Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Pathano Wali Feelings

Pathano Wali Feelings

پٹھانوں والی فیلنگز

چند دن پہلے جناح مارکیٹ میں ویسے ہی کتابوں کی ایک دکان پر رکا تو وہاں کچھ پرانی کتابوں کے نئے ایڈیشنز مجھے نظر آئے خصوصاََ جوش صاحب کی یادوں کی برات کا مشہور زمانہ کتابت والا ایڈیشن۔ قیمت دیکھی۔ پندرہ سو روپے تھی۔

یہ نوجوان وہاں سیلز پرسن ہے اور وہ مجھے مزید کتابیں دکھانے لگا کہ یہ بھی اچھی ہے فلاں بھی اچھی ہے۔

میں نے کہا نوجوان کچھ قیمت کم کرا دو گے؟ بولا پہلے ہی کم قیمت رکھی ہوئی ہے۔ بہرحال چیک کرتا ہوں۔

وہ دکان کے اندر گیا تو مالک نے انکار کر دیا۔

اترے ہوئے چہرے کے ساتھ واپس آکر مجھے کہا رعایت نہیں ہوگی۔

خیر میں نے کتاب اٹھائی۔ اندر گیا۔ وہاں بیٹھے مالک کو کہا سر جی گاہک کی حجت ہوتی ہے۔ سو پچاس روپے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کم از کم بندہ اپنے سیلز پرسن کی سفارش پر ہی کم کر دیتا ہے۔ میں یہی چیک کرنا چاہ رہا تھا کہ آپ لوگ اپنے سیلز پرسن کو کتنی اہمیت دیتے ہو۔ اسے بھی کچھ اونر شپ کا احساس دیا ہے کہ نہیں وہ چاہے تو گاہک کو پچاس سو روپے کم کرسکتا ہے۔ اسے بھی لگے گا یہ دکان میری ہے۔ اس کا اعتماد بڑھے گا کہ میں جسے چاہوں رعایت کرسکتا ہوں۔ میں اگر آپ کی جگہ دکان کا مالک ہوتا تو ضرور اسے پاورز دیتا اور یہ زیادہ محنت کرتا اور آپ کا بزنس بڑھاتا۔

میری تقریر کا بھی کچھ اثر نہ ہوا۔

خیر جب میں جوش صاحب کی برات لے کر دکان سے باہر نکلاتو اس نوجوان نے مجھے اچانک پوچھ لیا آپ پٹھان ہیں؟

میں کچھ چونکا ہوا کہ اسے یہ کیوں لگا؟

میں نے کہا آپ پٹھان ہیں؟ بولا جی میں کالام/سوات سے ہوں۔

میں نے پوچھا آپ کا نام کیا ہے۔

بولا عامر سہیل۔

میں ہنس پڑا اور کہا آپ کا تو نام بھی پٹھانوں والا نہیں ہے۔

وہ شرما سا گیا۔

خیر جوش صاحب کی کتاب کی قیمت کے برابر اسے ٹپ دی۔

جاتے وقت اس نوجوان سے پوچھا آپ کو ایسا کیوں لگا میں پٹھان ہوں۔۔

کہنے لگا پتہ نہیں بس یوں ہی لگا۔۔ مجھے آپ سے پٹھانوں والی فیلنگز آئیں۔

میں نے قہقہ مارا اور کہا تمہارا مطلب پٹھانوں والی کیفیت جس طرح میں نے دکان مالک کو جا کر بھاشن دیا۔

میں نے کہا چل اب میرے پیارے پھر ہوجائے ایک پٹھان کے ساتھ کلک۔۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali