Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Online Fraud Ka Naya Tareeqa

Online Fraud Ka Naya Tareeqa

آن لائن فراڈ کا نیا طریقہ

جام اسلم بڑے پیارے اور قابل بندے ہیں۔ سرکاری افسر ہیں۔ آج کل وہ عمرہ پر سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔ اب وہ سعودی عرب سے بار بار اپنا عمرہ بھول کر فیس بک پر اسٹیس لگا رہے ہیں کہ کسی نے ان کے نام کا جعلی اکاونٹ بنا کر اب ان کے دوستوں سے پیسے مانگ رہا ہے۔

اس میں قصور اس بندے یا بندی کا نہیں ہے جس نے وہ جعلی اکاونٹ بنایا۔ قصور جام صاحب کا اپنا ہے۔ جب آپ ائرپورٹ پر اپنی احرام کے ساتھ سیلفی لے کر عمرہ پر جانے کی خوشخبری اپنے فیس بک دوستوں کو دیں گے تو سمجھ لیں جو آپ کو مبارکباد دے رہے ہیں وہ چند دنوں بعد آپ کے نام سے لٹنے والے ہیں۔

ہوتا یوں ہے یہ سب فراڈیے فیس بک پر شکار ڈھونڈتے رہتے ہیں۔ یہ سکرول کرتے رہتے ہیں کہ کون کون بندہ ملک یا شہر سے باہر جارہا ہے اور اسٹیٹس شئیر کررہا ہے۔ وہ فوراََ اس کی تصویریں اس کے اکاونٹ سے سکرین شاٹ اور باقی تفصیلات لے کر اس نام سے اس تصویر کا نیا میسنجر اور اکاونٹ بنا کر ان تمام دوستوں کو میسج کرنا شروع کر دیتے ہیں کہ مجھے بڑی مشکل پیش آگئی ہے۔ پیسوں کی ضرورت ہے۔ تفصیلات بعد میں دوں گا اور فلاں نمبر پر ایزی پیسہ کر دیں۔

اکثر دوستوں کے ذہن میں ہوتا ہے کہ ان کا دوست تو واقعی سعودی عرب گیا ہوا ہے یا ملک سے باہرہے اور چند دن پہلے ہی مبارکباد دی تھی لہذا اس کا دماغ فراڈ کی طرف نہیں جاتا اور وہ فوراََ پیسے بھیج دیتے ہیں کہ بندہ مشکل میں پھنس گیا ہے۔

اگر کوئی ایک آدھ سیانا بھی نکل آئے کہ کال کرو تو وہ فراڈیا کہتا ہے میں بہت مشکل میں ہوں کال نہیں ہوسکتی۔ شاید ہی کوئی پورا سیانا ہو جو اس دوست کو خود کال کرے گا اور پوچھے گا۔ میں کئی لوگوں کو جانتا ہوں جو اس طرح لٹے ہیں۔

جام صاحب اگر ائرپورٹ سے عمرے کی مبارکبادیں وصول کرنا شروع نہ کرتے تو یہ جعلی اکاونٹ نہ بنتا۔ جو جو بھی فیس بک پر اپنے بیرون ملک ٹریول کی تفصیلات یا سیلفی یا ٹکٹ شئیر کرے گا ان میں سے تسلی رکھیں سو فیصد نہیں تو 95 فیصد کے جعلی اکاونٹ بنا کر ان کے فیس بک دوستوں سے پیسے مانگے جائیں گے اور اگر ایک سو میں سے دو تین بکرے یا بیوقوف مل گئے تو ان کا کام ہوگیا۔

اس لیے کہا جاتا ہے اپنے بارے میں کم معلومات فیس بک پر شئیر کیا کریں خصوصا سفر کی۔ اگر بہت مجبوری ہے کہ نہیں قوم کو بتانا ضروری ہے تو پھر فیس بک پر یہ بھی اسٹیٹس لگایا کریں کہ میں باہر جارہا ہوں اور میرا جعلی اکاونٹ بن کر میرے نام پر پیسے مانگے تو نہیں بھیجنے۔ اگر کسی سے ضرورت ہوئی تو خود کال کروں گا، پھر شاید بچت ہو۔

ویسے امکان کم ہے کہ چند ایک بیوقوف یا دوستوں کے خیرخواہ پھر بھی پھنس جاتے ہیں کہ یار مشکل میں آگیا ہے۔ دوستی کا امتحان ہے۔ لہذا وہ پیسے بھیجتے ہیں۔

بہرحال جام صاحب آپ کے عمرے کے اسٹیٹس کی وجہ سے آپ کے دوست لٹے گئے ہیں۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali