Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. Notes Lene Ki Aadat

Notes Lene Ki Aadat

نوٹس لینے کی عادت

جب صحافت جوائن کی تھی تو اس وقت کا کلچر ہی یہی تھا کہ آپ نے نوٹس لینے ہیں۔ 1993 میں انٹرشپ سے صحافت شروع کی تھی اور اس دوران فرینٹر پوسٹ، ڈان، دی نیوز، ٹریبون ایکسپریس میں برسوں کام کیا پھر ٹی وی جنرلزم کو نکل گئے لیکن ہاتھ سے نوٹس لینے کی عادت ختم نہ ہوئی۔

اب لیپ ٹاپ، موبائل فونز پر نوٹس لینے کا رواج عام ہے لیکن قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہو یا قومی اسمبلی یا سینٹ میں گھنٹوں تک ہاتھ سے نوٹس لیتا رہتا ہوں۔ نعیم بھائی نے مجھے یونیورسٹی دور میں یہ عادت ڈالی تھی جب ماسٹرز کررہا تھا کہ ہاتھ سے لیکچر کے نوٹس لینے ہیں یا کتاب پڑھتے ہوئے بھی نوٹس لیتے رہیں۔ ہاتھوں اور انگلیوں کو دیر تک لکھنے کا عادی کریں اور وہی عادت آج برسوں بعد بھی میرے کام آتی ہے۔

ویسے یہ نوٹس آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے ہیں۔ پہلے وقفہ سوالات ہوا، پھر اجلاس کی کاروائی، ارکان کی ایک دوسرے سے زبانی لڑائی پھر بیرسٹر گوہر کی دل کو گرمانے والی تقریر کہ پاکستان کی مائیں اپنے بچوں سے زیادہ عمران خان سے محبت کرتی ہیں اور اپنی بچوں سے زیادہ عمران خان اور بشری بیگم کو دعائیں دیتی ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے جمشید دستی کوجوش خطابت میں عمران خان کا ٹائیگر قرار دے کر پورا شو ہی چرا لیا۔

تقریر بہرحال انہوں نے اچھی کی۔

پھر پی پی پی کے آغا رفیع اللہ اور ایم کیو ایم کے اظہارالحسن کی زبانی لڑائی، پھر خوفناک انکشاف کہ اسلام آباد میں جو زیرزمین واٹر لیول 1960 میں دس فٹ تھا وہ آج سو فٹ سے بھی زیادہ ہے اور اب کراچی کی طرح یہاں بھی ٹینکر سپلائی شروع ہے اگرچہ مافیا کا لفظ ابھی بھی کراچی کے ٹینکر ساتھ لکھا یا بولا جاتا ہے۔ ہور چوپو تے بنائو نئی ہاوسنگ سوسائٹیز اور نئے بلیو ایریاز میں پلازے اور بڑی بڑی عمارتیں۔

پھر خیبرپختونخواہ میں درختوں کی بربادی کی بات اگر کم صدمہ خیز تھی تو طاہرہ اورنگزیب نے انکشاف کیا پاکستانی بیوروکریسی نے گاڑی یا گاڑی کے برابر پیسے میں سے ایک چیز لینی تھی لیکن وہ دونوں لے رہے ہیں اور چار ارب روپے خرچ ہورہا ہے۔۔

میرا خیال ہے آج کے لیے اتنا ہی کافی ہے۔ اتنا ہضم کر لیں تو بڑی بات ہے۔

باقی آپ کی قسمت اگر آپ میرے نوٹس پڑھ سکیں لیکن میں اپنے نوٹس پڑھ سکتا ہوں۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan