Madani Munnay Ki Viral Video
مدنی منے کی وائرل وڈیو
ویسے تو ہمارے ہاں آئے دن کوئی نہ کوئی دلسوز واقعہ پیش آتا ہی رہتا ہے۔ مگر اس وڈیو کو دیکھ کر اس پر قلم اٹھانا یوں بھی ناگزیر ہوا کہ سوال ایک معصوم کی زندگی کا ہے، اس کی سوچ، شخصیت اور مستقبل کا ہے۔ آپ اس کو جہنمی عورتوں کی نشانیاں طوطے کی طرح رٹوا کر آخر کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟
جدید طریقہ تعلیم کا تھوڑا سا مطالعہ بھی کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ اس میں نو سے دس سال کی عمر تک کسی خاص مضمون کی تعلیم نہیں دی جاتی بلکہ اس کو ایک ماحول مہیا کیا جاتا ہے جس میں اس کی خداداد صلاحیتوں کو مزید جلا ملے۔ وہ اپنی مرضی سے سوچے، تفکر کرے اور تخلیق کرے۔
میں سمجھتی ہوں یہی وجہ ہے کہ ان معاشروں میں آئے دن نئی سے نئی حیرت انگیز چیزیں رونما ہوتی ہیں۔ یہ لوگ زمین و آسمان سے ہوتے ہوے کائنات کے رازوں تک پہنچ چکے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کا ڈیٹا ان کے پاس موجود ہے اور جب چاہیں اسے استعمال کر سکتے ہیں۔
باقی سب چھوڑ دیں، ادھر آپ کوئی بات کرنے کے بعد فون اٹھاتے، ادھر آپکی ٹھیک اس لمحاتی کیفیت سے عین ملتی جلتی چیز آپ کی سکرین پہ آجاتی ہے۔ یہ ہوتی ہے ترقی اور آپ چھوٹے چھوٹے بچوں کو جنت جہنم کے باسیوں سے متعارف کرا رہے ہیں۔ ان کو ذہنی مفلوج بنا رہے ہیں۔ پھر کہتے دنیا آپکو برا بھی نہ سمجھے۔
مذہب پر جتنا ظلم آپ اس طرح کی پریکٹسز سے کر رہے ہیں اتنا تو اسلام دشمنوں نے بھی نہیں کیا ہوگا۔