Sunday, 29 September 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Anjum Kazmi
  4. Sonakshi Sinha Ko Shadi Mubarak

Sonakshi Sinha Ko Shadi Mubarak

سوناکشی سنہا کو شادی مبارک

خوبرو بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے پرانے دوست اور ساتھی مسلمان اداکار ظہیر اقبال سے شادی کرلی ہے، اپنی شادی کی تصاویر کے ساتھ سوناکشی نے لکھا کہ 6 سال قبل 23 جون 2017 کو ہم دونوں نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں پیار دیکھا اور ہم نے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، آج اس محبت اور پیار کی بدولت ہم تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے دونوں خاندانوں کی دعاوں سے اس مقام تک پہنچے ہیں، اب ہم میاں بیوی ہیں۔

سوناکشی کے والد اور بالی وڈ اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر باپ اس لمحے کا انتظار کرتا ہے جب وہ اپنی بیٹی اس شخص کو سونپ دیتا ہے جسے وہ منتخب کرتی ہے، میری بیٹی ظہیر کے ساتھ سب سے زیادہ خوش رہتی ہے، میری دعا ہے کہ ان کی جوڑی سلامت رہے۔

سونا کشی سنہا کی شادی کی خبر ہمارے شفٹ انچارج راشد تیمور نے مجھے دیدی، خبر کی ایڈیٹنگ کرتے ہوئے میں یادوں میں کھو گیا، 2014ءمیں میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے میڈیا سیل میں جاب کرتا تھا، اس وقت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور تھے، وہ بہت ہی وژنری اور ذہین افسر ہیں، زندگی میں سرکاری جاب کرنے کا یہ پہلا موقع تھا، بطور صحافی کسی سرکاری افسر کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا ہونا میرے لئے ایک اذیت ناک کام تھا مگر عثمان انور انتہائی شفیق، مہربان اور دوست مزاج مگر سخت گیر افسر تھے ان کے ساتھ تین سال کام کرکے بہت لطف آیا، کم ازکم میرے ساتھ انہوں نے کبھی افسری نہیں جھاڑی تھی، ہمیشہ ہی دوستانہ ماحول میں گفتگو کرتے۔

عثمان انور نے بطور ڈی جی سپورٹس پنجاب، پنجاب کی تاریخ میں سپورٹس کے فروغ کیلئے جتنا کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی، مستقبل میں بھی امید نہیں ہے کہ ان جیسا کام کوئی کرسکے گا، بعد میں آنیوالے ڈی جیز سپورٹس پنجاب سرکاری افسر ہی ثابت ہوئے اور سپورٹس وڑ گئی، پاکستان میں کبڈی کو عروج دینے کا سہرا بھی عثمان انور کے سر ہے، انہوں نے نہ صرف مردوں کبڈی کی قومی ٹیم بنائی بلکہ پہلی بار خواتین کی کبڈی ٹیم بھی بنا ڈالی جو خواتین کھلاڑیوں کیلئے بہت بڑا کام تھا۔

پاکستان کی کبڈی کی مرد و خواتین کی ٹیمیں دو بار بھارت کبڈی ورلڈ کپ کھیلنے گئیں، یہ بھی عثمان انور کی ہی کاوشوں کا نتیجہ تھا، 2014ء میں عالمی سکھ برادری نے دنیا میں کبڈی کو پروموٹ کرنے کا بیڑا اٹھایا جس کی سرپرستی بھارتی پنجاب کی حکومت نے کی، سکھ برادری نے ورلڈ کبڈی لیگ کرانے کا پروگرام بنایا کبڈی کے مقابلوں میں پاکستان کی کبڈی ٹیم شامل نہ ہو تو کبڈی کا رنگ نہیں جمتا، اس حوالے سے بھارتی پنجاب کی حکومت کے دو وزراءبات چیت کرنے کے لئے لاہور آئے اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور سے مذاکرات کئے۔

ورلڈ کبڈی لیگ 9 اگست 2014 میں شروع ہوئی جس میں بھارت، پاکستان، امریکہ، برطانیہ، بھارتی اداکاروں سونا کشی سنہا، اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ کی کبڈی ٹیمیں شرکت کی، بھارتی پنجاب کی حکومت کے وزراءنے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو پیشکش کی کہ اکثر مقابلے بھارت، امریکہ میں ہونگے جس میں پاکستان کی ٹیم بھی شرکت کریگی، کبڈی لیگ کے سیمی فائنل لاہور میں ہوں گے جس میں سوناکشی سنہا، اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ بھی شریک ہوں گے، ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے سوناکشی سنہا، اکشے کمار اور یویو ہنی سنگھ کے پرومو بھی بن گئے، یوٹیوب پر یہ پرومو آج بھی موجود ہیں، سونا کشی اپنے پرومو میں ہیوی بائیک پر آتی ہیں اور کہتی ہیں، سب کے ہونٹوں پر ایک ہی نام ہے، کبڈی کبڈی، کبڈی، کھیل کر دکھا دم ہے تو آ۔۔

پروگرام کے مطابق میڈیا کو بھارتی وزراءاور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی پریس کانفرنس کا دعوت نامہ بھیج دیا گیا، اس موقع پر عثمان انورنے مطالبہ کردیا کہ ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل پاکستان کے دل شہر لاہور میں ہوں گے جس پر بھارتی وزراء راضی نہیں ہو رہے تھے جس کی وجہ سے کئی گھنٹے پریس تاخیر کا شکار ہوئی، بھارتی وزراء عثمان انور کی منتیں کرتے رہے مگر وہ نہ مانے، انہوں نے کہا کہ اگر سیمی فائنلز اور فائنل لاہور میں نہ ہوئے تو پاکستان کی ٹیم بھی بھارت نہیں جائےگی، بالآخر بھارتی وزراء کو ہتھیار ڈالنے پڑے، پھر پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ کبڈی پنجاب کی دھرتی کا کھیل ہے، بھارتی وزراءنے بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ چڑھدا پنجاب تے لینداپنجاب یک جان دو قالب ہیں، ہمارے دل پاکستان کے پنجاب میں بھی دھڑکتے ہیں اس لئے ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل لاہور میں ہونگے۔

بھارتی وزراء کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم کبڈی کو دنیا میں اتنا پروموٹ کریں گے کہ لوگ کرکٹ کو بھول جائیں گے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے کبڈی کے کھلاڑیوں کو کروڑ پتی بنادیں گے، اس کے لئے عالمی سکھ برادری متفق ہے، ہم پنجاب کی دھرتی کے کھیل کو دفن نہں ہونے دیں گے، یہ خبر میڈیا پر بریکنگ نیوز کے طور پر چلائی گئی، بھارتی وزراءنے کہا کہ ہم ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے حکومت پاکستان سے پانچ ہزار ویزے مانگیں گے، دنیا بھر سے سکھ کھلاڑی اور سیلبریٹیز ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل دیکھنے لاہور آئیں گی، اس وقت وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی اور وزیراعظم نوازشریف جبکہ پنجاب محمد شہباز شریف وزیراعلی تھے، اس لئے امید تھی ورلڈ کبڈی لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل تاریخ ساز اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے بعد پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کئی بار بھارت لیگ میچز کھیلنے بھی گئی اور سپورٹس بورڈ پنجاب میں ورلڈ کبڈی لیگ کے مقابلوں کی تیاری شروع کردی گئی، اوپر جیسا میں نے بتایا کہ ہے عثمان انور بہت دوست مزاج افسر تھے، ایک ایونٹ میں ملے تو میں نے کہا کہ سر ایک ریکوئسٹ ہے وہ بولے کرو، میں نے کہا بھارت سے مہمان آنے ہیں، آپ جس کی مرضی جہاں ڈیوٹی لگائیں مگر میری ریکوئسٹ ہے مجھے سوناکشی سنہا کا پروٹوکول افسر لگا دیں جس پر عثمان صاحب مسکرائے اور سر ہلا کر نیم رضا مندی ظاہر کردی، ان کی رضامندی پر میں نے چار، پانچ روز کے ایونٹ کیلئے سوٹ سلوانے کے لئے ڈیزائن منتخب کرنا شروع کردیئے پھر ایک شام کو ٹی وی چینلز پر بریکنگ نیوز چلی کہ واہگہ بارڈر پر خودکش دھماکہ ہوگیا ہے جس میں پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

خبر سنتے ہی میرے منہ سے نکلا، لیگ تو وڑ گئی، اس واقعہ کے بعد ورلڈ کبڈی لیگ کے منتظمین نے سپورٹس بورڈ پنجاب کو آگاہ کردیا کہ اب لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل بھارت میں ہی ہونگے، آج سوناکش سنہا کی شادی کی خبر سن کر خوشی ہوئی ان کو مبارکباد دیتا ہوں اور دعاگوہوں ان کی شادی کامیاب ہو اور ان کو بہت خوشیاں نصیب ہوں ان یادوں کے سفرکے بعد یہی کہہ سکتا ہوں"کاش واہگہ بارڈر خود کش دھماکہ نہ ہوا ہوتا"۔

Check Also

Lahore Aik Sponge City Banega?

By Zafar Iqbal Wattoo