Saturday, 13 December 2025
  1.  Home
  2. Rauf Klasra
  3. NAB Aur Corruption Walk

NAB Aur Corruption Walk

نیب اور کرپشن واک

دو دن پہلے نیب نے سپورٹس کمپلیکس میں ایک کرپشن واک کا اہمتام کیا ہوا تھا جہاں کچھ اہم سیاسی ہستیاں بھی موجود تھیں۔ کچھ ایسے بھی تھے جو کرپشن پر گرفتار بھی رہے۔ میں بھی زندگی میں پہلی بار کسی واک ٹائپ تقریب میں شریک ہوا کیونکہ نیب کے جس افسر نے مجھے کہا تھا آپ نے آنا ہے انہیں انکار کی جرات نہ تھی (وجہ کوئی نیب کیس نہیں تھا)۔

بلکہ فالو آپ کے طور پر نیب دفتر سے ایک خاتون اسٹنٹ ڈائریکٹر کا فون آیا۔ میرا نام پوچھا۔ بتایا تو پوچھا آپ کیسے ہیں؟ مجھے ملتانی دوست جمشید رضوانی کا ڈائیلاگ یاد آیا جب اسے فون کروں اور پوچھوں ہاں مولانا کیا حال ہیں تو آگے سے جواب دے گا تمہارے فون سے پہلے تک تو ٹھیک تھا۔۔

یہی جواب میں نے اس خاتون افسر کو دیا کہ آپ کے فون سے پہلے تک تو ٹھیک تھا۔ اب دیکھتے ہیں۔ وہ ہنس پڑیں۔ خیر بات مذاق میں ٹل گئی۔ انہوں نے کہا مجھے کہا گیا تھا کہ آپ کو یاد دہانی کرانی تھی۔

میں نے کہا اب اتنا بھی بیوقوف نہیں کہ پہلے نیب کے ایک بڑے افسر اور اب اسٹنٹ ڈائریکٹر کی "یاد دہانی" کے بعد بھی میں جرات کروں کہ واک میں شریک نہ ہوں۔

خیر یہ ایونٹ واقعی زبردست تھا اور وہاں چیرمین نیب اور ڈی جی نیب وقار چوہان نے اعداد و شمار کے ساتھ بہت اچھی تقریریں کیں اور نیب کی کارگردگی پیش کی اور بہت سارا ڈیٹا شئیر کیا۔ صحافیوں کی بھی خاصی تعداد تھی۔

وہیں نیب چیرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) نذیر احمد سے بھی ملاقات ہوئی۔ مجھے بتانے لگے آپ کے علاقے لیہ مظفرگڑھ بھکر ڈیرہ سائیڈ پر تو لاکھوں سرکاری زمینوں پر بڑے بڑے اور طاقتور لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے جو ہم واپس لے رہے ہیں۔ (ہمارے دوست زاہد گشکوری یہ خبر بریک کرچکے ہیں)۔

ان سے لمبی بات چیت ہوئی۔ میرے ایک پروگرام کا ذکر کیا کہ فلاں ایشو پر جو بات ہوئی تھی وہ بہت اہم تھی۔ کچھ خوشگوار حیرت ہوئی کہ نیب چیرمین بھی میرے شوز کے کلپس دیکھتے ہیں۔ مجھے تو وہ بھلے انسان لگے۔ سادہ مزاج، انکساری اور تہذیب یافتہ انسان لیکن جس کام میں ہیں وہاں دوست کم اور دشمن زیادہ بنتے ہیں یا پھر لمبے پیسے بنتے ہیں جیسے ان سے پہلے تین ایسے چیرمین نیب بھی مشرف دور میں گزرے ہیں جنہوں نے لاہور کے ایک بڑے کاروباری کو پکڑا۔ نیب جیل میں ڈالا اور اس کاروباری نے ان تینوں کو اپنے بزنس میں کوٹا دے کر کاروباری پارٹنر بنا لیا۔

خیر اسٹیج پر ایک ایم این اے بھی موجود تھا جس کے خلاف میں نے ہی 2011 میں چار ارب کا رئیل اسٹیٹ سکینڈل فائل کیا تھا۔ وہ گرفتار ہوا اور ایف ائی اے کے زریعے ریکوری ہوئی تھی۔ انہیں بھی کرپشن واک میں بلایا گیا تھا۔

کل شام میرے دوست پروفیسر طاہر ملک کا میسج آیا اور دیکھو یار نیب نے کرپشن پر واک کرائی اور اس ایم این اے کو بلا کر اسٹیج پر بٹھا دیا جس پر آپ نے ہی سکینڈل فائل کیا تھا۔

ان کا خیال تھا مجھے اس پر سخت کالم یا پروگرام میں بات کرنی چاہیے۔

میں نے کہا ملک صاحب مجھے بتائیں واک کرپشن کے خلاف تھی تو کرپٹ کو ہی بلا کر انہیں بتایا جائے گا کہ جناب اے کم چھڈ دیو یہ برا کام ہے۔ جو کرپشن نہیں کرتا اس کو کیوں بلایا کر اسٹیج پر بٹھائیں؟

آپ کو تو نیب کو appreciate کرنا چاہیے کہ انہوں نے باقاعدہ ریسرچ کرکے ٹھیک بندے چن کر اسٹیج پر بٹھائے اور کرپشن کے خلاف دھواں دھار تقریریں کیں۔۔ نیب نے تو وہی کام کیا Right man for right job.

پروفیسر صاحب کی مہربانی میری لاجک سے اتفاق کرگئے۔

About Rauf Klasra

Rauf Klasra is a Pakistani journalist and Urdu language columnist. He files stories for both the paper and television whereas his column appears in Urdu weekly Akhbr-e-Jahaan and Dunya newspaper. Rauf was earlier working with The News, International where he filed many investigative stories which made headlines.

Check Also

Dilution Refrigerators, Science Ki Sab Se Sard Dunya

By Asif Masood