Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Tum Roothe, Hum Choote

Tum Roothe, Hum Choote

تم روٹھے، ہم چھوٹے

میرے پرانے مہربان عمار کاظمی صاحب جو پیپلز پارٹی سے تعلق/ہمدردی رکھتے ہیں نے میرے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی صاحب سے کل رات کے شو میں پوچھے گئے سخت سوالات پر تبصرہ کیا کہ ایسے سخت سوالات مریم نواز یا شہباز شریف سے کرنے کی جرات نہیں رکھتے۔ یہ سوالات صرف پیپلز پارٹی کے وزیراعلی سے ہوسکتا ہے۔

اچھا تو نہیں لگتا کہ اپنی واہ واہ بلے بلے کی جائے لیکن بعض دفعہ ریکارڈ کے لیے بتانا چاہیے۔

عمران خان وزیراعظم بنے تو سب صحافیوں کو بلایا۔ میرے ساتھ برسوں کی دعا سلام تھی۔ میرے ایک سوال پر فوراََ بھڑک گئے تھے جب وہ ڈی پی او پاک پتن رضوان گوندل کے معاملے پر خاور مانیکا کا ساتھ دے رہے تھے کہ پولیس نے مانیکا کو ناکے پر روکنے کی جرات کیوں کی۔ میرے اس ایشو پر سخت سوال پر مجھے بین کر دیا گیا تھا۔ چھ ماہ بعد خان نے پھر بلایا اور میں نے پھر ایک سوال کیا تو پھر بھڑک گئے اور بین ہوا۔ نہ میں نے سوال کرنا چھوڑا نہ خان صاحب نے مجھے بین کرنا چھوڑا۔

شہباز شریف 2022 اپریل میں عمران خان کو ہٹا کر وزیراعظم بنے تو تیس چالیس صحافیوں کو بلایا۔ سوال و جواب شروع ہوئے تو مریم اورنگزیب صاحبہ نے میرے ہاتھ کھڑے کرنے پر کہا جی پوچھیں۔

میں نے پوچھا شہباز صاحب آپ اس وقت ایف آئی اے کے سولہ ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کے ملزم اور ضمانت پر ہیں۔ کیا ایک منی لانڈرنگ ملزم کو پاکستان کا وزیراعظم ہونا چاہئے؟

دوسرا۔۔ آپ وزیراعظم اور بیٹا حمزہ پنجاب میں وزیراعلی اور وہ بھی آپ کی طرح ملزم۔ کیا شریف فیملی میں آپ باپ بیٹے کے علاوہ اور کوئی کلین اور قابل سیاستدان نہیں ہے؟

تیسرا سوال۔۔ آپ نے توشہ خانے کے تحائف اس لیے اوپن نہیں کر رہے کہ نواز شریف کے تحائف کا قوم کو پتہ چل جائے گا؟

چوتھا سوال۔۔ آپ نے وزیراعظم بنتے ہی رائے ونڈ اور لاہور گھروں کو کیمپ آفس بنا دیا تاکہ کچن کا خرچہ سرکار دے؟

شہباز شریف نے بغیر ناراض ہوئے میرے سوالات سنے اور ان کے تحمل سے جوابات دیے۔ میرے ان سوالات کے گواہ چالیس صحافی اور اینکرز ہیں۔ یہ الگ بات ہے عمران خان کی طرح شہباز شریف نے بھی مجھے بین کر دیا۔

تم روٹھے ہم چھوٹے۔

میں یہ سمجھتا ہوں سوال پوچھنا میرا کام ہے مجھے بین کرنا ان لیڈروں کا۔ بغیر بدتمیزی کیے سوالات پوچھے جاسکتے ہیں اور میں جہاں موقع ملے پوچھتا رہتا ہوں چاہے ٹی وی سکرین ہو یا آمنے سامنے۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan