Monday, 13 July 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amir Mohammad Kalwar
  4. HIV Bachon Se Nafrat Nahi

HIV Bachon Se Nafrat Nahi

ایچ آئی وی بچوں سے نفرت نہیں

بیماری سے زیادہ خطرناک کبھی کبھی بیماری کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیاں ہوتی ہیں۔ آج کل ایچ آئی وی (HIV) کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان کی وجہ سے کچھ معصوم بچے اور ان کے خاندان معاشرتی تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بیماری کسی بچے کا جرم نہیں ہوتی۔

سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ HIV اور AIDS ایک چیز نہیں ہیں۔ HIV ایک وائرس ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کو متاثر کرتا ہے، جبکہ AIDS اس وائرس کی ایک شدید حالت ہے جو علاج نہ ہونے کی صورت میں وقت کے ساتھ پیدا ہو سکتی ہے۔ آج کے دور میں علاج کی سہولت موجود ہے اور بہت سے HIV متاثرہ افراد بہتر اور طویل زندگی گزار رہے ہیں۔

لوگوں میں ایک غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ HIV ایک ساتھ کھیلنے، ہاتھ ملانے، گلے لگانے، ایک ہی گھر میں رہنے، ایک ہی برتن یا چمچ استعمال کرنے سے پھیل جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ HIV اس طرح نہیں پھیلتا۔ یہ کھانے پینے، کھانسی یا چھینک سے منتقل نہیں ہوتا۔

بلکہ کچھ دوسری بیماریاں، جیسے ٹی بی (Tuberculosis)، کھانسی اور سانس کے قطروں کے ذریعے ایک دوسرے کو لگ سکتی ہیں۔ لیکن HIV صرف مخصوص طریقوں سے منتقل ہوتا ہے، جیسے متاثرہ خون کا دوسرے شخص کے خون میں جانا، آلودہ سرنج یا سوئی کا استعمال، غیر محفوظ خون کی منتقلی یا بعض حالات میں ماں سے بچے کو منتقلی۔

آج کل ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ HIV کا مسئلہ صرف کسی ایک ہسپتال یا علاقے تک محدود ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ پاکستان سمیت دنیا بھر کا صحت کا مسئلہ ہے۔ ماضی میں سندھ کے لاڑکانہ، رتوڈیرو، کراچی، حیدرآباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں HIV کے کیسز رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بھی اس بیماری کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس لیے کسی ایک ادارے یا ہسپتال کو پورے مسئلے کی علامت بنا دینا درست نہیں۔

اصل ضرورت یہ ہے کہ طبی نظام میں احتیاطی تدابیر کو مزید مضبوط کیا جائے، سرنج کے محفوظ استعمال، خون کی اسکریننگ اور صفائی کے اصولوں پر مکمل عمل کیا جائے۔ کسی ہسپتال یا ادارے کو بدنام کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اصلاح اور بہتری ہی اصل راستہ ہے۔

اسلام ہمیں بیمار انسانوں سے نفرت نہیں بلکہ محبت، رحم اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "اور جس نے ایک جان کو بچایا گویا اس نے تمام انسانوں کو بچایا"۔ (سورۃ المائدہ: 32)

نبی کریم حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: "رحم کرنے والوں پر رحمن رحم فرماتا ہے"۔ (جامع الترمذی)

جو بچے HIV سے متاثر ہوئے ہیں وہ معصوم ہیں۔ ان کا کوئی قصور نہیں۔ انہیں گلی میں کھیلنے سے روکنا، الگ بٹھانا یا گھر کے ایک کونے میں دھکیل دینا ظلم ہے۔ انہیں بھی تعلیم، محبت، عزت اور خوشیوں کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ہے۔

ہمیں خوف نہیں بلکہ شعور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ احتیاط ضرور کریں، لیکن لاعلمی کی وجہ سے کسی معصوم بچے کا دل نہ توڑیں۔ ایچ آئی وی کے بچوں سے نفرت نہیں، بلکہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق ان کے ساتھ محبت، ہمدردی اور انسانیت کا معاملہ کریں۔

Check Also

Barbadi Ka Koh e Hamaliya

By Rao Manzar Hayat