Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Abid Hussain Rather
  4. Razdari Ka Ehteram Kijie

Razdari Ka Ehteram Kijie

رازداری کا احترام کیجئے‎‎

انسانی زندگی کے دو پہلو ہوتے ہیں۔ ایک ہے انسان کی زندگی کا نِجی پہلو يا جس کو ہم انسان کی ذاتی زندگی بھی کہتے ہیں اور دوسرا ہے انسان کی زندگی کا سماجی پہلو جس سے انسان کا سماجی رہن سہن اخذ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ہرگز ضروری نہیں کہ ایک انسان کی زندگی کے یہ دونوں پہلو یکساں ہوں نا ہی یہ ضروری ہے کہ انسان کی نجی زندگی اور سماجی زندگی میں ایک توازن برقرار ہو۔

دوسرے الفاظ میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ سماج میں نظر آنے والا ایک خوشحال انسان ذاتی زندگی میں بھی اتنا ہی خوش ہو جتنا خوش وہ دوستوں، رشتہ داروں اور اپنے قریبی لوگوں کے درمیان نظر آتا ہو۔ اِس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زندگی ایک خوشنما خواب ہے جو دِکھنے میں تو حسین نظر آتی ہے مگر حقیقت میں بہت ہی تلخ اور سخت ہے۔ یہ زندگی سب کے لیے یکساں نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ کسی کے لیے پھولوں کی سیج ہے تو کسی کے لیے کانٹوں کا بستر۔

ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ ہم میں سے بہت سارے لوگ اپنے دوستوں کے درمیان خوش طبع، ہنس مکھ اور خوش مزاج نظر آتے ہیں لیکن انکی نِجی زندگی میں بہت سارے مشکلات و مسائل ہوتے ہیں اور وہ جینے کے لیے زندگی سے ایک قسم کی جنگ لڑ رہے ہوتے ہیں۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ انسان کو زندہ رہنے کے لئے سماج میں دوسرے لوگوں کے ساتھ مل جُل کر رہنا پڑتا ہے، اُن کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا، کام کرنا پڑتا ہے۔

دوسرے لوگوں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے کی وجہ سے انسان کی زندگی میں چاہے کتنے ہی مصائب، غم اور پریشانیاں کیوں نہ ہوں لیکن وہ دوسروں کے سامنے ہمیشہ خوش حال دکھنا پسند کرتا ہے۔ اپنے سینے میں مصائب کا پہاڑ چھپائے وہ ہمیشہ چاہتا ہے کہ دوسرے لوگوں کے ساتھ اپنی نِجی زندگی کے بارے میں بحث نہ کرے۔

اگرچہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کی ساخت اور بناوٹ یکساں بنائی ہے لیکن ہر انسان کی ذہنی قوت دوسرے انسان سے مختلف ہوتی ہے۔ ہر انسان کے عادات الگ ہوتی ہیں اور ہر انسان کے سوچنے کا طریقہ مختلف۔ یہ سب چیزیں انسان کی نِجی زندگی پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہر انسان کا طرزِ زندگی اور رہن سہن مختلف ہوتا ہے۔ لہذا یہ سوچنا بڑی نادانی ہو گی کہ دنیا میں ہر انسان کی نِجی زندگی یکساں ہوتی ہے۔

کوئی انسان اپنی مثبت سوچ اور ذہنی قوت سے ترقی کی کئی منازل طے کرتا ہے اور اسکی نجی زندگی نہایت ہی خوشحال ہوتی ہے تو کوئی انسان اپنی کم عقلی اور کم علمی کی وجہ سے اس دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتا ہے۔ کوئی مجبوریوں کے جال میں پھنس کے رہ جاتا ہے اور چاہتے ہوئے بھی کچھ نہیں کر پاتا۔ مختلف انسانوں کی نِجی زندگیوں میں مختلف قسم کے حالات و واقعات رونما ہوتے ہیں جو ان کی زندگیوں کو مختلف موڈ دیتے ہیں۔ ان سب وجوہات کی بنا پر ہر انسان کی نجی زندگی دوسرے انسان سے مختلف اور الگ ہوتی ہے۔

یہ ایک انسانی فطرت ہے کہ ہم میں سے ہر کوئی چاہتا ہے کہ ہماری نِجی زندگی کے معاملات اور اسکے راز صرف ہم تک محدود رہیں اور اس میں کسی دوسرے انسان کی بے جا مداخلت نہ ہو۔ ہم میں سے ہر کوئی اپنی ذاتی زندگی کا مختارِِ کل ہوتا ہے اور یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم کسی دوسرے انسان کو اپنی ذاتی زندگی کے کس حد تک آشنا کرے۔ ہر انسان کی ذاتی زندگی کے کچھ ایسے پہلو ہوتے ہیں جن میں وہ دوسرے انسان کی مداخلت بالکل بھی برداشت نہیں کر سکتا۔

نِجی زندگی کے کچھ مسائل ہم صرف خود تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔ جیسے زندگی کے کچھ لمحات خلوت کے متلاشی ہوتے ہیں ویسے ہی انسانی زندگی کے کچھ راز نجیت پسند ہوتے ہیں۔ ہر انسان کی نجی زندگی کے کچھ مسائل بہت ہی پیچیدہ ہوتے ہیں جن کے اسباب ہم چاہ کے بھی دوسرے لوگوں کو نہیں سمجھا سکتے۔ ایسے حالات میں ہم اپنے اِن مسائل کی رازداری صرف اپنے وجود کے ساتھ چاہتے ہیں اور دوسرے لوگوں کی مداخلت ناپسند کرتے ہیں۔

لیکن جب ہم اپنے اِرد گِرد نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں بہت سارے ایسے لوگ نظر آتے ہیں جن کی ایک بہت بری عادت ہوتی ہے کہ وہ دوسرے لوگوں کی نجی زندگیوں میں بے جا مداخلت کے عادی ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنی زندگی پر دھیان دینے کے بجائے دوسرے لوگوں کے مسائل پر زیادہ غور و فکر کرنے کے شوقین ہوتے ہیں۔ ہمارے سماج میں اکثر لوگ دوسرے انسانوں کی نِجی زندگیوں کی رازداری کا احترام کئے بغیر اُن کے معاملات میں ہر وقت ٹانگ اڑانے کی کوشش کرتے ہیں جو دوسرے لوگوں کی پریشانی کا سبب بنتا ہے۔

ہم میں سے اکثر لوگ دوسرے لوگوں کی زندگیوں کے منفی پہلوؤں کو اُجاگر کرنے کی کوشش کر کے اُن کو سماج میں بلاوجہ کمتر دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے دوسرے لوگ احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں اور اُنکے دماغ پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لوگ ذہنی مریض بن کر کوئی بھی غلط قدم اٹھانے کے لیے مجبور ہو جاتے ہیں۔

ہمارے سماج میں خودکشی کے بڑھتے رجحان کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ بلاوجہ دوسرے لوگوں کی نجی زندگیوں میں بے جا مداخلت کر کے ان کو ذہنی پریشانی میں مبتلا کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ کبھی کبھار تنگ آ کر خودکشی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم لوگوں کی رازداری کا احترام کر کے اُن سے بے مطلب سوال پوچھنے سے گریز کرے جو ان کی نِجی زندگیوں سے تعلق رکھتے ہوں۔

ہمیں چاہیے کہ ہم دوسرے لوگوں سے نہ پوچھیں کہ انکی آمدنی کیا ہے، اُنہوں نے کیوں پرانے کپڑے یا پرانے جوتے پہنے ہیں، وہ زیادہ باہر کیوں نہیں جاتے ہیں، وہ کم بات کیوں کرتے ہیں، کیوں اُنہوں نے کسی شاندار جگہ پہ کھانا نہیں کھایا، انکی عمر کیا ہے، اُنہوں نے کیوں ابھی تک شادی نہیں کی یا ابھی تک صاحبِ اولاد کیوں نہیں ہوئے، وہ چھوٹے قد کے کیوں ہے یا لمبے قد کے کیوں نہیں ہے، ان کو اپنے شریک حیات یا سسرال والوں سے کیسے تعلقات ہے؟

وہ کسی امتحان میں ناکام کیوں ہوئے، اُن کے گھریلو فساد کی کیا وجہ ہے، گھر والوں سے علحیدگی اختیار کیوں کی ہے، اُنھیں نوکری کیوں نہیں ملی یا نوکری کیوں چھوڑ دی وغیرہ وغیرہ؟ ہمیں چاہیے کہ ہم ہمیشہ ایسے فضول اور بے مطلب سوالات سے اجتناب کریں۔ جب تک کوئی انسان ان سب معاملات کو ہمارے ساتھ شئیر کرنے کا خود خواہش مند نہ ہو ہمارا ان سب چیزوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہو نا ہی مذہبی اور اخلاقی طور پر ہمیں یہ زیب دیتا ہے کہ ہم کسی دوسرے انسان کے ان معاملات میں زبردستی مداخلت کرے۔

ہمیں چاہئے کہ دوسروں کی زندگیوں میں غیر ضروری مداخلت کر کے انکو پریشان کرنے کے بجائے ہم اپنی زندگی پر دھیان دیں اور اپنی زندگی کو سنوارنے کی کوشش کریں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم خود بھی خوش رہیں اور دوسرے لوگوں کی زندگیوں میں غیر ضروری مداخلت کر کے انکی زندگی جہنم نہ بنائیں بلکہ اسپیس دے کر ان کو بھی خوش رہنے کا موقع دیں۔

Check Also

Saneha 9 May Ke Shar Pasandon Ko Sazain

By Tayeba Zia