Thursday, 16 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Aamir Mehmood
  4. Pakeeza Khayal Ki Tarseel

Pakeeza Khayal Ki Tarseel

پاکیزہ خیال کی ترسیل

لاکھوں کروڑوں درود و سلام سرکار ﷺ کی ذاتِ اقدس پر۔

خیال پر بہت کچھ لکھا گیا ہے اور لکھا جاتا رہے گا، انسانی وجود میں خیال کی بہت ہی اہمیت ہے بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ خیال ہی کی اہمیت ہے تو یہ بات غلط نہیں ہوگی، کیونکہ پہلے انسانی وجود میں خیال جاگزیں ہوتا ہے اور پھر اُس خیال کے تحت باقی اعمال سرانجام پاتے ہیں۔

خیال کا پاک رہنا، صالح ہونا بہت ہی ضروری ہے، ایک مسلمان ہونے کے ناطے آپ کو ہمہ وقت یہ فکر ہونی چاہیے کہ آپ کا خیال پاک ہو کیونکہ پاک خیال سے ہی پاک اعمال سر انجام ہو سکتے ہیں، خیال کو صالح اور پاک کرنے کے لیے بہت سی ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں اور عمل ہیں جن کو کہ کرتے رہنا چاہیے مثال کے طور پر آپ ایک تسبیح ہاتھ میں رکھیں کوئی ورد یا وظیفہ کرتے رہیں تو بہت اچھی بات ہے لیکن اگر صرف تسبیح ہاتھ میں پکڑ ہی لیں تو اِس سے بھی خیال صالح ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔

ہمیشہ با وضو رہا کریں اس سے بھی پاک خیال عطا ہو سکتے ہیں، کسی پاک منظر یا نظارے سے بھی پاک خیال کی ترسیل ہو سکتی ہے، جیسے جب آپ حرم شریف کو دیکھتے ہیں تو یہ بات بہت عام ہے کہ آپ کے ذہن میں پاک خیال ہی آئے گا، اگر کسی بزرگ کا مزار دیکھیں یا مزار پہ حاضری دیں جو کہ دیتے رہنا چاہیے تو اِس سے بھی آپ کو پاک اور صالح خیال کی ترسیل ہو سکتی ہے، بلکہ ہوتی ہے۔

کوئی ایسی چیز جو گھر میں پڑی ہے جو کہ آپ کے گزرے ہوئے بزرگوں سے منسوب ہو جیسے کوئی برتن، کوئی کرسی، کوئی تخت پوش، کوئی چار پائی، تو کوشش کیا کریں کہ اس کو اپنی جگہ پر ہی رکھیں وہ آپ کو یہ احساس دلاتی رہے گی کہ کہ ایک دور میں بزرگ یہاں تشریف فرما ہوتے تھے، بیٹھتے تھے اور ہماری رہنمائی فرماتے تھے وہ احساس ایسا احساس ہوگا کہ آپ اِن بزرگوں کی موجودگی اپنے گھر میں محسوس کر سکیں گے، کچھ لوگوں نے تو گھروں میں کمرے محصوص کیے ہوتے ہیں، خاص کر اگر آپ سیالکوٹ جائیں تو ہر دوسرے گھر میں ایک کونہ کمرے کا مخصوص کر دیا جاتا ہے اور لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ یہاں پر بزرگ تشریف فرما ہیں اور وہ وہاں پہ دیا جلاتے ہیں اور جائے نماز رکھتے ہیں۔

اشفاق احمد صاحب اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ آپ کو یہ محسوس کرنا چاہیے اور یہ احساس ہونا چاہیے کہ آپ کے گھر میں کوئی بہت ہی بزرگ ہستی موجود ہیں بلکہ یہ احساس ہمیشہ آپ کے ساتھ رہنا چاہیے کہ اللہ تبارک و تعالی کی ذات اِس گھر میں موجود ہے جو کہ آپ کے ہر عمل کو دیکھ رہی ہے اِس احساس سے ہی آپ کا خیال کنٹرول ہوگا اور وجود میں پاکیزہ خیالات کے اُترنے میں بہت ہی آسانی ہو جائے گی۔

جیسے میں نے عرض کیا ہے خالی چیز کی بہت اہمیت ہے، خالی برتن، خالی کرسی، خالی چارپائی جو کہ آپ کے کسی بزرگ سے منسوب ہو جائے اِس کی گھر میں بہت ہی اہمیت ہے اور اُسے اپنی جگہ پہ رکھنے کا پورا اہتمام کرنا چاہیے، کیونکہ اِس خالی چیز سے آپ کے اچھے دنوں کی یادیں وابستہ ہیں اور یادوں کا فیض بہت ضروری ہے جو کہ آپ کے خیال کو صالح کرنے میں بہت ہی مددگار ہوتا ہے۔

آپ یوں سمجھ لیجئے کہ خیال آپ کے وجود میں ایک بلیک باکس ہے، جیسے کہ ایک جہاز میں بلیک باکس ہوتا ہے جب آپ کا وجود کریش ہوگا تو وہ بلیک باکس ریکور کر لیا جائے گا اور اِس میں موجود خیال سے متعلق تمام ڈیٹا قیامت کے روز پیش ہو جائے گا اور اِسی خیال کے تحت ساری نیکیاں اور بدیاں اللہ تبارک و تعالی کے حضور پیش ہوں گی۔

تنہائی میں خیال بہت ہی اہم ہے، حضرت واصف علی واصفؒ فرماتے ہیں کہ اصل میں مومن وہ ہے جو تنہائی کا مومن ہے تو خیال کو جانچنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ یہ سوچیں کہ کیا یہ خیال میں اپنے ماں باپ کے سامنے پیش کر سکتا ہوں، اپنے بزرگوں کے سامنے پیش کر سکتا ہوں، اگر تو وہ خیال اُن بزرگ ہستیوں کے سامنے پیش ہونے کے قابل ہے پھر تو وہ خیال ٹھیک ہے ورنہ وہ خیال پاک اور صالح نہیں ہے۔

اللہ تعالی ہمیں یہ توفیق عطا فرمائے کہ ہم اپنے خیال کو پاک اور صالح رکھ سکیں۔

Check Also

Garish e Ayyam

By Shahzad Malik