی کا مقصد کیا ہے؟ سچ کیا ہے؟ خوشی کہاں ملتی ہے؟ یہی سوالات ہمیں انسان بناتے ہیں، کیونکہ جو سوال نہیں کرتا، وہ سچ تک کبھی نہیں پہنچتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلسفے میں اکثر جواب کمزور پڑ جاتے ہیں، مگر سوال زندہ رہتے ہیں۔ ہر نیا جواب ایک نئے سوال کو جنم دیتا ہے اور یہی تسلسل ہمیں آگے بڑھاتا ہے۔

کبھی کبھی فلسفہ ریاضی جیسا منطقی ہوتا ہے، کبھی شاعری جیسا مبہم۔ یہ عقل اور جذبات کے بیچ کی وہ نازک لکیر ہے جہاں انسان خود کو پہچاننے لگتا ہے۔

اگر غور کریں تو دنیا کی تمام ترقی سائنس، فن، سیاست، اخلاقیات سب اسی "کیوں" سے نکلی ہیں۔

سقراط نے کہا تھا۔۔ "بغیر غور و فکرکے زندگی گزارنا زندگی کے قابل نہیں"۔

شاید یہی فلسفے کا سب سے بڑا راز ہے یہ ہمیں جواب دینے سے زیادہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔

تو، اگلی بار جب کوئی سوال تمہارے ذہن میں اُبھرے، اسے دباؤ مت۔

شاید وہی سوال تمہیں تمہاری اصل تک لے جائے۔

کیا تم تیار ہو اپنے اگلے "کیوں" کا پیچھا کرنے کے لیے؟

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali