Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Abdul Hannan Raja
  4. Jashan e Fatah Magar Iss Ehad Ke Sath

Jashan e Fatah Magar Iss Ehad Ke Sath

جشن فتح مگر اس عہد کے ساتھ

پاکستان کے ہر دشمن کے لیے مئی تلخ تو محب وطن اور دھرتی کے بیٹوں کے لیے سنہری یادیں لاتا ہے۔ مگر معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی خوشیوں اور جذبوں کو ایران امریکہ جنگ کی آڑ میں پٹرولیم مصنوعات کی من چاہی قیمتیں مقرر کرکے ماند کر دیا گیا۔ مسلح افواج کی عسکری اور ملٹری ڈپلومیسی کی کامیابیوں اور فتوحات کی راہ میں ہمارا کرپٹ نظام روکاوٹ یقین جانیے اگر یہ موقع متحد قوم کو میسر آیا ہوتا تو ملک دفاعی کے ساتھ معاشی کامیابیوں کی طرف گامزن ہوتا۔ مگر یہاں شاہراہ دستور کہ جہاں اس ملک کی تقدیر کے لیے قانون ساز اسمبلی، نظام انصاف کے لیے عدلیہ اور ان سب اداروں کا کسٹوڈین ایوان صدر موجود کے بالمقابل ون کانشٹیٹیوشن ایونیو لوٹ مار، بددیانتی، ناانصافی اور قانون شکنی کی مثال کے طور ان اداروں اور نظام انصاف کا منہ چڑا رہا ہے۔ ایسے میں اقبال کی اسلامی فلاحی ریاست کا خواب کیونکر پورا ہو سکتا ہے اور کرپٹ ماحول میں معرکہ حق، جشن فتح یا جشن آزادی منانا کیونکر زیب دیتا ہے؟ اس سوال کا جواب جمہوریت کے علمبرداروں کو دینا پے۔

غربت اور قرضوں کی گہری ہوتی خلیج پٹرولیم، بجلی، شوگر، سولر و دیگر مافیاز کی موجودگی اور ارب ہا ارب کی منی لانڈرنگ، ہر بار کی طرح کیا ارباب اختیار اب بھی پاکستانیوں کی زندہ لاشوں پر شہیدوں و غازیوں کے جذبوں کا مذاق اڑائیں گے؟ تحریک پاکستان سے لیکر استحکام پاکستان کے لیے ہمارے جوانوں نے لہو اس لیے بہایا تھا؟ جشن فتح کے موقع پر کم از کم احساس ندامت اس عہد کے ساتھ کہ اب سپاہ کی قربانیوں کو لوٹ مار، پروٹوکول اور اشرافیہ کی عیاشیوں کی نظر نہیں ہونے دیں گے وگرنہ ہر جشن آزادی و یوم پاکستان کی طرح روایتی باتیں و نعرے ہی ہوں گے۔

پاکستان کو ترقی و استحکام کی طرف گامزن دیکھنے والوں کے لیے ہمسایہ ملک کے اقدام ہمارے لیے قابل تقلید کہ بدعنوانی کا پھیلا سرطان اسی علاج سے ٹھیک ہوگا۔ خبر کے مطابق 72 سالہ چین کے سابق وزیر دفاع فینگھے اور 68 سالہ لی شانگفو کو کرپشن کے الزام میں سزائے موت سنا دی گئی اور ان کی جائیداد ضبط۔ چینی صدر شی جنگ پنگ کی بدعنوانی کے خلاف مہم کا تازہ اقدام پاکستان کے لیے راہنما اصول کہ اس کے بغیر ملک سے کرپشن کے خاتمہ کا خواب بھی نہیں دیکھا جا سکتا۔ طاقتور حلقوں کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ عسکری طاقت، دفاعی صلاحیت اور بہترین سفارتی تعلقات اس وقت بے معنی اور بے فائدہ ہو جاتے ہیں جب ہر ادارہ کرپشن زدہ اور سیاست صحافت اور بیوروکریسی اس کے پروردہ۔ معرکہ حق کی کامیابیوں پاکستان کے موجودہ عالمی کردار کے ثمرات سمیٹنے، مسلم امہ کی قیادت اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے چینی طرز پر کرپشن کے خلاف جہاد واجب۔

اب آتے ہیں اس کامیابی کی طرف ہمارے جوانوں نے سمیٹ کر ملک کی عزت و وقار کو بام عروج پہ پہنچا دیا۔ اس رات کہ جب دشمن نے ہماری شہری آبادیوں پر حملہ کرکے بزعم خویش اپنی طاقت کی دھاک بٹھانا چاہی اور اپنے تئیں دنیا کی چوتھی بڑی طاقت کہ اس کے بعد مغربی و صیہونی سامراج نے اسے جنوبی ایشیا کے پورے خطہ کی قیادت و چوہدراہٹ سونپنے اور چین کے بڑھتے نفوذ کے سامنے مستقلا بند باندھنے کی سوچ رکھی تھی۔ یقیناََ وہ تین راتیں ہر محب وطن پاکستانی پر بھاری کہ جب ہماری عسکری قیادت دشمن کو منہ توڑ جواب دینے اور عالم اسلام کی عظمت کو بچانے کے لیے سر جوڑے بیٹھی تھی ان حالات میں کہ سپر پاور ہماری سالمیت کی بے حرمتی پر نہ صرف خاموش بلکہ درپردہ فرحاں تو دوسری طرف ایران و سعودی سمیت برادر ممالک پاکستان سے محبت میں بھارت کی جنگی طاقت کے سامنے سرنگوں، بھارتی جارحیت کو بھول جانے اور بھارت سے اچھے تعلقات و بہتر مستقبل کے لیے جوابی کاروائی سے گریز کا مشورہ دے رہے تھے۔ مگر اللہ کے شیر کب جھکنے اور دبنے والے کہ ان کے سامنے کہیں بے سروسامانی میں معرکہ بدر بپا کرنے والے تو کہیں ڈیڑھ لاکھ کے سامنے 30 ہزار سینہ سپر ہونے والے ایسے وقت کہ جب اندر سے بھی طعنوں کا بازار گرم ہماری عسکری قیادت اور اللہ کے شیر اپنے رب کے بھروسہ پر خالد بن ولید کی سنت میں دشمن کو عسکری تاریخ کا انوکھا اور حیرت انگیز جواب دینے کی حکمت عملی پر غور کر رہے تھی۔

سائبر کمانڈ اینڈ کنٹرول کا شعبہ الیکٹرانک وار فائیئر کہ جسے مکمل طور پر ملکی سطح پر ڈیزائن کیا گیا نے نہ صرف بھارتی فضائی نظام کو اندھا و بہرہ کر دیا بلکہ بھارتی گرڈ اسٹیشنز، ویب سائٹس ہیک حتی کہ ٹرینوں کا نظام بھی درہم برہم کرکے شاہینوں کے لیے بھارتی فضا بے خطر بنا دی۔ ہمارے شاہین چن چن کر بھارتی جارحیت اور تکبر کی مشینوں اور جدید ترین آلات ضرب و حرب کو نشانہ بنا رہے تھے تو دوسری طرف سرحدوں پر شیر جوان نعرہ تکبیر کے نعروں اور حیدری للکار سے دشمن کی چوکیوں پر تباہ۔ مکار و عیار دشمن پر ضرب حیدری نے ایسی دہشت طاری کی کہ مورچوں سے بھاگ نکلے تو کہیں سفید جھنڈے لہرا کر امن کے سوالی بنتے نظر آئے۔

مودی سمیت اس کی تمام سپاہ کا غرور مٹی میں مل چکا تھا اور دوست ممالک کی طرف سے ہماری قیادت کو جنگ بندی اور تحمل کی اپیلیں موصول ہونا شروع، چند گھنٹے قبل تک کا تکبر و غرور خاک میں تو دوسری طرف بھارت کے سرپرست و حواری انگشت بدنداں اور حیرت کندان کہ وہ بظاہر مفلوک اور کمزور ریاست سے اس طرح کے جواب کی توقع نہیں کر رہے تھے۔ مگر جب اللہ کی مدد شامل حال ہو تو اسباب بنتے ہیں فرشتے نصرت کو آتے ہیں اور عسکری دنیا میں نئی تاریخ رقم ہوتی ہے کہ جو اب بھارت سمیت اسرائیل، امریکہ اور دیگر ممالک کی جنگی حکمت عملی و نصاب کا حصہ۔ اس پر پوری قوم اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لاتی ہے۔

اب تک کی جنگی تاریخ کی سب سے بڑی ڈاگ فائیٹ کہ جس میں دونوں اطراف سے جنگی جہازوں کا نشانہ لیا جاتا رہا اور ٹارگٹس لاک کیے جاتے رہے، فضائی مہارت کا مظاہرہ ہوتا رہا اور اعصاب جنگ جاری رہی۔ حالانکہ بھارتی جہاز ہر لحاظ سے بہتر ٹیکنالوجی کے حامل اور جدید ترین میزائلوں سے لیس مگر اللہ کی مدد اور ہمارے ہوا بازوں کی مہارت اور جذبہ شہادت کہ انہوں نے بھارت کے 75 جہازوں کے مقابلہ میں 42 جہازوں کے ذریعے انہیں آوٹ کلاس کیا اور 8 صفر سے فتح بھی حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کو پہلی بار ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا، اسرائیلی ٹیکنالوجی کے حامل جدید ترین ڈرونز خوفزدہ کرنے، محدود نقصان پہنچانے اور ہمارے دفاعی نظام کو آشکار کرنے کی بہترین چال تھی مگر دو دن پاکستان نے ان حملوں کو تحمل سے برداشت کیا بلکہ اپنی دفاعی صلاحیت کو دشمن پر عیاں ہونے سے بھی بچایا۔ اس حکمت عملی سے دشمن دھوکہ کھا گیا اور جری ہوا۔ پھر دس مئی کو جو ہوا وہ پوری دنیا کے سامنے۔ یہ دن ہمیں اتحاد، یقین، دیانت و امانت کے ساتھ اس ملک سے وفاداری کی یاد دلاتا ہے کہ عزت و عظمت اور فتح و نصرت اسی سے مشروط۔

پاکستان پائندہ باد!

Check Also

Jang Ki Fatah Mubarak

By Syed Mehdi Bukhari