Tuesday, 14 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Aamir Mehmood
  4. Dua Karen Faqeerian Salamat Rahen

Dua Karen Faqeerian Salamat Rahen

دعا کریں فقیریاں سلامت رہیں

لاکھوں کروڑوں درود و سلام آپ سرکار ﷺ کی ذاتِ اقدس پر۔

دنیا ایک امتحان گاہ ہے اور اِس امتحان میں سب سے بڑا امتحان تب شروع ہوتا ہے جب کسی کو فقیری عطا ہونا شروع ہوتی ہے، جب سائیں ہاتھ پکڑ لیتے ہیں، جب درد کے دروازے کھول دیئےجاتے ہیں، غم اپنا راستہ بناتے ہیں۔

ویسے تو فقیری عطا ہے، بڑے نصیب کی بات ہے، ہر کسی کے نصیب میں نہیں، جب محبت وجود پر اترتی ہے اور درد اور تڑپ آپ کی باقیہ زندگی کا زاد راہ ٹھہرتے ہیں تو کوشش یہ کرنی چاہیے کہ اِن کو سنبھالا جائے، اِس عہد کو عہدِ کربلا یونہی نہیں کہا جاتا، اِس عہد نے بہت سے لوگوں کے درد و غم کا سودا کیا ہے، اِک تڑپ اک سچائی اِک لگن ماند پڑ جاتی ہے دنیا کو کرتے کرتے، یہ بہت ہی تکلیف کی بات ہے اور یہ اُس شخص کے لیے تکلیف ہے، اُس شخص کے لیے کرب ہے کہ جس نے یہ منزل دیکھی ہے، اِس منزل پر پہنچا ہے، اِس منزل کا مسافر رہا ہے، اسے تصوف میں محبوب کا روٹھ جانا کہتے ہیں، کیونکہ یہ درد و غم یہ تڑپ، یہ آہیں یہ سسکیاں یہ آنسو محبوب کی عطا ہیں اور اِس عہد میں سب سے بڑا غم یہی ہے کہ کسی کا محبوب روٹھ جائے، محبوب جدا ہو جائے، محبوب منہ پھیر لے، اللہ نہ کرے کسی فقیر کو یہ مقام دیکھنا پڑے کہ اِس سے فقیری چھن جائے، محبوب کا خیال ماند پڑ جائے، دنیا کو کرتے کرتے کہیں خود کو ہی نہ کھو دے۔

اِس دنیا میں زندگی بسر کرتے ہوئے آپ کو لامحالہ دنیا کے پینترے کسی نہ کسی حد تک استعمال کرنے پڑ سکتے ہیں، آپ اِس تکلیف کا اندازہ کیجئے کہ جس شخص کو یہ پتہ ہے کہ میرا اس سے نقصان ہو رہا ہے لیکن پھر بھی ظاہری رزق کمانے کے لیے اُس کو اِس دلدل میں اترنا پڑتا ہے، اس کرب و تکلیف کا اندازہ صرف وہی شخص لگا سکتا ہے جس کی کہ تڑپ، چاہت آرزو ماند ہونا شروع ہو جاتی ہے، اسی لیے کہتے ہیں کہ یہ عہدِ کربلا بہت سے فقیروں کی فقیریاں کھا گیا ہے۔

دنیا سے محبت بھی نہیں کرنی اور دنیا میں رہنا بھی ہے یہ بڑی اذیت ہے، سب سے پہلے مخالفت آپ کے گھر سے شروع ہوتی ہے، آپ کے بیوی بچے خلاف ہونا شروع ہو جاتے ہیں کیونکہ اِس میدان میں اترتے ہوئے سب سے پہلا مرحلہ یہ آتا ہے کہ رزق کم ہونا شروع ہو جاتا ہے کیونکہ دولت سے محبت رہتی نہیں، تو پھر دنیا کمانے کی کوشش میں بھی فرق پڑ جاتا ہے۔

یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اُسی طرح دولت کمانے کی دھن میں رہیں اور دوسری طرف خیال بھی پورا ہو، محبت اور دنیا دو مختلف چیزیں ہیں دنیا کی رغبت و محبت رکھنے والا محبت میں داخل نہیں ہو سکتا اور جو محبت میں داخل ہو چکا ہوتا ہے اُس سے دنیا چھڑوا لی جاتی ہے، وہ بہت ہی بڑے اور خوش نصیب لوگ ہوتے ہیں جو کہ دنیا کو ترک کر دیتے ہیں اور محبت کو اپنا لیتے ہیں حقیقتوں کے مسافر ہو جاتے ہیں، مسلسل بے چینی کرب ایک درد وجود میں در آتا ہے کیونکہ وہ اِس بہار سے باہر نکل رہے ہوتے ہیں جو کہ وہ دیکھ چکے ہوتے ہیں، اس سے نکلنا اور دنیا کی طرف سفر کرنا بہت مشکل ہے۔

میری گزارش ہے کہ دعا کیجئے اُن لوگوں کے لیے کہ اُن کی فقیریاں سلامت رہیں، درد سلامت رہیں، غم سلامت رہیں، تڑپ سلامت رہے، اُن کا محبوب کبھی بھی ناراض نہ ہو، منہ نہ موڑے، کیونکہ اِس تکلیف، اس کرب کا اندازہ وہی کر سکتا ہے جو محب ہو جس کو محبوب کا خیال عطا ہو چکا ہو۔

اللہ پاک آپ کو آسانیاں عطا فرمائے اور آسانیاں تقسیم کرنے کا شرف عطا فرمائے۔

Check Also

Jab Baheera e Rome Ain Band Jheel Banne Se Baal Baal Bacha

By Wusat Ullah Khan